تعزیت و عیادت

(ماہنامہ اپریل 2202)

حضرت سیّد میر طیِّب علی شاہ صاحب کے انتقال پر تعزیت

نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ وَنُسَلِّمُ عَلٰی خَاتَمِ النَّبِیّٖن

عقل مند کون؟مکتبۃُالمدینہ کی کتاب احیاءُالعلوم  (مترجم) ، جلد5 ، صفحہ نمبر 599 پر حضرت سیّدُنا امام محمد بن محمد بن محمد غزالی  رحمۃُ اللہِ علیہ    فرماتے ہیں : عقلمند وہ ہے جو دوسرے کی قبر دیکھ کر خود کو اس میں  تصوُّر کرتا ہے اور قبر والوں کے ساتھ  جا ملنے کی تیاری کرتا ہے  اور یہ یقین رکھتا ہے کہ جب تک وہ ان میں شامل  نہیں ہوگا وہ اس کے منتظر رہیں گے۔ (احیاءُ العلوم ، 5 / 240)

بے وفا دنیا پہ مت  کر اعتبار  تو اچانک موت کا ہو گا شکار

ایک دن مرنا ہے آخر موت ہے                      کر لے جو کرنا ہے آخر موت ہے

سگِ مدینہ محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی  عُفِیَ عَنْہُ  کی جانب سے

اَلسَّلَامُ عَلَیْکُمْ وَرَحْمَۃُ اللّٰہِ وَبَرَکَاتُہٗ

مجھے یہ افسوسناک خبر ملی کہ حضرت پیر سیّد نہرام شاہ صاحب بخاری اور حضرت پیر سیّد شہریار شاہ صاحب بخاری کے والدِ گرامی اور حضرت پیر سیّد صمصام علی شاہ صاحب بخاری کے بھائی حضرت پیر سیّد میر طیِّب علی شاہ صاحب بخاری (سجادہ نشین آستانۂ عالیہ حضرت کرمانوالہ شریف ، پنجاب) شوگر اور گردوں کے مرض میں مبتلا رہنے کے بعد11جُمادَی الاُخریٰ1443 سِنِ ہجری مطابق 15 جنوری 2022ء کو 65 سال کی عمر میں اوکاڑہ میں  انتقال فرما گئے ۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَاِنَّآ اِلَیْہِ رٰجِعُوْن۔

میں تمام سوگواروں سے تعزیت کرتا ہوں اور صبر و ہمت سے کام لینے کی تلقین۔

اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ رَبِّ الْعٰلَمِیْنَط وَالصَّلٰوۃُ وَالسَّلَامُ عَلٰی خَاتَمِ النَّبِیّٖن

یاربَّ المصطفےٰ  جَلَّ جَلَالُہ  و  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ! حضرت پیر سیّد میر طیِّب علی شاہ صاحب بخاری کو غریقِ رحمت فرما ، اے اللہ پاک! انہیں اپنے جوارِ رحمت میں جگہ نصیب فرما ، مولائے کریم! ان کی قبر جنّت کا باغ بنے ، رحمت کے پھولوں سے ڈھکے ، تاحدِ نظر وسیع ہوجائے ، یااللہ پاک! ان کی قبر کی گھبراہٹ ، وحشت اور تنگی دور ہو ، ربِّ کریم! قبر کا اندھیرا بھی دور کردے ، اے اللہ پاک! نورِ مصطفےٰ کا صدقہ ان کی قبر تاحشر جگمگاتی رہے۔

روشن کر قبر بیکسوں کی                                                                           اےشمعِ جمالِ مصطفائی

تاریکیِ گور سے بچانا                                                                                             اے شمعِ جمالِ مصطفائی

