Book Name:Shan O Karamaat e Ghaus e Azam
قُدِّسَ سِرُّہُ النُّوْرَانِی نَازُک بَدَن، میانہ قد، کُشَادہ سِیْنَہ، کُشَادَہ اور طَوِیْل داڑھی، گندمی رنگ کے مالک تھے۔ آپ رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ کے ابرو ملے ہوۓ، آواز مُبَارَک بُلَند اور چہرہ نہایت ہی حَسِیْن تھا ۔ آپ رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ نہایت ہی ذَہین تھے۔ آپ رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ نے عِلْم کے حُصُول میں بَہُتْ کوشِشِیں کیں ۔ آپ رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ نے بہت سے عُلَمائے وقت اور مَشَائخِ زمانہ سےعِلْم حاصل کیا۔آپ رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ وقت کے مَشَائخ اور اَوْلِیَاء کی صحبتوں میں رہے۔ جسکا نتیجہ یہ نکلا کہ آپ رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ اپنے زمانے کے عُلَما اور مشائخ میں سب سے بڑے مرتبے پر فَائز ہوۓ۔ تَحْصِیْلِ عِلْمْ کےلیے آپ رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ نے بہت سی مَشَقَّتِیں اور مَصَائِب برداشت کیے۔ آخرِ کار آپ رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ دُنْیَوی مُعَاملات سے لاتَعَلُّقْ ہو کر یادِ الٰہی اور وَعْظ و نصیحت میں مشغول ہو گئے۔ اِسی زمانے میں آپ رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ اِمَامُ الْـفَرِیْقَیْن، مُعَلِّمُ الطَّرَفَیْن، غَـوْثُ الـثَّقَلَیْن کے القاباتِ جَلِیْلَہ سے مشہور ہوگئے تھے۔ زمانے بھر میں آپ رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ کے مَنَاقِب روشن ہوگئے، دین کے مَناصِب آپ رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ کی وجہ سے عِیاں (یعنی ظاہر)ہوگئے، عِلْمْ کے مَرَاتِب آپ رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ کے سبب بُلَند ہونے لگے اور شریعت کے لشکر آپ رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ کے سبب قُوَّتْ پانے لگے۔ عُلَما کی بَہُت بڑی تعداد نے آپ رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ کی طرف رُجُوْع کیا، اور آپ رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ سے شَرَفِ تَلَمُّذْ (شاگردی کا شَرَف) حاصل کیا، بَہُت سے فُقَرَا، بڑے بڑے عُلَما اور عالی مَرْتَبَتْ پیرانِ عُظام نے بھی آپرَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ سے خِرْقَهِٔ خِلَافَت حاصل کرنے کا اعزاز حاصل کیا۔ بعض نے بَـنَـفْسِ نَفِیْس آپ رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ کی بارگاہ میں حاضری دی اور آپ رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ کے مُبارک ہاتھوں سے خِرْقَهِٔ خِلَافَت کی پُوشَاک پہنی اور اپنے جِسْم و رُوح کو سَرشار کیا اور جو حضرات خود آنے سے قاصِر تھے انہوں نے اپنے قَاصِد بھیج کر آپرَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ سے خِلَافَتْ حاصل کی۔ (نزہۃ الخاطرالفاتر،عربی، ص۱۹،۲۰ملخصاً)