خوابوں کی تعبیریں

خوابوں کی تعبیریں

قارئین کی طرف سے موصول ہونے والے چند منتخب خوابوں  کی تعبیریں

*مولانا محمد اسد عطّاری مدنی

ماہنامہ فیضانِ مدینہ مارچ 2023

خواب : میں نے خواب میں دیکھا کہ سب گھر والے ایک نئی جگہ پر ہیں ، وہاں بہت سارے سبز طوطے ہیں اور ہم بآسانی انہیں پکڑ پکڑ کر پنجرے میں ڈالتے ہیں ، اس کی کیا تعبیر ہوگی۔

تعبیر : اچھا خواب ہے گھر میں خیرو برکت اور آسائشوں میں کثرت کی دلیل ہے۔

خواب : مجھے حقیقت میں بلندی سے ڈر لگتا ہے اور میں نے بارہا خواب میں بھی خود کو بلندی سے گرتے ہوئے دیکھا ہے ، تو اس کی کیا تعبیر ہوگی ؟

تعبیر : حالات کے تبدیل ہونے کی علامت ہے ، اگر کسی آزمائش میں مبتلا تھے تو اللہ پاک آسانی عطا فرمائے گا۔

خواب : خواب میں مسلسل گھر کے کسی فرد کو روتے ہوئے دیکھنا کیسا ہے ؟

تعبیر : رونا پریشانی اور غم کی علامت ہے۔

خواب : میں خواب میں سب کیلئے دُعا مانگ رہا ہوں اور میرے ساتھ دُعا میں جتنے لوگ کھڑے ہیں سب آمین کہہ رہے ہیں۔ برائے کرم ! اس کی تعبیر بتادیجئے۔

تعبیر : اچھا خواب ہے۔ دعا عبادت کا مغز ہے۔ خواب دیکھنے والے کو نیکی پر توفیق نصیب ہوگی۔

خواب : میں نے خواب میں اپنی بہن کو دال چاول پکاتے اور کھاتے دیکھا ہے۔ اس کی کیا تعبیر ہوگی ؟

جواب : اس کی کوئی تعبیر نہیں عمومی حالات سے متعلق خواب ہے ، روز مرہ ہم ایسے کام کرتے رہتے ہیں۔

خواب : اَلحمدُ لِلّٰہ میرے والدین حیات ہیں ، اللہ پاک انہیں صحت و عافیت اور نیکیوں بھری لمبی عمر عطا فرمائے ، اٰمین۔ میں نے خواب دیکھا کہ میرے والدین انتقال کر گئے ، براہِ کرم ! اس کی تعبیر بتادیجئے۔

تعبیر : اس خواب کی وجہ سے پریشان نہ ہوں والدین کی لمبی عمر کیلئے  دعا کریں۔ اس طرح کے خواب کی تعبیر موت ہونا ضروری نہیں۔

خواب : اگر کوئی خواب میں اپنے دانتوں کو ٹوٹتا ہوا دیکھے تو اس کی کیا تعبیر ہوگی ؟

تعبیر : اچھا خواب ہے ، خواب دیکھنے والے کی لمبی عمر کی علامت ہے۔ ہم میں سے ہر شخص لمبی عمر چاہتا ہے لیکن نیکیوں بھری لمبی عمر کی تمنا کرنی چاہئے ۔

خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میری آنکھوں سے خون نکل رہا تھا اور مجھے خون کی الٹی ہورہی تھی۔

تعبیر : اچھا نہیں ہے اللہ پاک کی بارگاہ میں عافیت کے لئے دعا کریں اور کچھ صدقہ بھی کریں کیونکہ صدقہ آفتوں  اور مصیبتوں کو دور کرتا ہے۔

خواب : میں اکثر خواب میں اپنے آپ کو ہَوا میں اُڑتے ہوئے دیکھتا ہوں ، اس کی کیا تعبیر ہوگی بتادیجئے۔

تعبیر : ہَوا میں اُڑنا اگر درست طور پر ہو تو تعبیر کے اعتبار سے اچھا ہوتا ہے۔ حالات کے بدلنے کی دلیل ہے ، پریشان شخص کے لئے آسائش اور دشواری میں مبتلا کے لئے نجات کی دلیل ہے۔

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

* نگران مجلس مدنی چینل


Share

Articles

Comments


Security Code