Book Name:Khai Walon Ka Waqia
صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صَلَّی اللہُ عَلٰی مُحَمَّد
فرمانِ مصطفےٰ صَلّی اللہُ عَلَیْہ وآلِہ وسَلَّم:اَفْضَلُ الْعَمَلِ اَلنِّيَّۃُ الصَّادِقَۃُ سچی نیت سب سے افضل عمل ہے۔ ([1]) اے عاشقانِ رسول! ہر کام سے پہلے اچھی اچھی نیتیں کرنے کی عادت بنائیے کہ اچھی نیت بندے کو جنت میں داخِل کر دیتی ہے۔ بیان سننے سے پہلے بھی اچھی اچھی نیتیں کر لیجئے! مثلاً نیت کیجئے! *عِلْم حاصل کرنے کے لئے پورا بیان سُنوں گا * با اَدب بیٹھوں گا *دورانِ بیان سُستی سے بچوں گا *اپنی اِصْلاح کے لئے بیان سُنوں گا *جو سُنوں گا دوسروں تک پہنچانے کی کوشش کروں گا۔
صَلُّوْا عَلَی الْحَبیب! صَلَّی اللّٰہُ عَلٰی مُحَمَّد
سورۂ بُرُوج کا مختصر تعارف
پیارے اسلامی بھائیو!سُورۂ بُرُوج قرآنِ کریم کی ایک مختصر(Short) سُورت ہے، جو 30 وَیں سپارے میں ہے۔ اس میں صِرْف 1 رکوع اور 22 آیات ہیں۔ستاروں کی منزلوں کو بُرُوج کہتے ہیں، اس سورۂ مُبَارکَہ کی ابتدا میں بُرجوں والے آسمان کا ذِکْر ہے، اس مُنَاسبت سے اسے سورۂ بُرُوج کہا جاتا ہے۔اس مُبَارک سُورت کی ابتدا میں ایک سبق آموز، عبرتناک اور ایمان افروز واقعہ بیان ہوا ہے۔اللہ پاک ارشاد فرماتا ہے:
قُتِلَ اَصْحٰبُ الْاُخْدُوْدِۙ(۴) النَّارِ ذَاتِ الْوَقُوْدِۙ(۵) اِذْ هُمْ عَلَیْهَا قُعُوْدٌۙ(۶) وَّ هُمْ عَلٰى مَا یَفْعَلُوْنَ بِالْمُؤْمِنِیْنَ شُهُوْدٌؕ(۷) وَ مَا نَقَمُوْا مِنْهُمْ اِلَّاۤ اَنْ یُّؤْمِنُوْا بِاللّٰهِ الْعَزِیْزِ الْحَمِیْدِۙ(۸) (پارہ:30،اَلْبُرُوج:4-8)
ترجمہ کنزُ العِرْفان: کھائی والوں پر لعنت ہو، بھڑکتی آگ والے جب وہ اس کے کناروں پر بیٹھے ہوئے تھے اور وہ خود اس پر گواہ ہیں جو وہ مسلمانوں کے ساتھ کر رہے تھے اور انہیں مسلمانوں کی طرف سے یہی بات بری لگی کہ وہ اس اللہ پر ایمان لے آئے جو بہت عزت والا، ہر تعریف کے لائق ہے۔