Book Name:Deeni Ijtema Ki Barkat
پہلی نشست مغرب تا عشا (اس کا دورانیہ 2 گھنٹے)، دوسری نشست بعد نمازِ عشا تا وقفۂ آرام اور تیسری نشست نمازِ تہجد تا اِشْراق و چاشت کے بعد صلوٰۃ و سلام تک ہوتی ہے۔
ہفتہ وار اجتماعِ پاک میں اَوَّل تا آخر (یعنی ان تینوں نشستوں میں) شِرکَت کرنے کی بَرَکَت سے ہم بہت سے فضائِل کے حقدار بن سکتے ہیں مثلا (ہفتہ وار اجتماع کی سب سے پہلی اور اہم ترین برکت تو یہ ہے کہ اس ذریعے سے ہمیں باجماعت نمازیں پڑھنے کی سَعَادت مل جاتی ہے۔ پھر تلاوتِ قرآن پاک سے اجتماع کا آغاز ہوتا ہے تو اس طرح ہمیں تلاوتِ قرآن پاک سننے کی سعادت ملتی ہے۔اس کے بعد نعت شریف پڑھی اور سُنی جاتی ہے۔ اس کے بعد سُنتوں بھرا بیان ہوتا ہے۔ پھر اجتماع میں 6 درودِ پاک اور دُعائیں بھی پڑھائی جاتی ہیں یوں درودِ پاک کی فضیلت و برکت بھی حاصل ہوتی ہے۔ ہفتہ وار سنّتوں بھرے اجتِماع کا ایک خصوصی سلسلہ ذِکْرُ اللہ بھی ہے اس کے بعد میں رِقّت انگیز دُعا بھی ہوتی ہے جس کی بَرَکت سے نہ جانے کتنے ہی اپنی خالی جھولیاں مرادوں سے بھرتے ہیں۔
یہ ہفتہ وار سنّتوں بھرے اجتِماع کی بَرَکات کی ایک ہلکی سی جھلک آپ کے سامنے پیش کی گئی ہے۔ اگر غور فرمائیں تو اس کے علاوہ بھی بے شمار فضائل وبَرکات اس اجتِماع کے ذریعے ہمیں حاصِل ہوتی ہیں۔ لہٰذا آج ہی اپنی صِحّت (Health)اور زِنْدَگی کو غنیمت جانتے ہوئے، آخرت کی تیاری کرنے کیلئے ہفتہ وار سنّتوں بھرے اجتِماع میں اپنی شِرکت کو یقینی بنائیے! اور دوسروں کو بھی اس کی دعوت دے کر ساتھ لانے کی کوشش فرمائیے! حدیثِ پاک کے مطابق اچھا مسلمان وہ ہے جو اپنے لئے پسند کرے، وہی دوسروں کے لئے بھی پسند کرے۔
صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْبِ! صَلَّی اللہُ عَلٰی مُحَمَّد