سفر نامہ

یوکے کا سفر

* مولانا عبد الحبیب عطاری

 (ماہنامہ اپریل 2022)

اللہ پاک کے فضل و کرم سے ہم ایک بار پھر دعوتِ اسلامی کے دینی کاموں کے سلسلے میں تقریباً2 سال کے وقفے کے بعد 28 اکتوبر 2021ء بروز جمعرات U.K کے دار الحکومت لندن پہنچے۔ لندن کے ہیتھرو ایئر پورٹ پر اسلامی بھائیوں نے ہمارا استقبال کیا اور پھر ہم گاڑی میں برمنگھم روانہ ہوئے۔ برمنگھم فیضانِ مدینہ میں سنّتوں بھرے اجتماع میں بیان کی سعادت ملی جہاں اسلامی بھائیوں کی ایک تعداد موجود تھی۔ اجتماع کے بعد ذمہ داران کا مدنی مشورہ ہوا جس میں نمایاں کارکردگی والے اسلامی بھائیوں کی حوصلہ افزائی کی ترکیب بھی ہوئی۔

جشنِ ولادت کی تشہیر نرالے انداز میں : یہاں سے فارغ ہوکر ہم نے برمنگھم کے ایک بس اسٹینڈ کا وزٹ کیا۔ یہ ان متعدد اسٹینڈز میں سے ایک ہے جہاں دعوتِ اسلامی کی طرف سے جشنِ ولادت کے سلسلے میں تشہیری الیکٹرانک بورڈ (Advertisement Electrical Board) لگائے گئے ہیں۔ ان بورڈز میں نہ صرف مسلمانوں کے لئے نیکی کی دعوت ہے بلکہ غیر مسلموں کے لئے یہ پیغام بھی ہے کہ مسلمان اللہ پاک کے آخری نبی  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  سے کتنی زیادہ محبت کرتے ہیں۔

 نمازِ جمعہ اور صلوٰۃ و سلام : اگلے دن ہم نے جمعۃُ المبارک کی نماز برمنگھم کے علاقے اسٹیچ فورڈ کے فیضانِ مدینہ میں ادا کی۔ نمازِ جمعہ سے پہلے موت کی یاد کے عنوان پر بیان کی سعادت بھی نصیب ہوئی۔ نمازِ جمعہ کے بعد صلوٰۃ و سلام اور اسلامی بھائیوں سے ملاقات کا سلسلہ ہوا۔

پیارے اسلامی بھائیو! ہم سب کو کوشش کرنی چاہئے کہ اگر کوئی مجبوری نہ ہو تو نمازِ جمعہ کے بعد مدینۂ طیبہ کی جانب منہ کر کے اجتماعی طور پر صلوٰۃ و سلام میں ضرور شرکت کیا کریں۔ درود و سلام ، وہ بھی جمعہ کے دن اور سونے پر سہاگہ یہ کہ مدینے کی طرف منہ کرکے مسلمانوں کے ساتھ مِل کر پڑھنا اور پھر بارگاہِ الٰہی میں دعا مانگنا ، اِن شآءَ اللہ  دنیا وآخرت میں اس کی بےشمار برکتیں حاصل ہوں گی۔

اس کے بعد جامعۃُ المدینہ کے طلبۂ کرام کے ساتھ بیٹھنے کا موقع ملا ، اس موقع پر طلبہ کو دل لگاکر علمِ دین حاصل کرنے اور ساتھ ساتھ دعوتِ اسلامی کے مدنی کاموں میں حصہ لینے کی ترغیب دلائی۔

یہاں سے فارغ ہوکر ہم برمنگھم کے علاقے اسپارک ہل میں واقع فیضانِ دیارِ مدینہ مسجد میں حاضر ہوئے جہاں ایک نکاح کی تقریب میں شرکت ہوئی اور اس موقع پر بیان کرنے کا موقع بھی ملا۔

