Book Name:Surah-e-Al Qaria
مانگتے ، آخرت کی بھی بھلائی مانگتے اور جہنّم سے بچنے کی بھی دُعا کرتے؟
اس سے معلوم ہوا کہ کیسی ہی کیفیت ہو ، کیسی ہی حالت ہو ، ہمیں چاہئے کہ ہم اللہ پاک سے آزمائش کی دُعا نہ کریں ، یہ دُعا نہ کریں کہ یا اللہ پاک! مجھے بیمار کر دے ، یا اللہ پاک! مجھے تنگ دست کر دے بلکہ ہمیں چاہئے کہ ہر حال میں دُنیا کی بھی بھلائی مانگیں اور آخرت کی بھی بھلائی ہی مانگا کریں۔ آخر ہم اللہ پاک سے مانگ رہے ہیں ، اللہ پاک رحمٰن و رحیم ہے ، اللہ پاک جَوَّاد و کریم ہے ، اللہ پاک کے خزانوں میں کوئی کمی نہیں ہے ، اللہ پاک اپنے بندوں کو بےحساب نوازتا ہے ، لہٰذا ہم دُعا میں کنجوسی کیوں کریں؟ جب ہم تمام جہانوں کے رَبّ سے مانگ رہے ہیں تو کھل کر مانگیں ، دُنیا کی بھی بہتریاں مانگیں ، آخرت کی بھی بھلائیاں مانگیں ، سب کچھ مانگیں۔ اللہ پاک نے قرآنِ کریم میں ایمان والوں کا یہ وَصْف بیان فرمایا کہ اَہْلِ ایمان جب دُعا کرتے ہیں تو یُوں کہتے ہیں :
رَبَّنَاۤ اٰتِنَا فِی الدُّنْیَا حَسَنَةً وَّ فِی الْاٰخِرَةِ حَسَنَةً وَّ قِنَا عَذَابَ النَّارِ(۲۰۱) (پارہ : 2 ، سورۂ بقرہ : 201)
ترجمہ : اے ہمارے رب! ہمیں دنیا میں بھلائی عطا فرما اور ہمیں آخرت میں(بھی) بھلائی عطا فرمااور ہمیں دوزخ کے عذاب سے بچا۔
اللہ پاک ہمیں دُرُست انداز سے ، آداب کا خیال رکھتے ہوئے ، اچھی اچھی نیتوں کے ساتھ بکثرت دُعائیں مانگنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمِیْن بِجَاہِ خَاتَمِ النَّبِیِّیْن صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم ۔
سَر ہے خم ہاتھ میرا اُٹھا ہے یاخُدا! تجھ سے میری دُعا ہے
فَضْل کی رحم کی التجا ہے یاخُدا! تجھ سے میری دُعا ہے
میں نے مانا کہ سب سے بُرا ہوں کس کا ہوں؟ تیرا ہوں میں تِرا ہوں
ناز رحمت پہ مجھ کو بڑا ہے یاخُدا! تجھ سے میری دُعا ہے