Book Name:Allah Say Muhabbat Karnay Walon Kay Waqiat
ہر اک لیکے کیا کیا نہ حسرت سِدھارا پڑا رہ گیا سب یونہی ٹھاٹھ سارا
جگہ جی لگانے کی دنیا نہیں ہے یہ عبرت کی جا ہے تماشا نہیں ہے
یہی تجھ کو دُھن ہے رہوں سب سے بالا ہو زینت نرالی ہو فیشن نرالا
جیا کرتا ہے کیا یونہی مرنے والا تجھے حُسنِ ظاہر نے دھوکے میں ڈالا
جگہ جی لگانے کی دنیا نہیں ہے یہ عبرت کی جا ہے تماشا نہیں ہے
وہ ہے عیش و عشرت کا کوئی محل بھی جہاں تاک میں ہر گھڑی ہو اَجَل بھی
بس اب اپنے اِس جَہل سے تُو نکل بھی یہ جینے کاانداز اپنا بدل بھی
جگہ جی لگانے کی دنیا نہیں ہے یہ عبرت کی جا ہے تماشا نہیں ہے
جب اس بزم سے اٹھ گئے دوست اکثر اور اٹھتے چلے جا رہے ہیں برابر
یہ ہر وقت پیشِ نظر جب ہے منظر یہاں پر تِرا دل بہلتا ہے کیوں کر
جگہ جی لگانے کی دنیا نہیں ہے یہ عبرت کی جا ہے تماشا نہیں ہے
صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد
میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو!آئیے! دل میں محبتِ الٰہی بڑھانے کے لئے قرآن وحدیث اور اقوالِ بزگانِ دین کی روشنی میں ’’ محبتِ خداوندی‘‘کی 8 علامتیں سُنتے ہیں:
(1)قرآنِ کریم کی تلاوت کرنا اور اُس کا ترجمہ و تفسیر پڑھنا، سمجھنا محبتِ الٰہی کی علامت ہے۔ اللہ عَزَّ وَجَلَّ کے نیک بندے جب اس کا کلام سنتے ہیں اور اُس میں غور وفکر کرتے ہیں تو ان کی آنکھوں سے سیلِ اشک رواں ہوجاتا ہے۔ چنانچہ فرمانِ باری تعالٰی ہے۔