
مدنی مذاکرے کے سوال جواب
ماہنامہ فیضانِ مدینہ اپریل 2025
(1)”تو کُجا مَن کُجا“ کا مطلب
سُوال: ”تو کُجا من کُجا“کا کیا مطلب ہے؟
جواب:اس کا مطلب ہے: ”تو کہاں میں کہاں۔ “(مدنی مذاکرہ، 10ربیع الاول شریف 1442ھ)
(2)حلال جانور کا گُردہ کھانا اور بیچنا
سُوال: کىا حلال جانور کا گُردہ بىچنا اور کھانا جائز ہے؟
جواب: حلال ہے۔ البتہ ہمارے پىارے آقا صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کو گُردہ کھانا پسند نہىں تھا۔ (دیکھئے: کنز العمال، جز7: 4/41، حدیث: 18212-مدنی مذاکرہ، 2ربیع الآخر1442ھ)
(3) کیا شوہر اپنی بیوی کے بال کاٹ سکتا ہے؟
سُوال: کیا نائی اپنی بیوی کے بال کاٹ سکتا ہے؟
جواب: عورت کے بالوں کے لئے یہ حکم ہے کہ کندھوں سے نیچے رہنے چاہئیں، اگر کندھوں سے اوپر ہوں گے تو یہ مَردوں سے مُشابہت کہلائے گی اور عورت گناہ گار ہو گی۔ اگر شوہر نے بیوی کی مرضی سے اُس کے بال کاٹ کر کندھوں کے اُوپر کردئے ہیں تو اب شوہر بھی گناہ گار ہو گا۔ ہاں شریعت کے دائرے میں رہتے ہوئے شوہر بیوی کے بال کاٹ سکتا ہے۔ (مدنی مذاکرہ، 7محرم الحرام 1442ھ الفاظ کی کافی تبدیلی کے ساتھ)
(4)کیا آج کے دور میں گوشہ نشینی ممکن ہے؟
سُوال: کیا آج کے دور میں گوشہ نشینی ممکن ہے؟
جواب: ممکن تو ہے، گوشہ نشینی کے اپنے آداب ہیں، ہر آدمی گوشہ نشین نہیں ہوسکتا، خصوصا ً وہ علمائے کرام جن کی طرف لوگوں کا رُجوع ہو اور وہ اُمّت کے مسائل حل کرتے ہوں اور ان کے گوشہ نشین ہونے کی وجہ سے اُمّت مشکل میں پڑ جائے، چونکہ اُمّت ان سے نفع اٹھا رہی ہے، اس لئے ان کو گوشہ نشین ہونے کی بالکل ممانعت ہوگی۔(مدنی مذاکرہ، 21ربیع الاول 1442ھ)
(5)اچھی موت کی تمنا کرنا کیسا؟
سوال:کیا اچھی موت کی تمنا کرنا دُرُست ہے؟
جواب:اچھی موت کی تمنا کرنا بہت ضَروری ہے، دُنیا کا سب سے بڑا گناہ گار بھی بُری موت کو پسند نہیں کرے گا، اس کی تمنا بھی اچھی موت کی ہو گی۔ہر شخص کو اپنے ایمان کی فکر ہونی چاہئے اور بُرے خاتمے سے بچنے کا ذہن بھی ہونا چاہئے۔ بزرگانِ دِین رحمۃُ اللہِ علیہم اللہ پاک کی خفیہ تَدبیر (یعنی چُھپے فیصلے) اور بُرے خاتمے (یعنی بُری موت) سے بہت ڈرتے تھے۔ ہمیں بھی اللہ پاک سے اِیمان و عافیت پر خاتمے (یعنی مرنے) کی دُعا کرتے رہنا چاہئے، کاش زیرِ گنبدِ خضرا جلوۂ محبوب میں شہادت نصیب ہو جائے۔(مدنی مذاکرہ، 9ربیع الاول 1442ھ)
(6)آبِ زَم زَم مسجدِ حرام سے باہر لے جانا کیسا؟
سُوال: کیا مسجدِ حرام سے آبِ زم زم بھر کر لے جا سکتے ہیں؟
جواب: جو نل مسجدِ حرام کے اندر لگے ہوتے ہیں وہ صرف وہیں پینے کے لئے ہیں۔ گھر لے جانے کے لئے خریدنا پڑتا ہے اگرچہ وہاں کا رہائشی ہو، لیکن آبِ زم زم انمول ہونے کے باوجود بہت سستا ملتا ہے۔ (مدنی مذاکرہ، 10ربیع الاول 1442ھ)
(7)جس پانی سے مُوئے مُبارَک کو غسل دیا گیا ہواسے قبر میں چِھڑکنا کیسا؟
