آؤ بچو حدیث رسول سنتے ہیں
مسواک کے فوائد و برکات
*مولانا محمد جاوید عطّاری مدنی
ماہنامہ فیضانِ مدینہ دسمبر 2024
اللہ پاک کے آخری نبی حضرت محمد عربی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نےفرمایا: تَسَوَّكُوا یعنی مسواک کولازم کر لو۔(ابن ماجہ،1/186، حدیث: 289)
پیارے بچو! ہمارے پیارے دینِ اسلام میں صفائی ستھرائی کو بہت زیادہ اہمیت حاصل ہے یہاں تک کہ ایک حدیث میں صفائی کو نصف ایمان فرمایا گیا ہے۔(مسلم،ص 115،حدیث:534) ہمارا پیارا دین نظافت و ستھرائی کے ہر پہلو پر بھی ہماری تربیت کرتا ہے، اسی طرح منہ کی صفائی کے لئے ہمارے پیارے نبی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے اپنے قول و فعل سے مسواک کرنے کا حکم دیا۔
صفائی و ستھرائی کے علاوہ بھی مسواک کے بہت سے فائدے ہیں، مسواک اللہ و رسول کی رضا اور خوشنودی کا سبب ہے، وضو سے پہلے مسواک کرنا سنت ہے، وضو سے پہلے مسواک کرنے سے نمازوں کا ثواب بڑھ جاتا ہے،مسواک سے حافظہ مضبوط ہوتا ہے، مسواک منہ اور دانتوں کی صفائی کا ذریعہ ہے، مسواک معدے اور پیٹ کی کئی بیماریوں کے لئے شفا ہے، مسواک ہمارے پیارے نبی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی مبارک سنت ہے۔
پیارے بچّو! آپ بھی اس سنت پرعمل کیجئےاور مسواک کرنے کا معمول بنا لیجئے۔ بالخصوص صبح اٹھنے کے بعد اور رات سونے سے پہلے اور وضو سے پہلے مسواک کیجئے، سنت پر عمل کا ثواب ملنے کے ساتھ ساتھ منہ اور دانتوں کی صفائی بھی ہوجاتی ہے اور یوں بہت سی بیماریوں سے حفاظت بھی ملتی ہے۔
اللہ پاک ہمیں پیارے نبی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی مبارک سنتوں پر عمل کی توفیق عطا فرمائے۔ اٰمِیْن بِجَاہِ النّبیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
* فارغ التحصیل جامعۃ المدینہ شعبہ ماہنامہ فیضانِ مدینہ کراچی
Comments