Book Name:Nekiyon kay Harees
٭……میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو! حضرتِ سیدنا عثمانِ غنی رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُ کی نیکیوں کی حرص آپ نے مُلاحظہ فرمائی، بوقتِ شہادت بھی آپ تلاوتِ قرآنِ فرما رہے تھے۔
قرآنِ کریم کی تلاوت مسلمان کے لیے بہت بڑی سعادت ہے،قرآنِ کریم کی کئی ایسی سُورتیں ہیں جن کی تلاوت کی برکت سے مختصر سے وقت میں ثواب کاعظیم خزانہ جمع کیا جاسکتا ہے،جیسا کہ سورۂ یٰسین شریف، جس کی تلاوت میں 8، 10 منٹ لگتے ہیں مگر ثواب کیسا ہے سُنئے، سورۂ یٰسین کو ایک مرتبہ پڑھنے سے 10 قرآن کا ثواب حاصل ہوتا ہے، سورۂ یٰسین کی تلاوت سے 20 حج کا ثواب ملتا ہے اور جو خوش نصیب اسے اللہ عَزَّ وَجَلَّ کی رضا اور آخرت کی بہتری کے لئے پڑھے اس کے لئے مغفرت کی بشارت ہے۔
سُورَۂ مُلْک صرف 30 آیات پر مشتمل سورت ہے، اس کو پڑھنے میں 4، 5 منٹ لگتے ہیں مگر ثواب کیسا ہے سبحان اللہ! سُورَۂ مُلْک عذابِ قبر سے بچاتی ہے، سُورَۂ مُلْک اپنے پڑھنے والے کے لئے شفاعت کرتی رہے گی یہاں تک کہ اس کی مغفرت کر دی جائے گی۔
مزید سنئے! اور شوقِ تلاوت پیدا کیجئے! چنانچہ
حضرتِ سیِّدُنا معقل بن یسار رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُ سے مروی ہے :نبیِ کریم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَ سَلَّم نے فرمایا :جو شخص صبح کے وقت3 باراَعُوْذُبِاللّٰہِ السَّمِیْعِ الْعَلِیْمِ مِنَ الشَّیْطٰنِ الرَّجِیْم کہے اور سورۂ حشر کی آخری 3 آیات پڑھے تو اللہ عَزَّ وَجَلَّ اس کے لئے ستّرہزار(70000) فرشتے مقررکردیتاہے جوشام تک اس کے لیے دعائے رحمت کرتے ہیں اوراگر اس دن مرے تو شہید ہوگااورشام کو پڑھے تو صبح تک یہی فضیلت ہے۔(سُنَنُ التِّرْمِذِیّ ج۴ ص۴۲۳حدیث۲۹۳۱)
٭……ایک روایت میں ہے کہ’’سورۂ بقرہ‘‘ میں ایک آیت ہے جو قرآنِ پاک کی تمام آیتوں کی سردارہے،وہ آیت جس گھر میں پڑھی جائے اس گھر سے شیطان نکل جاتاہے اوروہ آیۃُ الکرسی ہے ۔