سُوال: اگر کسی کے پاس ایسا پانی ہو جس کے ساتھ سرکار صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے مُوئے مبارک کو غسل دیا گیا ہو تو کیا مَیِّت کو دَفناتے وقت قبرمیں اس پانی کا چِھڑکاؤ کر سکتے ہیں؟
جواب:بَرکت کے لئے کر سکتے ہیں۔(مدنی مذاکرہ،9محرم شریف1441ھ)
(8)کیا مہر میں سونا چاندی دینا لازم ہے؟
سوال:کیا شادی بیاہ کے موقعوں پر سونا چاندی دینا ضروری ہوتا ہے؟
جواب: سونا چاندی دینا ضروری نہیں ہے، البتہ شوہر پر بیوی کا حق مہر دینا واجب ہوتا ہے۔ حق مہر کی شرعاً مقدار دو تولہ ساڑھے سات ماشہ چاندی ہے۔اِس لحاظ سے جو رَقم بنتی ہے وہ حق مہر دینا واجب ہے، یہ مہر کی کم سے کم مقدار ہے، اس سے زیادہ کوئی جتنا دینا چاہے دے سکتا ہے اس میں کوئی حرج نہیں ہے۔حق مہر میں سونا دینا ہی لازمی نہیں ہے لیکن دینا چاہے تو دے سکتا ہے۔ (مدنی مذاکرہ، 5ربیع الاول 1442ھ)
(9)کیا کھانے کے دَوران اُٹھ جانا کھانے کی بےاَدبی ہے؟
سوال:جب دکاندار کھانا کھا رہا ہوتا ہے تو اس وقت گاہک آ جاتا ہے اور کہتا ہے مجھے سامان دے دو میں لیٹ ہو رہا ہوں تو کیا اب دکاندار کا گاہک کو سامان دینے کے لئے اُٹھنا درست ہے؟
جواب:دکاندار کی مَرضی ہے کہ کھانا چھوڑے یا نہیں، دونوں صورتوں میں کوئی حرج نہیں ہے۔ کھانے کے دَوران اُٹھ جانے سے کھانے کی بےاَدبی نہیں ہوتی۔ کھانا کھا رہے ہوں اور اچانک دَروازے پر کوئی آجائے تو اس وقت کیا کریں گے؟ کوئی دروازہ بجاتا رہے ہم کھانے سے نہیں اُٹھیں گے کہ کھانے کی بےاَدبی ہوتی ہے،بھلے باہر کھڑے شخص کی دِل آزاری ہوتی ہو وہ پریشان ہوتا رہے۔ظاہر سی بات ہے اِنسان اس وقت اُٹھ کر دَروازہ کھولے گا۔ یوں ہی کھانے کے دَوران اگر پیشاب لگ جائے تو پیشاب کرنے تو جانا پڑے گا، بہرحال اُٹھ کر جانا کھانے کی بےادبی نہیں کہلاتا۔(مدنی مذاکرہ، 5ربیع الاول 1442ھ)
(10)کیا موبائل فون کی بھی ذَخیرہ اَندوزی ہوتی ہے؟
سوال:جس طرح لوگ آٹا اور چینی وغیرہ کا اسٹاک کرتے ہیں، کیا اِسی طرح موبائل فون کا بھی اسٹاک کیا جا سکتا ہے؟
جواب: یہ اناج کی ذَخیرہ اَندوزی کے تعلق سے ضرور مَسائل ہیں، البتہ کسی نے موبائل فون یا اس کے کَل پُرزے جمع کئے ہیں تو اس میں کوئی حرج نہیں۔ تاہم ہر مُعاملے میں مسلمان کے ساتھ خیرخواہی کرنی چاہئے۔ موبائل کا جب بھاؤ بڑھے گا تو دکاندار کے دِل میں خوشی ہو گی لیکن مسلمان زیادہ دام سُن کر رَنجیدہ ہو جائے گا۔ مسلمان کی خیر خواہی اسی میں ہے کہ چیز کو واجبی دام پر فروخت کیا جائے۔(مدنی مذاکرہ، 4ربیع الاول 1442ھ)
(11)نماز کی حالت میں عمامہ پر نقش نعل پاک لگانا کیسا؟
سُوال:کیا عمامہ شریف پر نقشِ نعل پاک لگاکر نماز پڑھ سکتے ہیں؟
جواب: اگر عمامہ شریف پر نقشِ نعل پاک لگاکر نماز پڑھیں گے تو سجدے کی حالت میں نقش زمین پر لگے گا، اس لئے نماز سے پہلے نقشِ نعل پاک اُتار کر جیب میں ڈال لینا مناسب ہے۔ (مدنی مذاکرہ، 30صفر شریف1442ھ)
Comments