Book Name:Ghaflat
ہمارے آنے کا مقصد یہ ہے کہ غفلت سے بچ کرصرف اور صرف اللہ پاک اور اس کے رسول ، رسولِ مقبول صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کی رضا کے کاموں میں زندگی بسر کریں۔
پیاری پیاری اسلامی بہنو!ابھی وقت ہے کہ خوابِ غفلت سے بیدار ہوجائیے ، ابھی سے دین پر عمل کی تگ و دو میں لگ جائیے ، یاد رکھئے! ہم نہیں جانتیں کہ ہماری موت کب آئے گی ، ہم نہیں جانتیں کہ ہماری یہ چلتی سانسوں کی مالال کب بکھر جائے گی ، یہ مت سوچئے کہ صرف بوڑھےمرتے ہیں ، یہ مت سوچئے کہ ابھی تو میں جوان ہوں تھوڑی بڑی ہوں گی تو دین پر عمل کی طرف مائل ہوں گی۔ یہ مت سوچئے کہ ابھی تو زندگی کے کئی دن باقی ہیں ، یہ مت سوچئے کہ ابھی تو موج مستی کے دن ہیں ، بعد میں نماز روزے کی طرف مائل ہوں گی ۔ یہ مت سوچئے کہ ابھی سے میں ان کاموں میں کیوں پڑوں ابھی تو موت بہت دُور ہے۔ یاد رکھئے!موت کی کوئی ضمانت نہیں ، آج کا دن ہماری زندگی کا آخری دن ہوگا یا آنے والی رات ہماری زندگی کی آخری شب ہوگی ، ہمیں کچھ پتہ نہیں ، بلکہ ہمارے پاس تو اس بات کی بھی کوئی ضمانت نہیں کہ ایک کے بعد دوسرا سانس بھی لے پائیں گی یا نہیں ؟ممکن ہے جو سانس ہم لے رہی ہیں وہی آخری ہو ، دوسرا سانس لینے کی نوبت ہی نہ آئے۔ آئے دن یہ خبریں ہمیں سُننے کو ملتی ہیں کہ فُلاں بالکل ٹھیک ٹھاک تھی ، اسے بظاہر کوئی مَرض بھی نہ تھا ، لیکن اچانک دِل کا دورہ پڑنے کی وجہ سے چندہی لمحوں میں موت کے گھاٹ اُترگئی ، فلاں تندرست تھی اچانک حادثہ ہوا اور وہ موت کے منہ میں چلی گئی ۔