یاردگار جلوسِ میلاد

اسٹوڈنٹ اجتماع : یکم(st 1) نومبر2019ء بروز جمعہ نمازِ مغرب کے بعد اسٹوڈنٹ اجتماع کا سلسلہ ہوا جس میں پاکستان سے PHD کرنے کیلئے ہانگ کانگ آنے والے طَلَبہ (Students) کی ایک تعداد شریک ہوئی۔ اس اجتماع میں آخِرت کے امتحان کی تیاری سے متعلق بیان کرنے کی سعادت ملی۔

بیان کے بعد ان طلبہ کے ساتھ کھانا کھانے کا موقع ملا اور اس دورانِ گفتگو  سُوال جواب کا سلسلہ بھی جاری رہا۔ اسی گفتگو میں یہ بھی معلوم ہو اکہ کئی پاکستانی طلبہ کو ہانگ کانگ کی حکومت نے اِسکالر شپ پر یہاں بلایا ہے۔ میں نے ان طلبہ کو  آن لائن درسِ نظامی (یعنی عالم کورس) کرنے  اور دعوتِ اسلامی کے مدنی کاموں میں حصہ لے کر دین کی خدمت کرنے کی ترغیب دلائی۔

اگلے دن بروز ہفتہ بھی ہم نے نمازِ فجر باجماعت ادا کی اور پھر مدنی حلقے کا سلسلہ ہوا۔ تفسیر صِراطُ الجِنان سے تین آیات کا تَرجَمہ و تفسیر پڑھا گیا اور پھر فیضانِ نماز سے دَرْس دیا گیا۔ نماز کے فرائض اور شرائط جو گزشتہ دن سِکھائے گئے تھے ان کی دُہرائی (Revision) کے بعد نماز کا پریکٹیکل کروایا گیا۔ نمازِ چاشت ادا کرنے کے بعد آرام کا موقع ملا۔

اسلامی بہنوں کیلئے بیان : ہفتے کی دوپہر “ اسلام میں خواتین کا  کردار “ کے عنوان پر اسلامی بہنوں کے لئے بیان کرنے کی سعادت ملی جسے اسلامی بہنوں نے پردے میں رہتے ہوئے   ہانگ کانگ میں 3مقامات پر جمع ہوکر سنا۔ اس بیان  میں صحابیات اور دیگر بُزرگ خواتین کی دین کے لئے قربانیوں کو بیان کرکے اسلامی بہنوں کو نیکی  کی دعوت عام کرنے اور مشکلات پر صبر کرنے کی ترغیب دلائی گئی۔

پیارے اسلامی بھائیو!دنیا کے دیگر ممالک کی طرح ہانگ کانگ میں بھی اسلامی بھائیوں کے ساتھ ساتھ اسلامی بہنوں میں بھی دعوتِ اسلامی کا مدنی کام جاری ہے۔ ہفتہ وار سنّتوں بھرے اجتماعات ، مدنی حلقے ، مدرسۃُ المدینہ بالِغات ، مدنی دورہ ، درسِ فیضانِ سنّت اور دیگر مدنی کاموں کی دھوم دھام ہے۔ ہانگ کانگ میں بھی اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ  مدنی ماحول کی برکت سے اسلامی بہنوں کی ایک تعداد شرعی پردہ کرنے کی سعاد ت پارہی ہے۔

اجتماعِ میلاد : نمازِ عشاء کے بعد ایک عظیمُ الشّان اجتماعِ میلاد کا سلسلہ ہوا۔ اس اجتماع میں عشقِ رسول کی اہمیت ، کسی سے محبت کرنے کی وُجوہات ، نبیِّ پاک   صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم   کے اَوصاف و کمالات اور اُمّت پر آپ کے احسانات کے عنوان پر بیان کا موقع ملا۔ اجتماع کے بعد اسلامی بھائیوں کے ساتھ لنگرِ میلاد کھانے کی  سعادت ملی۔

