Book Name:Allah Say Muhabbat Karnay Walon Kay Waqiat
مِرے دل سے دنیا کی چاہت مٹا کر کر اُلفت میں اپنی فنا یاالٰہی
صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد
(4)خواہشاتِ نفس کے باوجود اللہ عَزَّ وَجَلَّ کی رِضا پر اپنی پسند کو قربان کردینا۔
حُجَّۃُ الْاِسلام حضرت سیِّدُنا امام محمد غزالی رَحْمَۃُ اللّٰہ ِتَعَالٰی عَلَیْہ فرماتے ہیں:اللہ تعالٰی کی بندگی 3 چیزوں کا نام ہے۔اَحکامِ شریعت کی پابندی کرنا ،اللہ عَزَّ وَجَلَّ کی طرف سے مقرر کردہ قضا و قدر اور تقسیم پر راضی رہنا اور اللہ عَزَّ وَجَلَّ کی رضا کے لیے اپنے نفس کی خواہشات کو قربان کردینا۔ (بیٹے کو نصیحت، ص ۳۷)
حضرت سیدنا سِری سقطی رَحْمَۃُ اللّٰہ ِتَعَالٰی عَلَیْہ فرمایا کرتے تھے کہ چالیس(40) سال سے میرے نفس کو شہد کھانے کی خواہش ہے، لیکن آج تک میں نے اس کی خواہش پوری نہیں کی ۔ (تذکرۃ الاولیا، ص ۱۶۳)
حِرصِ دنیا نکال دے دل سے بس رہوں طالبِ رضا یاربّ
(5)اپنا دل دُنیا کی محبت سے خالی کرکے کُلّی طور پر اللہ عَزَّ وَجَلَّ کے حضور جھکائے رکھنا۔
منقول ہے کہ اللہ عَزَّ وَجَلَّ نے حضرتِ سیِّدُنا عیسیٰ عَلَیْہِ السَّلَام کی طرف وحی نازل فرمائی کہ اے عیسیٰ!میں دیکھتا ہوں کہ جب کسی بندے کا دل دنیا وآخرت کی محبت سے پاک وصاف ہوجائے تو اسے اپنی محبت سے بھردیتاہوں۔
(6) ایسے تمام کاموں سے دُور رہنا جو اللہ عَزَّ وَجَلَّ کاقُرب حاصل ہونےمیں رکاوٹ بنتے ہوں۔
حضرت سیدنا ذُوالنُّون مصری رَحْمَۃُ اللّٰہ ِتَعَالٰی عَلَیْہ فرماتے ہیں:اللہ عَزَّ وَجَلَّ سے محبت کرنے والے کی علامت یہ بھی ہے کہ ہر اس چیز کو چھوڑ دے جو اللہ عَزَّ وَجَلَّ کی یا دسے غافل کردے اور اپنے آپ کو اللہ عَزَّ وَجَلَّ کی رضا والے کاموں میں مصروف رکھے۔ (الزہدالکبیر, ص ۷۸)
(7)اللہ عَزَّ وَجَلَّ سے سچی محبت کرنے والے نیک لوگوں کے نقشِ قدم پر چلنا اور اُن کی صحبت اختیار کرنا ۔