Book Name:Qiyamat Ki Alamaat
گناہ کے علاوہ ہر کام میں اُن کی اِطاعت و فرمانبرداری کی جائے گی۔منقول ہے:ایک شخص نے عَرْض کی،یا رَسُوْلَ اللہ صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ واٰلہٖ وَسَلَّمَ!والِدَین کا اپنی اَولادپر کیا حق ہے؟فرمایا:هُمَاجَنَّتُكَ وَ نَارُكَ یعنی وہی تیری جنت اور تیری دوزخ ہیں۔
(ابنِ ماجہ، کتا ب الادب ، باب بر الوالدین ،۴/ ۱۸۶،رقم:۳۶۶۲)
پىارے اسلامى بھائىو!اگرہم بھی اپنے ماں باپ کو راضی رکھنا چاہتے ہیں اور یقیناًسبھی چاہتے ہوں گے توآئیے!ہم ایسی اچھی صحبت اِختیارکریں،جہاں ماں باپ کا ادب واِحترام اور اُن کی تعظیم و توقیرکرنا سکھایاجاتاہو،جہاں ماں باپ کے سامنے اُف کرنے سے بھی بچنےکی ترغیب دی جاتی ہو۔اِ س فتنوں بھرے دورمیں عاشقانِ رسول کی دینی تحریک دعوتِ اسلامی کا دینی ماحول اللہ پاک کی بہت بڑی نعمت ہے۔ اَلْحَمْدُ لِلّٰہ امیرِ اہلسنت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ کےاِصلاحِ اُمّت کے جذبے سے سرشار نیکی کی دعوت سے ایسے لاکھوں نوجوانوں کی زندگیوں میں اِنقلاب آیا کہ جواپنے والِدَین کے لیے تکلیف کا سبب بنے ہوئے تھے،وہ خوش نصیب آج ماں باپ کے لیے سکون کا سامان بن گئے ہیں،ایک تعدادایسی ہوگی جن کی شرارتوں یا بُری حرکتوں کی وجہ سے ماں باپ کی نیندیں برباد ہوئی ہوں گی مگر دعوتِ اسلامی کے دینی ماحول کی برکت سے اب چین کی نیند نصیب ہوتی ہوگی۔
صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صَلَّی اللّٰہُ عَلٰی مُحَمَّد