عورت کا مردانہ سوئیٹر پہننا کیسا؟ مع دیگر سوالات

مدنی مذاکرے کے سوال جواب

ماہنامہ فیضانِ مدینہ جنوری 2025

(1)مَرد کاگولڈن رنگ کی عینک، گھڑی یا گاڑی کا اِستعمال کرنا کیسا؟

سُوال:کیا مرد گولڈن رنگ کی عینک، گھڑی یا گاڑی استعمال کرسکتا ہے؟

جواب: گولڈن رنگ کی عینک، گھڑی یا گاڑی استعمال کرنا زینت ہے لیکن یہ وہ زینت ہے جو جائز ہوتی ہے۔ علمائے کرام بھی گولڈن کلر کی بعض چیزیں پہنتے ہیں البتہ Goldیعنی سونے کی چین وغیرہ مرد کو پہننا جائز نہیں ہے۔(مدنی مذاکرہ، 22شعبان شریف 1440ھ)

(2)کسی کے  دَروازے پر اِسلامی بہن اپنا تعارُف کیسے کروائے؟

سُوال: اِسلامى بہنىں جب  کسی کے گھر جاکر دَروازہ بجائیں اور اَندر سے پُوچھا جائے: ”کون؟“ تو کیا جواب دیں؟

جواب: اِس صُورَت میں اپنی  کوئى بھى پہچان بتادیں، یا ”بِنتِ فُلاں“ اور ”اُمِّ فُلاں“ کہہ کر اپنی پہچان کرادیں۔ ایسے موقع پر گھر مىں موجود مَرد کو چاہئے کہ  گھر کى عورَت کو آگے کردے۔(مدنی مذاکرہ، 17محرم شریف 1442ھ)

(3)فوت شُدہ کی طرف سے صَدَقہ کرنا

سُوال:کىا فوت شُدہ اِنسانوں کى طرف سے بھى صَدَقہ دىا جاسکتا ہے؟

جواب: جی ہاں! فوت شُدَہ اَفراد کی طرف سے بھی صَدَقہ دیا جاسکتا ہے، یہ اِن کیلئے ایصالِ ثَواب ہوگا جیسے والِد صاحب، دادا جان وغیرہ کے ایصالِ ثَواب کے لئے صَدَقہ دیا یا بارگاہِ رِسالت میں ثَواب نَذَر کرنے کے لئے غریبوں کی مدد کی کہ یہ مدد میں سرکارِ مدینہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم یا غوثِ پاک رحمۃُ اللہِ علیہ کے ایصالِ ثواب کیلئے کررہا ہوں ایسا کرنا جائز ہے۔(مدنی مذاکرہ، 18شعبان شریف 1441ھ)

(4)عورت کا مردانہ سوئیٹر پہننا کیسا؟

سُوال: کیا عورت مردانہ سوئیٹر پہن سکتی ہے؟

جواب: ایسا سوئیٹر جو مرد و عورت دونوں کے لئے ہو وہ پہن سکتی ہے، ورنہ جو مَرد کیلئے مخصوص ہو وہ نہیں پہن سکتی۔(مدنی مذاکرہ، 11ربیع الاول شریف 1442ھ)

(5)بے غسلے شخص کے پیسنے کا حکم

سُوال: جس شخص پر غُسل فرض ہو کیا اُس کا پسینا بھی ناپاک ہوتا ہے؟

جواب:نہیں۔(مدنی مذاکرہ، 25شعبان شریف 1441ھ)

(6)شبِ براءَت پر بہن بیٹیوں کو حلوا یا رقم وغیرہ بھیجنا کیسا؟

سُوال: ہمارى برادرى میں ىہ رواج ہے کہ شبِ براءَت کے موقع پر بہن بىٹىوں کو حَلوا  ىا کچھ رَقم بھیجی جاتی  ہے اور بعض اوقات اىسا بھى ہوتا ہے کہ اگر ىہ نہ دىا جائے تو بہن  بىٹى کو طعنے  ملتے ہىں، ایسا کرنا  کیسا ہے؟

جواب: شبِ براءَت ہو یا کوئی بھی موقع،  آپس میں ایک دوسرے کو کوئی تحفہ یا حَلوا اور مٹھائی وغیرہ بھیجنا اچھی بات ہے، ثواب کا کام ہے اور اس سے باہم محبت بڑھتی ہے، لیکن اگر یہ چیزیں نہ بھیجیں تو طعنے ملتے ہیں اور طعنوں سے بچنے کے لئے بھجوائے تو طعنہ دینے والوں کے لئے یہ رشوت ہے، دینے والا گنہگار نہیں۔ اگر نہ بھیجنے پر بُرا بھلا نہ کہا جائے اور یہ ذہن ہو کہ جو دے اس کا بھی بھلا اور جو نہ دے اس کا بھی بھلا تو پھر شرعاً اس میں کوئی حرج نہیں ہے۔(مدنی مذاکرہ، 22شعبان شریف 1440ھ)