تبرکات کا فیضان : آج ہی ہم برمنگھم راچڈیل میں ایک ایسے اسلامی بھائی کے گھر حاضر ہوئے جو تبرکات کے دیوانے ہیں۔ انہوں نے اپنے گھر میں ایک کمرہ تبرکات کے لئے مختص کررکھا ہے جہاں نہایت پیارے پیارے تبرکات جمع کئے ہیں ۔ تبرکات کی زیارت کروانے کے علاوہ انہوں نے مجھے نہایت عظیم تبرکات کے تحفے سے بھی نوازا ، جیسے : تزئین و آرائش اور صفائی کے کام کے دوران حجرِ اسود سے جدا ہونے والے کچھ ذرات ، سرکارِ مدینہ  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  کے سبز عمامہ شریف کا پیس اور کرتا مبارک کے چند دھاگے۔ اس اسلامی بھائی کے پاس ان تبرکات کے باقاعدہ سرٹیفکیٹ بھی موجود ہیں۔ ایک تحفہ جو انہوں نے میری درخواست پر عطا فرمایا وہ شیشے کی ایک نلکی میں موجود پیارے آقا  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  کی مبارک زلفوں کے کئی طویل بال ہیں۔ اب تک کا مشاہدہ اور تجربہ یہ ہے کہ اللہ پاک کے آخری نبی  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  کے بال مبارک بڑھتے رہتے ہیں ، مجھے امید ہے کہ کچھ ہی عرصے میں مجھے ملنے والے یہ بال مبارک بڑھتے بڑھتے ایک پورا گُچھہ بن جائیں گے۔

میری نیت ہے کہ اِن شآءَ اللہ  ان تبرکات کو پاکستان لائیں گے اور پھر سلسلہ ’’ذہنی آزمائش‘‘ کے کسی پروگرام میں ان کی زیارت کروائیں گے۔ اللہ پاک امامِ اہلِ سنّت کی یہ دعا ہمارے حق میں بھی قبول فرمائے :

ہم سِیہ کاروں پہ یاربّ تپشِ محشر میں

سایہ افگن ہوں تِرے پیارے کے پیارے گیسو

دستارِ فضیلت اجتماع : 30اکتوبر2021ء بروز ہفتہ بریڈ فورڈ فیضانِ مدینہ میں جامعۃ المدینہ کا دستارِ فضیلت اجتماع منعقد کیا گیا جس میں درسِ نظامی مکمل کرنے والے اسلامی بھائیوں کے سروں پر عمامہ شریف سجایا گیا۔ اس موقع پر مدرسۃ المدینہ سے حفظ و ناظرہ مکمل کرنے والے کچھ طلبۂ کرام کو بھی حوصلہ افزائی کیلئے سرٹیفکیٹ دئیے گئے۔ اس موقع پر حضرت علامہ مولانا مفتی شمس الھدیٰ مصباحی صاحب نے بھی شفقت فرمائی اور اس اجتماع میں شریک ہوئے۔ آخر میں مجھے تحفے میں ملنے والے تبرکات کی زیارت کا سلسلہ بھی ہوا۔ اللہ کریم ان تمام اسلامی بھائیوں ، مدنی منّوں اور ان کے گھر والوں کو دنیا و آخرت کی برکتیں عطا فرمائے۔ اٰمین

غیر مسلموں کی عبادت گاہ مسجد بن گئی : آج رات ہم نے بریڈ فورڈ میں ایک مین روڈ پر کارنر کی جگہ پر قائم ہونے والے دعوتِ اسلامی کے نئے مدنی مرکز فیضانِ مکہ کی زیارت کی۔ یہ جگہ پہلے غیر مسلموں کی عبادت گاہ تھی جسے اب مسجد میں تبدیل کردیا گیا اور اب یہاں پانچوں وقت باجماعت نماز کا سلسلہ جاری ہے۔ اِن شآءَ اللہ  مستقبل میں اس جگہ پر نئے سرے سے باقاعدہ مدنی مرکز کے طور پر تعمیرات کی جائیں گی۔

