خوابوں کی تعبیریں

خوابوں کی تعبیریں

*مولانا محمد اسد عطّاری مدنی

ماہنامہ فیضانِ مدینہ فروری2024 ء

خواب:میں نے خواب کے اندر آسمان میں مدینہ دیکھا ہے۔

تعبیر: اچھا خواب ہے، مدینے سے محبت کی علامت ہے۔

خواب:میرا یہ خواب ہے کہ  میں ایک گاڑی پر جارہا ہوں، گاڑی جانور بن جاتی ہے جیسے جادو ہو،میں ورد کرنا شروع کر دیتا ہوں تو اس جانورسے بچ جاتا ہوں۔

جواب:خواب بے ربط سا ہے، اس کی وجہ سے پریشان نہ ہوں۔ البتہ اپنی روز مرہ زندگی میں کچھ وظائف کو شامل رکھنا ضرور مفید ہے۔ اگر کسی جامع شرائط پیر صاحب کے مرید ہیں تو ان کے بتائے ہوئے کچھ نہ کچھ اوراد و وظائف پڑھتے رہیں اِن شآءَ اللہ اس کی برکتیں نصیب ہوں گی۔

خواب:میں نے خواب میں اپنی ساس کو سفید لباس میں ملبوس دیکھا اور دیکھا کہ ان کا انتقال ہو چکا ہے اور ہم سب رونے لگے اسی وقت میرے شوہر نے انہیں ہلایا تو دیکھا کہ وہ زندہ ہیں۔

اور دوسرا خواب میری ماں نے چند روز قبل دیکھا کہ گھر میں دو جنازے رکھے ہوئے ہیں اور دونوں پر کالا کپڑا ہے اور اِرد گرد کافی گندگی ہے۔ براہِ کرم مجھے ان دونوں خوابوں کی تعبیر بتادیں آپ کی نوازش ہوگی۔

جواب ان خوابوں کی کوئی تعبیر نہیں، پریشان  نہ ہوں اگر آپ کی ساس زندہ ہیں تو ان کے لئے درازیِ عمر بالخیر کی دعا کریں۔

خواب: میں نے خواب میں دیکھا کہ میرے چہرے پر کالے داغ ہیں، براہِ کرم اس کی تعبیر ارشاد فرمادیں۔شکریہ!

تعبیر:چہرے پر داغ ہونا مالی معاملات میں خرابی کی علامت ہے۔ خواب دیکھنے والے کو چاہئے کہ اس حوالے سے اپنے معاملات پر غور کرے، اگر کہیں پر کوتاہی پائے تو اسے دور کرے۔ اور اگر کوئی گناہ کا کام معلوم ہو تو اللہ کی بارگاہ میں توبہ بھی کرے۔

خواب: میرے والد کو کئی مرتبہ یہی خواب آتا ہے کہ ان کے جوتے گم ہوجاتے ہیں یا ان کو راستہ نہیں ملتا اور راستہ ملتا ہے تو قبرستان سے۔ اور انہیں اکثر جس راستے سے گزرنا ہوتا ہے وہ قبرستان ہوتا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ اس طرح کا خواب مجھے کئی مرتبہ آچکا ہے۔ براہِ کرم خواب کی تعبیر ارشاد فرمائیں۔

جواب خیالات منتشر ہونے کی وجہ سے ایسے خواب نظر آتے رہتے ہیں، پریشان نہ ہوں! اللہ کی بارگاہ میں عافیت کی دعا کریں۔

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

* نگرانِ مجلس مدنی چینل


Share

Articles

Comments


Security Code