Book Name:Hadees e Qudsi Aur Shan e Ghous e Azam
غوثِ پاک رَحمۃُ اللہ عَلَیْہ قاسِمِ وِلایَت ہیں
علّامہ عبد القادِر اَرْبَلِی رَحمۃُ اللہ عَلَیْہ لکھتے ہیں:جب اللہ پاک اپنے بندوں میں سے کسی کو تاجِ وِلایت عطا فرمانا چاہتا ہے تو حکم فرماتا ہے:اس بندے کو ہمارے محبوب حضرت مُحَمَّد مصطفےٰ صَلَّی اللہ عَلیہ وَآلہٖ و َسَلَّم کی بارگاہ میں پیش کرو!چنانچہ اسے بارگاہِ مصطفےٰ صَلَّی اللہ عَلیہ وَآلہٖ و َسَلَّم میں پیش کیا جاتا ہے ، سرکارِ عالی وقار ، مکی مدنی تاجدار صَلَّی اللہ عَلیہ وَآلہٖ و َسَلَّم فرماتے ہیں:اسے ہمارے شہزادے عبد ُالقادِر جِیلانی ( رَحمۃُ اللہ عَلَیْہ ) کے پاس لے جاؤ!تاکہ وہ اس کی قابلیت دیکھ لیں ، چنانچہ اسے بارگاہِ غوثیت میں پیش کر دیا جاتا ہے ، حُضُورِ غوثِ پاک رَحمۃُ اللہ عَلَیْہ اس کی قابلیت کو دیکھ کر اس کا نام دَفْترِ مُحَمَّدِی میں لکھ کر مُہر لگا دیتے ہیں ۔ پھر اس شخص کو دوبارہ بارگاہِ رِسالت میں پیش کیا جاتا ہے ، قاسِمِ نعمت ، مالِکِ جنّت ، صاحِبِ کوثر صَلَّی اللہ عَلیہ وَآلہٖ و َسَلَّم اس کی وِلایت کا حکم جاری فرماتے ہیں ، پھر اسے رُتبۂ وِلایت عطا کر دیا جاتا ہے اور وہ عالَمِ غیب و عالَمِ شہادت میں مقبول ہو جاتا ہے ۔ ([1])
سُبْحٰنَ اللہ!یہ ہیں ہمارے غوثِ اعظم ، شیخ عبد ُالقادِر جِیلانی رَحمۃُ اللہ عَلَیْہ ...! اللہ پاک نے آپ کو کیسی کیسی شانوں سے نوازا ہے ۔ اللہ پاک ہمیں حُضُور غوثِ پاک رَحمۃُ اللہ عَلَیْہ کے دَر کا سچّا غُلام بنائے ۔ کاش!اَوْلیائے کرام کی غُلامی میں زِندگی گزاریں ، اسی غُلامی میں مَریں ، اسی غُلامی میں روزِ قِیامت اُٹھائے جائیں اور کاش! صد کروڑ کاش!اَوْلیائے کرام کے صدقے میں بلا حِساب جنّت میں داخِلہ نصیب ہو جائے ۔ آمِیْن بِجَاہِ خَاتَمِ النَّبِیّٖن صَلَّی اللہ عَلیہ وَآلہٖ و َسَلَّم ۔
صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صَلَّی اللہ عَلٰی مُحَمَّد