یااللہ پاک! مرحوم کی بے حساب مغفرت فرماکر انہیں جنّتُ الفردوس میں اپنے پیارے پیارے آخری نبی ، مکی مدنی ، محمدِ عربی  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  کا پڑوسی بنا ، یااللہ پاک! تمام سوگواروں کو صبرِجمیل اور صبرِ جمیل پر اجرِ جزیل مرحمت فرما ، یااللہ پاک! میرے پاس جو کچھ ٹُوٹے پُھوٹے اعمال ہیں اپنے کرم کے شایانِ شان ان پر اجر عطا فرما ، یہ سارا اجر و ثواب جنابِ رسالت مآب  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  کو عنایت فرما ، بوسیلۂ خَاتَمُ النَّبِیّٖن  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  یہ سارا ثواب مرحوم حضرت پیر سیّد میر طیِّب علی شاہ صاحب بخاری سمیت ساری امّت کو عنایت فرما۔ اٰمِیْن بِجَاہِ خَاتَمِ النَّبِیّٖن  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

تمام سوگوار صبر و ہمت سے کام لیں ، اللہ پاک کی رضا پر راضی رہیں ، سب نے دنیا سے جانا ہے ، جی ہاں! اپنی بھی عنقریب باری آنی  ہے ، موت آنی ہی آنی ہے ، جان جانی ہی جانی ہے ، کوئی بھی یہاں ہمیشہ رہنے کے لئے نہیں آیا ، جانے والے کے لئے خوب دعائے مغفرت کی جائے ، ایصالِ ثواب کیا جائے ، ہوسکے تو صدقۂ جاریہ کے کام کئے جائیں مگر بے صبری نہ کی جائے کہ بے صبری کرنے سے جانے والے نے پلٹ کر کہاں آنا ہوتا ہے! الٹا صبر کے ذریعے ہاتھ آنے والا جنّت کا خزانہ ہاتھوں سے جاتا رہتا ہے۔

یہ صبر تو خزانۂ جنّت ہے بھائیو!                                                               عاشق کے لب پہ شکوہ کبھی بھی نہ آسکے

ہمیں دنیا سے جانے والے سے اپنی موت کی یاد کا سامان کرنا چاہئے ، اپنی آخرت کی تیاری بڑھا دینی چاہئے ، روزانہ ہی تو لوگوں کی اموات ہورہی ہیں ، ڈیلی نہ جانے کتنے لوگ دنیا سے چلے جاتے ہیں ، ایک دن ان فوت ہونے والوں کی لسٹ میں اپنا بھی نام آنے والا ہے ، آج لوگ ہمیں جناب کہتے ہیں مگر کل مرحوم کہا کریں گے ، آج کسی خاتون کو محترمہ کہا جاتا ہے تو کل مرحومہ کہہ کر پکارا جائے گا ، ہاں! ہاں!

مرتے جاتے ہیں ہزاروں آدمی                        عاقل و نادان آخر موت ہے

یعنی عقل مند بھی مررہے ہیں ، نادان / ناسمجھ بھی موت کے گھاٹ اتر رہے ہیں۔

بارہا عِلمیؔ تجھے سمجھا چکے                                                                          مان یا مت مان آخر موت ہے

ایک دن مرنا ہے آخر موت ہے                                                    کرلے جو کرنا ہے آخر موت ہے

الموت۔ ۔ ۔ الموت۔ ۔ ۔ الموت

( كُلُّ نَفْسٍ ذَآىٕقَةُ الْمَوْتِؕ- ) ترجَمۂ کنزُالایمان : ہر جان کو موت کا مزہ چکھنا ہے۔ (پ17 ، الانبیآء : 35)  (اس آیت کی مزید وضاحت کے لئے یہاں کلک کریں)

مختلف پیغاماتِ عطّاؔر

شیخِ طریقت ، امیرِ اہلِ سنّت حضرت علّامہ مولانا ابوبلال محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی  دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ  نے جنوری2022ء میں نجی پیغامات کے علاوہ المدینۃُ العلمیہ (اسلامک ریسرچ سینٹر) کے شعبہ “ پیغاماتِ عطّاؔر “ کے ذریعے تقریباً 1915پیغامات جاری فرمائے جن میں 409تعزیت کے ، 1310عیادت کے جبکہ 196دیگر پیغامات تھے ، تعزیت والوں میں سے چند کے نام یہ ہیں :

