Book Name:Qiyamat Ki Alamaat
پیارے اسلامی بھائیو ! ہم قیامت کی علامات کے بارے میں سُن رہے تھے۔پیارے آقا، مدینے والے مصطفے صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے قیامت کی ایک نشانی یہ بھی بیان فرمائی ہے کہ لوگ نمازیں قضا کریں گے۔(التذکرة باحوال الموتی وامورالاخرة، باب اذا فعلت ھذہ الامة…الخ، ص۵۹۷)
آج نمازیں قضا کرنے کے مناظر ہماری آنکھوں کے سامنے ہیں۔افسوس صدافسوس!آج ہمارے مُعاشرے میں صرف سُستی اور کاہلی کی وجہ سے آئے دن نمازیں قضا کردی جاتی ہیں۔ایک بہت بڑی تعداد ہے جو نمازیں قضا کر دیتی ہے اور اُنہیں اِس کی کوئی پروا بھی نہیں ہوتی۔
بعض لوگ تو ایسے بھی ہیں کہ جب اُن کی ایک یا چند نمازیں رہ جائیں تو ہفتوں ہفتوں بلکہ مہینوں مہینوں تک جان بوجھ کر نماز نہیں پڑھتے اور اگر کوئی نمازوں کی ترغیب دلائے تو کہتے ہیں ”اب اِنْ شَآءَ اللہ اگلے جمعہ سے دوبارہ نمازیں پڑھنا شروع کروں گا یا رَمَضان سےباقاعدہ نمازوں کا اہتمام کروں گا۔“یوں گویا کسی قِسم کی شرم و جھجک کے بغیر بڑی بہادری کے ساتھ مَعَاذَ اللہ اِس بات کا اِقرار کیا جاتا ہے کہ نمازیں چھوڑنے کا یہ کبیرہ گناہ میں جمعہ کے دن تک یا رَمَضانُ المبارَک تک مسلسل جاری رکھوں گا۔یقیناً یہ سب کچھ خوفِ خدا اور شوقِ عِبادت نہ ہونے کا وبال ہےورنہ جس کے دل میں اللہ پاک کا خوف اور عبادت کا ذوق و شوق ہوتا ہے،وہ ہر حال میں نمازوں کی پابندی کرتا ہے اور اللہ پاک کی نافرمانی سے بچتا ہے۔
يادركھئے!جان بوجھ کرنماز قضا کرنا گناہِ کبیرہ،حرام اور دوزخ میں لے جانے والا کام ہے۔اللہ پاک پارہ16سورۂ مریم کی آیت نمبر59 میں اِرشاد فرماتاہے:
فَخَلَفَ مِنْۢ بَعْدِهِمْ خَلْفٌ اَضَاعُوا الصَّلٰوةَ وَ اتَّبَعُوا الشَّهَوٰتِ فَسَوْفَ یَلْقَوْنَ غَیًّاۙ(۵۹) (پ۱۶، مریم:۵۹ )