Book Name:Pyare Aaqa Ki Pyari Adaain
صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صَلَّی اللہُ عَلٰی مُحَمَّد
فرمانِ مصطفےٰ صَلّی اللہُ عَلَیْہ وآلِہ وسَلَّم:اَفْضَلُ الْعَمَلِ اَلنِّيَّۃُ الصَّادِقَۃُ سچی نیت سب سے افضل عمل ہے۔ ([1]) اے عاشقانِ رسول! ہر کام سے پہلے اچھی اچھی نیتیں کرنے کی عادت بنائیے کہ اچھی نیت بندے کو جنت میں داخِل کر دیتی ہے۔ بیان سننے سے پہلے بھی اچھی اچھی نیتیں کر لیجئے! مثلاً نیت کیجئے! *عِلْم سیکھنے کے لئے پورا بیان سُنوں گا * با اَدب بیٹھوں گا *دورانِ بیان سُستی سے بچوں گا *اپنی اِصْلاح کے لئے بیان سُنوں گا *جو سُنوں گا دوسروں تک پہنچانے کی کوشش کروں گا۔
صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صَلَّی اللہُ عَلٰی مُحَمَّد
پیارے پیارے اسلامی بھائیو!انسان جس سے محبت کرتا ہے اُس کا ذِکْربھی زیادہ سے زیادہ کرتا ہے، اُس کے نقشِ قدم پر چلنے،اُس کی ادا ؤں کواپنانے بلکہ ہر ہر ادا سے اُس کی نقل کرنے کی ہر ممکن کوشش کرتا ہے کیونکہ محبوب کی اداؤں کو پسند کرنا اور اپنانا ہی محبت کی علامت اور محبت میں سچائی کی دلیل ہوتا ہے۔چونکہ ہم بھی اپنے پیارے آقا صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ سے محبت کرتےہیں،لہٰذا ہمیں اپنی محبت کی سچائی کو جانچنے کیلئے غور کرنا چاہئے کہ ہم اپنے محبوب آقا صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ کی پیاری پیاری سُنَّتوں اور نِرالی اداؤں کو کس حد تک اپناتے ہیں؟ ربیع الاول کے اس پیارے مہینے میںآج کےبیان میں ہم نور والےآقا صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ کی چند پیاری پیاری اداؤں اور سُنَّتوں مثلاً پیارے آقا صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ کے گفتگو فرمانے،کھانے اور معاشرے میں رہنے کا انداز کیساتھا؟ساتھ ہی ساتھ صحابۂ کرام وصحابیات اور بزرگانِ دِین رَحْمَۃُ اللہِ عَلَیْہِمْ اَجْمَعِیْن کی سُنّتِ رسول سے محبت اور سُنَّتوں پر عمل کرنے کے واقعات کے بارے میں سُنیں گے۔ لہٰذااچھی اچھی نیتوں اور دلجمعی کے ساتھ مکمل بیان سننےکی نیت کر لیجئے۔