شیخِ طریقت ، امیرِ اہلِ سنّت  دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ  نے (1)استاذُ الحفاظ ، مولانا پیر سیّد مبارک حسین شاہ صاحب گیلانی چشتی نظامی (واہ کینٹ ، پنجاب) [1] (2)حضرت مولانا پیر حاجی سیّد نجابت علی شاہ صاحب (چھما ، نارووال پنجاب) [2] (3)حضرت مولانا غلام محیُ الدّین قادری رضوی صاحب (پام پور ، کشمیر) [3] سمیت 409 عاشقانِ رسول کے انتقال پر ان کے سوگواروں سے تعزیت کی اور مرحومین کے لئے دُعائے مغفرت کرتے ہوئے ایصالِ ثواب بھی کیا۔

مفتی شجاعُ الدّین رَتَوِی صاحب کے لئے دعائے صحت

نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ وَنُسَلِّمُ عَلٰی خَاتَمِ النَّبِیّٖن

مصیبت پر غمگین نہیں ہوتا

حضرت سیِّدُناابوحازم  رحمۃُ اللہِ علیہ  فرماتے ہیں : جو دنیا کی حقیقت کو جان لیتا ہے وہ اس میں کشادگی یعنی خوشحالی کے ساتھ بھی خوش نہیں رہتا اور کسی آزمائش و مصیبت پر غمگین بھی نہیں ہوتا۔ (حلیۃ الاولیاء ، 3 / 276 ، رقم : 3942)

اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ رَبِّ الْعٰلَمِیْنَ وَالصَّلٰوۃُ وَالسَّلَامُ عَلٰی خَاتَمِ النَّبِیّٖن

یاربَّ المصطفٰے  جَلَّ جَلَالُہ  و  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ! مفتی شجاعُ الدّین رَتَوِی صاحب کو شوگر ، بلڈپریشر اور دیگر امراض سے شفائے کاملہ ، عاجلہ ، نافعہ عطا فرما ، یااللہ پاک! انہیں صحتوں ، راحتوں ، عافیتوں ، عبادتوں ، ریاضتوں اور دینی خدمتوں بھری طویل زندگی عطا فرما ، مولائے کریم! یہ بیماری ، یہ تکلیف ان کے لئے ترقیِ درجات کا باعث ، جنّتُ الفردوس میں بے حساب داخلے اور جنّتُ الفردوس میں تیرے پیارے حبیب  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  کا پڑوس پانے کا ذریعہ بنے ، یااللہ پاک! کربلا والوں کا صدقہ اِن کی جھولی میں ڈال دے ، یاربِّ کریم! انہیں در در کی ٹھوکروں ، اسپتالوں کے پھیروں ، ڈاکٹروں کے دھکوں اور دواؤں کے خرچوں سے نجات عطا فرما ، یااللہ پاک! انہیں صبر عطا فرما ، صبر پر ڈھیروں ڈھیر اجر عطا فرما ، یااللہ پاک! ان پر رحمت کی خاص نظر فرما۔ اٰمِیْن بِجَاہِ خَاتَمِ النَّبِیّٖن  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

لَا بَاْسَ طَھُوْرٌ اِنْ شَآءَ اللہ! لَا بَاْسَ طَھُوْرٌ اِنْ شَآءَ اللہ! لَا بَاْسَ طَھُوْرٌ اِنْ شَآءَ اللہ! (یعنی کوئی حرج کی بات نہیں اللہ نے چاہا تو یہ مرض گناہوں سے پاک کرنے والا ہے۔ )بےحساب مغفرت کی دعا کا ملتجی ہوں۔

شیخِ طریقت ، امیرِ اہلِ سنّت  دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ  نے * مفتی محمد انعام المصطفیٰ اعظمی صاحب * حضرت مولانا مفتی فرمان علی صاحب * مفتی محمد اشرف رضوی صاحب * سابق اسپیکر بلوچستان ، ممبر نیشنل اسمبلی محمد اسلم بھوتانی سمیت 1310 بیماروں اور دُکھیاروں کے لئے دُعائے صحت و عافیت بھی فرمائی۔



[1] تاریخِ وفات:29جمادی الاُولیٰ 1443ھ مطابق3جنوری2022ء

[2] تاریخِ وفات:6جمادی الاخریٰ1443ھ مطابق10جنوری2022ء

[3] تاریخِ وفات:21جمادی الاخریٰ1443ھ مطابق25جنوری2022ء۔


Share

Articles

Comments


Security Code