رازوں کی سرزمین

سفر نامہ

 رازوں کی سرزمین

* مولانا عبد الحبیب عطاری مدنی

ماہنامہ اپریل 2021

ایک عرصے سے دل میں یہ ارمان تھا کہ مِصْر کا سفر کیا جائے اور دینی کاموں کے ساتھ ساتھ وہاں موجود زیارتوں سے بھی آنکھیں ٹھنڈی کی جائیں۔

اسلامی دنیا میں مصر کی اہمیت : مصر اسلامی دنیا کا ایک اہم ترین ملک ہے جس کا تذکرہ قراٰنِ کریم کے علاوہ احادیثِ مبارَکہ میں بھی موجود ہے۔ تاریخی آثار کے اعتبار سے بھی مصر غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے۔

3 مارچ2020ءبروز منگل پاکستانی وقت کے مطابق رات تقریباً ساڑھے10بجے کراچی سے پہلے جَدّہ اور پھر جدہ سے مصر کا سفر تھا۔ جدہ ایئر پورٹ پر ہمارا تقریباً 9 گھنٹے کا قیام (Stay) تھا ليكن ان دنوں کرونا وائرس کی وجہ سے عمرہ زائرین کو انٹری نہیں دی جارہی تھی۔ میرے پاس چونکہ 2سال کا Multiple Visaتھا اس لئے جب رات تقريباً 1 بجے ہم جدہ ایئرپورٹ پہنچے تو اللہ پاک کے کرم سے ہمیں انٹری مل گئی۔

اس سفر میں میرے ساتھ ایک اسلامی بھائی کراچی سے شامل تھے جبکہ فیصل آباد کے3اسلامی بھائیوں نے جدہ ایئرپورٹ سے ہمارے ساتھ سفر میں شامل ہونا تھا۔ ہمارے جدہ پہنچنے کے چند ہی لمحوں بعد یہ 3 اسلامی بھائی بھی اسلام آباد سے جدہ فلائٹ کے ذریعے ہم سے آملے۔ جدہ ایئرپورٹ پر کافی اسلامی بھائی ہمیں لینے آئے ہوئے تھے۔ رات تقریباً 2 بجےہم جدہ میں ایک اسلامی بھائی کے گھر پہنچےجنہوں نے ہمارے لئے دعوت کا اہتمام کیا تھا۔ یہاں ہند کے کئی اسلامی بھائی بھی تشریف لائےاور کچھ دیر تک ملاقات و مدنی پھولوں کے تبادلے کا سلسلہ رہا۔

میں مکّے میں پھر آ گیا یاالٰہی : دعوت سے فارغ ہو کر ہم نے مشورہ کیا کہ ابھی وقت ہے تو کعبہ شریف کی زیارت کرکے رجب کے مہینے میں طواف کی سعادت حاصل کرلی جائے۔ رات تقریباً 4 بجے ہم حَرَم شریف پہنچے اور خانۂ کعبہ شریف کے طواف کا شرف حاصل کیا۔

جلدی پہنچ جائیں : صبح تقریباً9بجے جدہ سے ہماری فلائٹ تھی اس لئے نماز ِفجر ادا کرکے ہم فورا ً مکۂ مکرّمہ سے جدہ شریف روانہ ہوئے اور 7بجے کے قریب جدہ ایئرپورٹ پہنچ گئے۔ یہاں پہنچ کر ہمیں ایک نئی بات معلوم ہوئی کہ جدہ ایئرپورٹ پر سعودی ایئر لائن کا ایک نیو ٹرمینل بھی ہے اور ہماری فلائٹ وہاں سے روانہ ہوگی۔ بالخصوص بینُ الاقوامی سفر (International Travelling) کرنے والے اسلامی بھائیوں کو چاہئے کہ فلائٹ کے وقت سے تقریباً3 یا ساڑھے3 گھنٹے پہلے ایئر پورٹ پہنچ جائیں تاکہ قانونی کاروائی مکمل کرنے کے ساتھ ساتھ اگر اس طرح کا کوئی معاملہ بھی ہو تو آپ پرواز کے وقت سے پہلے فارغ ہوجائیں۔

قاہرہ آمد : تقریباً ساڑھے 9بجے ہماری فلائٹ جدہ سے روانہ ہوئی اور ڈھائی گھنٹے کے سفر کے بعد12بجے مصر کے دارُالحکومت قاہرہ پہنچ گئی۔ آج 4 مارچ2020ء اور بدھ کا دن یعنی ورکنگ ڈے تھا لیکن اس کے باوجود کثیر اسلامی بھائی ایئر پورٹ پر ہمیں لینے آئے ہوئے تھے جن میں الازھر یونیورسٹی میں تعلیم حاصل کرنے والے علمائے کرام بھی شامل تھے۔

