Book Name:Chehra e Mustafa Dekhtay Rahey Gay
انصاری صحابیہ رَضِیَ اللہ عنہا نےفرمایا : مجھے رسول اللہ صلی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم کی زِیارت کروا دو۔ جب آپ صلی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم کی زیارت کی تو عَرْض کرنے لگی : کُلُّ مُصِیْبَةٍ بَعْدَكَ جَلَلٌ یعنی آپ صلی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم کے ہوتے ہوئے ہر مصیبت ہیچ ( معمولی ) ہے۔ ( [1] )
بڑھ کر اُس نے رُخِ اَنْوَر کو جو دیکھا تو کہا ! تُو سَلامَت ہے تو پھر ہیچ ہیں سب رَنْج و اَلَم
مَیں بھی اور باپ بھی شوہَر بھی بَرادَر بھی فِدا اے شہِ دیں ! تِرے ہوتے کیا چیز ہیں ہم
صَلُّوْا عَلَی الْحَبیب ! صَلَّی اللّٰہُ عَلٰی مُحَمَّد
اے عاشقانِ رسول ! حُسْنِ مصطفےٰ کے بہت سارے کمالات اور امتیازی شانیں ہیں ، مثلاً حُسْنِ مصطفےٰ کامِل ترین حُسْن ہے ، دُنیا کا کوئی بھی حَسِیْن ہمارے آقا و مولا ، مکی مدنی مصطفےٰ صلی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم سے بڑھ کر حَسِین نہیں ہے ، یہاں تک کہ حضرت یُوسُف عَلَیْہِ السَّلَام کا حُسْن مبارک بھی حُسْنِ مصطفےٰ کا ایک جُز ( Part ) ہے ، اسی طرح آپ صلی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم کا حُسْن مبارک حُسْنِ مَلِیْح ( یعنی دلکش حُسْن ) ہے ، بعض حُسْن ہوتے ہیں جو آنکھوں کو چبھتے ہیں ، انہیں آنکھ بھر کر دیکھا نہیں جاتا مگر سرورِ عالَم ، نورِ مُجَسَّم صلی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم کا حُسْن مبارک حُسْنِ مَلِیْح ہے ، اسے دیکھ لیں تو آنکھ ہٹتی نہیں ہے ، دِل بھرتا نہیں ہے۔
حُسْنِ مصطفےٰ کی ایک بہت نرالی ( Unique ) اور بےمثال شان یہ ہے کہ حُسْنِ مصطفےٰ حُسْنِ ہدایت ہے۔ دُنیا میں لاکھوں ، کروڑوں حَسِیْن ہوئے ہیں ، قیامت تک ہوں گے مگر عموماً ایسا ہوتا ہے کہ حُسْن کے ساتھ فتنے ہوتے ہیں ، جہاں حُسْن ہو ، وہاں شیطان کے وار