(7)نمازِ فجر میں کتنی تاخیر مستحب ہے؟

سُوال: فجر کتنی تاخیر سے پڑھ سکتے ہیں؟

جواب: بہارِ شریعت جلد1، صفحہ451 پر ہے: فجر میں تاخیر مستحب ہے، یعنی اسفار (جب خوب اُجالا ہو یعنی زمین روشن ہو جائے) میں شروع کرے مگر ایسا وقت ہونا مستحب ہے کہ چالیس سے ساٹھ آیات تک ترتیل کے ساتھ (ٹھہر ٹھہر کر) پڑھ سکے پھر سلام پھیرنے کے بعد اتنا وقت باقی رہے کہ اگر نماز میں فساد ظاہر ہو (یعنی یہ پتا چلے کہ نماز نہیں ہوئی) تو طہارت کرکے ترتیل کیساتھ چالیس سے ساٹھ آیات تک دوبارہ پڑھ سکے اور اتنی تاخیر مکروہ ہے کہ طلوعِ آفتاب کا شک ہو جائے۔(مدنی مذاکرہ، بعد نمازِ عصر، 20رمضان شریف 1441ھ)

(8)مقتدی کا ثنا کے بعد ”اَعُوْذُبِاللہ“ اور ”بِسْمِ اللہ“پڑھنا کیسا؟

سُوال: اگر مقتدی ثنا کے بعد ”اَعُوْذُبِاللہ“ اور ”بِسْمِ اللہ“ بھی پڑھ لے تو         کیا اس کی نماز ہو جائے گی؟

جواب: اگر مقتدی نے ثنا کے بعد تعوّذ و تسمیہ پڑھ لی تو نماز ہو جائے گی، لیکن جان بوجھ کر ایسا نہیں کرنا چاہئے کہ یہ خلافِ سُنَّت ہے۔ امام کا قراءت کرنا مقتدی کے لئے کافی ہے، لہٰذا مقتدی نہ اَلْحَمْد شریف پڑھے نہ تعوّذ و تسمیہ بلکہ خاموشی سے امام کی قراءت سُنے۔(مدنی مذاکرہ، بعد نمازِ عشا، 10رمضان شریف 1441ھ)

(9)قرض دار پہلے قرض ادا کرے یا        کاروبار ؟

سُوال: اگر کسى شخص پر 90 لاکھ کا قرض ہو اور اُس کے پاس 20 لاکھ روپے کىش ہوں تو کیا اُسے 20 لاکھ سے لوگوں کا قرض اُتارنا چاہئے یا اِن پیسوں سے کوئى کاروبار شروع کر کے آمدنى سے اپنا قرض اُتارنا چاہئے؟

جواب: جن لوگوں کا قرض ہے اگر وہ سب اسے مہلت دے دیں تو یہ کاروبار کر لے وگرنہ قرض ادا کرے کىونکہ زندگى کا کوئی بھروسا نہیں کہ 20 لاکھ سے 90 لاکھ کما سکے گا یا نہیں، پھر خرچ اور کھانا اپنی جگہ پر ہے۔قرض ادا کرنا بہت ضَرورى ہے اور  اپنے اوپر قرض چھوڑ کر مَرنا بہت خطرناک ہے۔ (مدنی مذاکرہ، 2ربیع الآخر شریف 1442ھ)

(10)بات چُھپانے کے لئے”مجھے نہیں پتا“ کہنا کیسا؟

سُوال: بسااوقات بندہ جان چُھڑانے کے لئے کہہ دیتا ہے کہ ”مجھے نہیں پتا جو چاہو کرو“ کیا یہ بھی جھوٹ میں شمار ہو گا؟

جواب: بعض اوقات یہ جملہ ٹالنے کے لئے کہا جاتا ہے، مطلب  یہ ہوتا ہے کہ مجھے پتا ہے لیکن میں بتانا نہیں چاہتا۔ یوں ہی اگر کوئی تنگ کرتا ہے تو بھی یہ جملہ کہا جاتا ہے۔ اِس طرح کے جملے میں نیّت کو دیکھا جائے گا، اگر کوئی  بات چُھپانے کے لئے یہ جملہ بول رہا ہے کہ ”مجھے نہیں پتا“ حالانکہ جانتا ہے تو  اب یہ جھوٹ ہو جائے گا۔(مدنی مذاکرہ، 1ربیع الآخر شریف 1442ھ)

(11)دَم کی ہوئی اگربتی جلانا کیسا؟

سُوال: کیا اگربتی پر دم کرکے جلا سکتے ہیں؟

جواب: کچھ عاملین اگربتی دَم کرکے دیتے ہیں، ہوسکتا ہے حصولِ برکت کے لئے ہو، اس میں کوئی حرج نہیں۔(مدنی مذاکرہ، 10ربیع الاول شریف 1442ھ)

(12)مچھلی پر فاتحہ دینا کیسا؟

سُوال: کیا مچھلی پر فاتحہ دے سکتے ہیں؟

جواب: جی ہاں! مچھلی پر فاتحہ دے سکتے ہیں۔(مدنی مذاکرہ، 11ربیع الاول شریف 1442ھ)


Share