Book Name:Ahle-Taqwa Kay 4 Ausaf
اے عاشقانِ رسول! صحابۂ کرام عَلَیْہِمُ الرِّضْوَان کا تقویٰ دیکھئے! دَم کرنے کے بدلے میں بکریاں ملی تھیں ، اُن صحابۂ کرام عَلَیْہِمُ الرِّضْوَان کے لئے یہ ایک نئی صُورت تھی ، قرآن و سُنّت کی روشنی میں ان بکریوں سے متعلق شرعِی حکم معلوم نہیں تھا ، لہٰذا صحابۂ کرام عَلَیْہِمُ الرِّضْوَان اُس وقت تک رُکے رہے جب تک شرعِی حکم معلوم نہیں ہو گیا۔
کاش! ہم بھی یہ عادَت اپنا لیں ، جب تک شریعت کی روشنی میں کسی کام کا حکم معلوم نہ ہو جائے ، اس وقت تک وہ کام نہیں کرنا۔ زہے نصیب! ہم دارُ الافتاء اہلسنت کا نمبر اپنے پاس محفوظ کر لیں ، جب بھی کسی شَے کے متعلق شک ہو ، فوراً شرعی راہنمائی لے لیا کریں۔ الحمد للہ! دعوتِ اسلامی کے آئی ، ٹی ڈیپارٹمنٹ نے دارُ الافتاء اہلسنت کے نام سے موبائِل ایپلی کیشن بھی لاؤنچ کر دی ہے ، اس میں بہت سارے فتاویٰ جات موجود ہیں اور بہت سارا عِلْمِ دین پر مشتمل مواد اس ایک ایپلی کیشن میں موجود ہے۔ یہ ایپلی کیشن اپنے موبائِل میں انسٹال کر لیجئے ، خود بھی فائدہ اُٹھائیے اور دوسروں کو بھی اس کی ترغیب دیجئے۔ اللہ پاک ہم سب کو عمل کی توفیق عطا فرمائے۔ آمِیْن بِجَاہِ خَاتَمِ النَّبِیّٖن صلی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم ۔
زندگی ہو مری پروانے کی صُورت یارَبّ! عِلْم کی شمع سے ہو مجھ کو محبت یارَبّ!
میرے اللہ بُرائی سے بچانا مجھ کو نیک جو راہ ہو ، اس راہ پہ چلانا مجھ کو
پیارے اسلامی بھائیو! اَہْلِ تقویٰ کے اَوصاف جو مسلمانوں کے چوتھے خلیفہ اَمِیْرُ الْمُؤمنین حضرت علی المرتضی رَضِیَ اللہُ عنہ نے بتائے ، ان میں تیسرا وَصْف ہے : اَلْقَنَاعَۃُ بِالْقَلِیْل یعنی تھوڑے پر قناعت کرنا۔