Book Name:Ayat e Durood Shareef

کثرت سے درودِ پاک پڑھا کرے۔ اِنْ شَآءَ اللہُ الْکَرِیْم! سچّا غلامِ مصطفےٰ بننے میں کامیاب ہو جائے گا۔

نیکیوں کا پلڑا وزنی کیسے ہوا...؟

حضرت عبد اللہ بن عمر رَضِیَ اللہُ عنہما سے روایت ہے، غیب جاننے والے نبی، رسولِ ہاشمی صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم نے روزِ قیامت کی خبر دیتے ہوئے فرمایا: قیامت کا دِن ہو گا، حضرت آدم عَلَیْہِ السَّلام سبز لباس پہنے، عرشِ الٰہی کے سائے میں تشریف فرما ہوں گے اور دیکھ رہے ہوں گے کہ ان کی اَوْلاد میں سے کس کس کو جنّت میں لے جایا جاتا ہے اور کس کس کو دوزخ میں پھینکا جاتا ہے۔ اتنے میں آپ عَلَیْہِ السَّلام کی نظر انبیا کے تاجدار، اَحْمَدِ مختار صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم کے ایک اُمَّتی پر پڑے گی، فرشتے اسے جہنّم کی طرف لئے جا رہے ہوں گے، یہ دیکھ کر حضرت آدم عَلَیْہِ السَّلام پُکار کر آواز دیں گے: یَا اَحْمَدُ! یَا اَحْمَدُ! اے اَحْمَد!اے اَحْمَد! صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم ۔

(اللہ! اللہ! اے عاشقان ِ رسول! قربان جائیے! وہ قیامت کا منظر...! وہ ہولناک دِن جب ہر ایک کو بَس اپنی اپنی ہی پڑی ہو گی، سگی ماں بھی اَوْلاد سے دامن چھڑا رہی ہو گی، ہمارے آقا ومولیٰ، ہمیں بخشوانے والے آقا، رَحم فرمانے والے آقا، جنّت میں پہنچانے والے آقا، مالِکِ جنّت، صاحبِ کوثَر، نبئ رَحْمت، شفیعِ اُمّت صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم اس کڑے وقت میں بھی ہم گنہگاروں کو بخشوانے اور جنّت میں پہنچانے کے لئے میدانِ محشر ہی میں موجود ہوں گے۔ اعلیٰ حضرت کے بھائی جان، مولانا حسن رضا خان رَحمۃُ اللہِ عَلَیْہ اس وقت کی کیفیت کو اَشْعَار کی صُورت میں یُوں بیان کرتے ہیں:

کسی کے پَلَّہ پہ یہ ہوں گے وقتِ وزن عمل              کوئی اُمِّید سے منہ اُن کا تک رہا ہو گا