رات کو ہم اولڈ ہم(Oldham) میں دعوتِ اسلامی کے زیرِ تعمیر مدنی مرکز کے مقام پر حاضر ہوئے۔ اس جگہ مسجد کے ساتھ ساتھ مدرسۃ المدینہ ، دارالمدینہ اور اسلامی بہنوں کی اجتماع گاہ بھی تعمیر ہوگی۔ اندازہ یہ ہے کہ ان تعمیرات پر تقریباً 10 سے 15 لاکھ پاؤنڈ کے درمیان خرچ ہوگا جو پاکستانی کرنسی میں کم و بیش 23 سے 35 کروڑ روپے کے درمیان بنتے ہیں۔ اللہ کریم ان تعمیرات کو خیر و عافیت سے مکمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔

محفلِ میلاد شریف : 31اکتوبر اتوار کی رات برسٹل کے فیضانِ مدینہ میں محفلِ میلاد شریف میں حاضری ہوئی جہاں سنتوں بھرا بیان کرنے کا موقع ملا۔

 مختلف مراکز کا دورہ : یکم نومبر بروز پیر ہم نے برمنگھم میں ویٹن روڈ آسٹن پر واقع دعوتِ اسلامی کے شعبے FGRF کے آفس کا دورہ کیا۔ اس کے بعد ہم نے سالٹ لے برمنگھم میں دارُالمدینہ نرسری کا وزٹ کیا۔ اس کے بعد اسپارک ہل برمنگھم میں ایک ایسی جگہ پہنچے جہاں اسلامی بہنوں کا مدرسۃ المدینہ اور مرکز بنانے کے لئے جگہ خریدی گئی ہے۔ آج ہی ہم نے Dudley میں زیرِ تعمیر دار المدینہ کا دورہ بھی کیا۔

 لیسٹر میں عظیم الشان مدنی مرکز : برمنگھم ریجن میں دعوتِ اسلامی کے مختلف مدنی مراکز بالخصوص نئی خریدی گئی عمارات کو دیکھنے کے بعد ہم لیسٹر پہنچے۔ یہاں ہم نے پہلے ایک عمارت خریدی تھی جس کے مختلف حصوں میں اب تعمیرات کا سلسلہ جاری ہے۔ اس عمارت میں فیضانِ مدینہ مسجد ، جامعۃ المدینہ اور مدرسۃ المدینہ تو پہلے سے موجود ہیں ، اب یہاں دارالمدینہ کے پری نرسری سیکشن کی تعمیرات تکمیل کے قریب ہیں ، اِن شآءَ اللہ  آگے چل کر اسی عمارت میں دار المدینہ کی پرائمری اور سیکنڈری برانچز کا بھی آغاز ہوگا۔ دار المدینہ اسکولنگ سسٹم اس وقت دنیا بھر کے مسلمانوں کی اہم ترین ضرورت ہے تاکہ ہماری آئندہ نسلیں شریعت کے دائرے میں رہتے ہوئے دنیوی تعلیم سے بھی آراستہ ہوسکیں۔

الحمد للہ! اسی عمارت میں Funeral Services کا سلسلہ بھی شروع کیا گیا ہے جہاں فوت شدہ مسلمانوں کو شرعی طریقے کے مطابق غسلِ میت دیا جاتا ہے۔

اللہ کریم یورپ کے اہم ترین ملک UK میں موجود دعوتِ اسلامی کے ان تمام مراکز کو ہمیشہ آباد رکھے اور ان کے ذریعے یہاں کے مسلمانوں میں نیکی کی دعوت خوب عام فرمائے۔ اٰمِیْن بِجَاہِ النّبیِّ الْاَمِیْن  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

* رکنِ شوریٰ ونگران مجلس مدنی چینل


Share