جلوسِ میلاد : ہانگ کانگ کی سَرزمین پر جُلوسِ میلاد کا آغاز کرنے کا اعزاز دعوتِ اسلامی کو حاصل ہے  اور ہمارے سفر کا ایک اہم مقصد بھی جلوسِ میلاد میں شریک ہونا تھا۔ اس  سال اَمْن و اَمان کے حوالے سے  ہانگ کانگ کے حالات ماضی کی طرح اچھے  نہیں تھے لیکن اس کے باوجود یہاں کی حکومت نے دعوتِ اسلامی کو جلوسِ میلاد کی اجازت دی تھی۔ اگلے دن بروز اتوار نمازِ ظہر کے بعد ہم جلوسِ میلاد کے آغاز کے مقام (Starting Point)پر پہنچے  تو مختلف عمروں  اور الگ الگ رنگ و نسل کے  ہزاروں  عاشقانِ رسول موجود تھے۔ نعتیں پڑھتے ، مرحبا یا مصطفےٰ کے نعروں کی دھومیں مچاتے اور نیکی کی دعوت دیتے ہوئے جلوسِ میلاد  اپنے مقرّر شدہ راستوں سے ہوتا  ہوا اختتام پذیر ہوا۔

یادگار اجتماع : جلوسِ میلاد کے اختتام پر ایک میدان میں سنّتوں بھرا اجتماع منعقد کیا گیا جس میں شدید گرمی کے باوجود ڈیڑھ سے دو گھنٹے عاشقانِ رسول دھوپ برداشت کرتے ہوئے شریک رہے۔ یہاں مجھے نبیِّ کریم   صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم   اور صَحابۂ کرام   علیہمُ الرِّضوان   کے ابتدائے اسلام کے واقعات سے متعلق بیان کرنے کا موقع ملا۔ بیان کے دوران حاضرین کو دعوتِ اسلامی کے مدنی ماحول سے وابستہ رہنے اور ہانگ کانگ میں نیکی کی دعوت عام کرنے کی ترغیب دلائی گئی۔ اس موقع پر مدرسۃُ المدینہ میں پڑھنے والے ایک مدنی منے کا چائنیز زبان میں بیان بھی ایک  یادگار منظر تھا۔ اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ دعوتِ اسلامی کے تحت  ہانگ کانگ میں تقریباً 700بچّے اور بچّیاں قراٰنِ کریم حفظ و ناظرہ کی تعلیم حاصل کررہے ہیں۔ اجتماع کے اختتام پر سرکارِ دو عالَم ، حضور نبی اکرم    صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم   کے مُوئے مبارک  (یعنی بال شریف) کی زیارت کا اہتمام بھی  کیا گیا تھا۔

اس موقع پر میرے ساتھ ہانگ کانگ آنے والے تاجر اسلامی بھائیوں کی  آنکھوں میں خوشی کے آنسو تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم سوچ بھی نہیں سکتے تھے کہ ہانگ کانگ جیسے ملک میں دعوتِ اسلامی کا اتنا زیادہ مدنی کام ہوگا اور ایسا عظیمُ الشّان جلوسِ میلاد نکلے گا۔

پاکستان واپسی : جلوسِ میلاد کے بعد ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رہا اور پھر رات تقریباً ساڑھے12بجے کی فلائٹ کے ذریعے ہم ہانگ کانگ سے دبئی کے لئے روانہ ہوئے۔ ماہنامہ فیضانِ مدینہ کے قارئین کے لئے یہ بات دلچسپی کا باعث ہوگی کہ دبئی سے ہانگ کانگ آنے کا سفر7گھنٹے جبکہ واپسی کا سفر9گھنٹے کا ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ  مغرب سے مَشرِق کا  فَضائی سفر ہوا کے مُوافق ہونے کے باعث جلد طے ہوجاتا ہے جبکہ مَشرِق سے مغرب  کی طرف سفر کرتے ہوئے چونکہ ہوا کا رُخ  عموماً مخالف ہوتا ہے اس لئے زیادہ وقت لگتا ہے۔ یہ بھی یاد رہے کہ ہانگ کانگ اور متحدہ عَرَب اَمارات کے اسٹینڈرڈ ٹائم میں4گھنٹے کا فرق ہے یعنی ہانگ کانگ کا وقت عرب امارات سے 4گھنٹے آگے ہے۔

اللہ کریم ہمارے اس سفر کو قبول فرمائے اور ہانگ کانگ میں دعوتِ اسلامی کے مدنی کاموں کو دن گیارھویں رات بارھویں ترقی عطا فرمائے۔                                             اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن   صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم 

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ*رکنِ شوریٰ و نگران مجلس مدنی چینل

 


Share