ایئرپورٹ سے فارغ ہوکر ہم اپنی قیام گاہ پہنچے تو نمازِ ظہر کا وقت ہوچکا تھا۔ نماز ادا کرکے ہم نے کھانا کھایا اور پھر عصر تک آرام کیا۔ نمازِ عصر کے بعد ہم نے چند ضروری معاملات نمٹائے اور پھر نمازِ مغرب ادا کرکے اجتماع گاہ کی طرف روانہ ہوئے۔

طلبہ اجتماع : مصر کے دارُالحکومت قاہرہ میں دعوتِ اسلامی کے تحت طلبہ اجتماع کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں الازھر یونیورسٹی کے طلبہ بلائے گئے تھے۔ اجتماع گاہ میں تقریباً ڈیڑھ سے دو سو طلبہ کے لئے بیٹھنے اور کھانے کا انتظام کیا گیا تھا لیکن اللہ پاک کے کرم سے 300 سے زیادہ طلبہ اجتماع میں شریک ہوئے۔ اَلحمدُ لِلّٰہ اس اجتماع میں مصر کے علاوہ سوڈان ، نیپال ، بنگلہ دیش ، انڈیا ، سری لنکا ، پاکستان اور شام کے اسلامی بھائی کثیر تعداد میں جمع ہوئے اور اجتماع گاہ مکمل بھر گئی۔ اس اجتماع میں مجھے عالمِ دین کی اہمیت اور اس کی ذمّہ داریوں کے عنوان پر بیان کی سعادت حاصل ہوئی نیز دعوتِ اسلامی کے دینی کام کرنے کا بھی ذہن بنایا۔

مجھ کو ملی ہے عزت عطّاؔر کی بدولت : اجتماع کے بعد اسلامی بھائی جس محبت کے ساتھ ملے وہ منظر بھی دیدنی تھا۔ میں حیران تھا کہ ایک ایسا ملک اور شہر جہاں نہ کوئی رشتے داری ہے اور نہ دوستی ، وہاں پہلے ہی دن اتنے محبت کرنے والے کہاں سے آگئے؟ یقیناً یہ دعوتِ اسلامی کا فیضان اور میرے پیر و مرشد شیخِ طریقت ، امیرِ اہلِ سنّت کی نظرِ عنایت ہے جس نے دنیا میں ایسی عزت عطا فرمائی جو لاکھوں کروڑوں روپے خرچ کرکے بھی نہیں مل سکتی۔ اللہ کریم قبر و آخرت میں بھی ہماری اس نسبت کو سلامت رکھے اور آخرت میں بھی عزت و کرامت عطا فرمائے۔

سوشل میڈیا کے ذریعے رابطے : ما شآءَ اللہ مصر اور اس کے دارُالحکومت قاہرہ میں بھی امیرِ اہلِ سنّت اور دعوتِ اسلامی کا فیضان موجود ہے۔ ہمیں آج رات دیر تک سوشل میڈیا کے ذریعے مصر کے مختلف مقامات سے پیغامات ملتے رہے کہ ہم آپ سے ملنا چاہتے ہیں۔ میری یہ کوشش رہی کہ سب کو جواب دیا جائے اور ملاقات کے لئے بلایا جائے ، کیونکہ یہاں ہمارے رابطے جتنے بڑھیں گے اتنا ہی دین کا کام کرنے میں آسانی رہے گی۔

مصر کا اعزاز : مصر کی ایک خاص بات یہ ہے کہ یہاں کثیر تعداد میں مزارات اپنی برکتیں لٹارہے ہیں۔ صحابۂ کرام اور اولیائے کرام  رِضوانُ اللہِ علیہم  اجمعین کے کثیر مزارات اور سینکڑوں سال قدیم مساجد مصر کے مختلف شہروں میں موجود ہیں۔ اس سفر کے دوران ہم نے کئی مزارات اور دیگر مقدس مقامات پر حاضری کی سعادت پائی جن میں سے کچھ کا تذکرہ اگلی اقساط (Episodes) میں کیا جائے گا۔ اس دوران مدنی چینل کے لئے ریکارڈنگ کا سلسلہ بھی جاری رہا اور بعد میں “ رازوں کی سَر زمین “ کے عنوان سے مدنی چینل پر یہ سلسلہ نشر ہوا۔ جو اسلامی بھائی ہمارے اس سفر کے مناظر اور زیارات وغیرہ دیکھنا چاہیں وہ اس لنک https : / / bit.ly / 3p16bmX پر  جاکر یا نیچے دئیے گئے QR Code کو اسکین کرکے دیکھ سکتے ہیں۔

اللہ کریم ہمارے اس سفر کو قبول فرمائے اور مصر میں دعوتِ اسلامی کے دینی کاموں کو مدینے کے 12 چاند لگا دے۔                                          اٰمِیْن بِجَاہِ النّبیِّ الْاَمِیْن  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

* رکنِ شوریٰ و نگرانِ مجلس مدنی چینل

 


Share