Book Name:Khai Walon Ka Waqia
اس وقت دُنیا بھر میں مسلمان مختلف قسم کی مشکلات کا بھی شکار ہیں جبکہ غیر مسلموں کے حالات ہماری نسبت بہت اچھے ہیں،وہ مالدار بھی ہیں، ان کی بڑی بڑی بلڈنگز بھی ہیں، ان کے ہاں خوشحالی بھی ہے، سب کچھ ہے۔ آخِر ایسا کیوں؟ اس کا بڑا سادہ سا جواب ہے، حدیث شریف میں فرمایا گیا:اَلدُّنْیَا سِجْنُ الْمُؤْمِن وَ جَنَّۃُ الْکَافِر دُنیا مسلمان کیلئے قید خانہ جب کہ غیر مسلم کے لئے جنّت ہے۔([1])
اب خُود غور فرما لیں؛قید خانے میں کیا ہوتا ہے؟ آزمائشیں، مشکلات، تنگیاں ہی ہوتی ہیں۔ لہٰذا ہم مسلمان ہیں تو اس دُنیا میں ہم پر آزمائشیں آئیں گی ہی آئیں گی۔
لوگ آسان سمجھتے ہیں مسلماں ہونا
اللہ پاک قرآنِ کریم میں فرماتا ہے:
اَحَسِبَ النَّاسُ اَنْ یُّتْرَكُوْۤا اَنْ یَّقُوْلُوْۤا اٰمَنَّا وَ هُمْ لَا یُفْتَنُوْنَ(۲) (پارہ:20،العنکبوت:2)
ترجمہ کنزُ العِرْفان:کیا لوگوں نے یہ سمجھ رکھا ہے کہ انہیں صرف اتنی بات پر چھوڑ دیا جائے گا کہ وہ کہتے ہیں ہم”ایمان لائے“اور انہیں آزمایا نہیں جائے گا؟
تفسیر صراط الجنان میں ہے: اس سے معلوم ہوا کہ مسلمانوں کا ان کی ایمانی قوت کے مطابق امتحان لینا،الله پاک کاقانون ہے۔بیماری،ناداری،غربت،مصیبت،یہ سب اللہ پاک کی طرف سے آنے والی آزمائشیں ہیں جن سے مُخْلِص اور منافِق ممتاز ہو جاتے ہیں۔([2])