Book Name:Quran Kitab-e-Hidayat Hai
عقلمند شخص یہ بات اچھی طرح سمجھ سکتا ہےکہ درحقیقت “ قرآن ہی کتابِ ہدایت ہے “ ۔ اَلْحَمْدُ لِلّٰہ اِس حقیقت کا واضح ثبوت جس طرح ہمیں آیاتِ قرآن سےمِلا اسی طرح احادیثِ مبارکہ کی روشنی میں بھی ہمیں یہی خوشبودار مدنی پھول ملتا ہےکہ “ قرآن ہی کتابِ ہدایت ہے۔ “ آئیے!حصولِ برکت کے لئے ایک حدیثِ پاک سنتے ہیں ، چنانچہ
حضرت علیُّ المرتضیٰ ، شیرِخداکَرَّمَ اللہُ وَجْہَہُ الْکَرِیْم سے روایت ہے کہ تاجدارِ رسالت ، سراپا جود و سخاوتصَلَّی اللہُ عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے ارشادفرمایا : عنقریب ایک فتنہ برپا ہوگا۔ میں نے عرض کی : یا رسولَ اللہ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ!اس سے بچنے کا طریقہ کیا ہوگا؟ آپ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے ارشاد فرمایا : اللہ تعالیٰ کی کتاب ، جس میں تمہارے اگلوں اور پچھلوں کی خبریں ہیں اور تمہارے آپس کے فیصلے ہیں ، قرآن فیصلہ کُن ہے اور یہ کوئی مذاق نہیں ہے۔ جو ظالم اسے چھوڑ دے گا اللہ تعالیٰ اسے تباہ کردے گا اور جو اس کے غیر میں ہدایت ڈھونڈے گا اللہ تعالیٰ اسے گمراہ کر دے گا ، وہ اللہ تعالیٰ کی مضبوط رَسّی اور حکمت والا ذکر ہے ، وہ سیدھا رستہ ہے ، قرآن وہ ہے جس کی برکت سے خواہشات بگڑتی نہیں ، دوسری زبانیں مل کر اسے مشکوک نہیں بناسکتیں ، جس سے علمابے پروا نہیں ہوتے ، جو زیادہ دُہرانے سے پرانا نہیں پڑتا ، جس کے عجائبات ختم نہیں ہوتے ، قرآن ہی وہ ہے کہ جب اسے جِنّات نے سنا تو یہ کہے بغیر نہ رہ سکے کہ ہم نے عجیب قرآن سنا ہے جو اچھائی کی رہبری کرتا ہے تو ہم اس پر ایمان لے آئے ، جو قرآن کا قائل ہو وہ سچا ہے ، جس نے اس پر عمل کیا وہ ثواب پائے گا ، جو اس کے مطابق فیصلہ کرے گا وہ انصاف کرنے والاہوگا اور جو اس کی طرف بلائے تو ضرور وہ سیدھی راہ کی طرف بلایا گیا۔ (ترمذی ، کتاب فضائل القرآن ، باب ما جاء فی فضل القرآن ، ۴ / ۴۱۴ ، حدیث : ۲۹۱۵)