آؤ بچّو! حدیث رسول سنتے ہیں

وہ تیری جنّت ہیں

*   محمد جاوید عطاری مدنی

ماہنامہ جمادی الاولیٰ 1442

ہمارے پیارے نبی حضرت محمدمصطفےٰ  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  نے فرمایا : ھُمَا جَنّتُکَ وَنَارُکَ یعنی ماں باپ تیری جنّت اور دوزخ ہیں۔ (ابن ماجہ ، 4 / 186 ، حدیث : 3662)

پیارے بچّو! والدین ہمارے لئے بہت بڑی نعمت ہیں ، ان کا مقام ومرتبہ بہت زیادہ ہے ، وہ ہماری زندگی کی ضروریات (مثلاًکھانے پینے ، پہننے ، اوڑھنے اور اسکول کی ضروری چیزوں وغیرہ) کو پورا کرتے ہیں اور ہمیں ہر طرح کی مشکل و پریشانی  سے بچانے کی کوشش بھی کرتے ہیں۔

اچھّے بچّو! جو بچّہ امّی ابّو کی عزت کرتا ، ان کی ہر جائز بات مانتا اور ان کی نافرمانی سے بچتا ہے تو اللہ پاک اس سے خوش ہوتا اور اسے جنّت عطا فرماتا ہے۔ وہ دنیا و آخرت میں کامیاب ہوتا ہے۔ اور جو شخص امّی ابو کی نافرمانی کرتا ، ان کا دل دُکھاتا اور ان کی بات نہیں مانتا تو اللہ پاک اس سے ناراض ہوتا ہے۔

ایک دفعہ کا ذِکْر ہے کہ کسی شخص کو اُس کی ماں نے آواز دی لیکن اُس نے جواب نہ دیا اِس پر اُس کی ماں نے اسے بددُعا دی تو وہ گونگا (Dumb)ہوگیا۔ (بر الوالدین للطرطوشی ، ص79)

اللہ پاک ہمیں ماں باپ کی نافرمانی سے بچنے اور ان کی فرماں برداری کرتے رہنے کی توفیق عطا فرمائے۔

اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ*   ماہنامہ  فیضانِ مدینہ ، کراچی

 


Share

Articles

Comments


Security Code