Book Name:Allah Say Muhabbat Karnay Walon Kay Waqiat
ذریعے مسلسل قرب حاصل کرتا رہتا ہے یہاں تک کہ میں اس سے محبت کرنے لگتا ہوں۔ (بخاری، کتاب الرقاق، باب التواضع، ۴/۲۴۸،حدیث:۶۵۰۲)
میں پڑھتا رہوں سنتیں، وقْت ہی پر ہوں سارے نوافِل ادا یاالٰہی
(3)اللہ عَزَّ وَجَلَّ کے ذِکر میں مشغول رہنامحبت اِلٰہی کی علامت بھی ہے اور محبتِ الٰہی حاصل ہونے کا ذریعہ بھی ۔ فرمانِ خداوندی عَزَّوَجَلَّ ہے:
یٰۤاَیُّهَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوا اذْكُرُوا اللّٰهَ ذِكْرًا كَثِیْرًاۙ(۴۱)وَّ سَبِّحُوْهُ بُكْرَةً وَّ اَصِیْلًا(۴۲) (پ:۲۲، الاحزاب:۴۲،۴۱)
تَرجَمَۂ کنزُالایمان:: اے ایمان والو! اللہ کو بہت یاد کرو اور صبح و شام اس کی پاکی بولو۔
سرکارِ د وعالم، رسُولِ مُحتَشَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ کا فرمانِ معظم ہے۔مَنْ اَحَبَّ شَیْأً اَکْثَرَ ذِکْرَہٗ جو شخص جس سے محبت کرتا ہے اکثر اسی کا ذکر کرتا ہے ۔(کنزالعمال، ۱/۲۱۷،حدیث۱۸۲۵البقرۃ، الجزء الاول)
حضرت ابوالحسن زنجانی رَحْمَۃُ اللّٰہ ِتَعَالٰی عَلَیْہ فرماتے ہیں:عبادت کی بنیاد 3 چیزوں آنکھ ،دل اور زبان پر ہے۔ آنکھ عبرت کے لئے دل غور و فکر کے لئے اور زبان سچائی کا مرکز اور ذِکر و تسبیح کے لئے ہو۔ (مکاشفۃ القلوب،الباب الحادی عشر فی طاعۃ اللّٰہ ومحبۃرسولہ، ص ۳۷)
حضرت سِری سقطی رَحْمَۃُ اللّٰہ ِتَعَالٰی عَلَیْہ نے ایک بار حضرت شیخ جُرجانی رَحْمَۃُ اللّٰہ ِتَعَالٰی عَلَیْہ کے یہاں پسے ہوئے سَتُّو دیکھے تو ان سے کہا کہ سَتُّو کے علاوہ اور کچھ کیوں نہیں کھاتے؟ انہوں نے کہا: میں نے کھانا کھانے اور سَتُّو پینے میں ستّر(70) تسبیحات کا فرق پایا ہے(یعنی جتنا وقت کھاناکھانے میں لگتا ہے،اتنی دیر میں 70تسبیحات کر لیتا ہوں)۔ اس لئے چالیس(40) سال سے صرف سَتُّو کھا رہا ہوں تاکہ تسبیحات کا وقت ضائع نہ ہو۔(مکاشفۃ القلوب،الباب الحادی عشر فی طاعۃ اللہ ومحبۃرسولہ، ص ۳۷)