Book Name:Namaz Mein Khushu Laney Ke 27 Madani Phool
چند ہی دِنوں میں دِل کا میل دُھلنا شروع ہو گا، دِل میں نُور بھرنا شروع ہو گا، پِھر اِنْ شَآءَ اللہُ الْکَرِیْم! وہ برکتیں نصیب ہوں گی کہ دُنیا و آخرت سَنْور جائیں گی۔
اطمینان سے نماز پڑھنے کی فضیلت
حدیثِ پاک سنیئے! حضرت عُبادہ بن صَامِت رَضِیَ اللہُ عنہ سے روایت ہے کہ نبیِ رَحمت، شفیعِ اُمت صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم کا فرمانِ عالی شان ہے: جو شخص اچھی طرح وُضو کرے، پھر نماز کے لئے کھڑا ہو،اِس کے رُکوع، سُجُود اور قراء َت (قِرا۔ءَ۔ت) کو مکمَّل کرے تو نماز کہتی ہے: اللہ پاک تیری حفاظت کرے جس طرح تو نے میری حفاظت کی۔ پھر اُس نماز کو آسمان کی طرف لے جایا جاتا ہے اور اُس کے لئے چمک اور نور ہوتا ہے، پس اس کے لئے آسمان کے دروازے کھولے جاتے ہیں، یہاں تک کہ اُسے اللہ پاک کی بارگاہ میں پیش کیا جاتا ہے اور وہ نماز اُس نمازی کی شفاعت کرتی ہے۔([1])
سُبْحٰنَ اللہ! اندازہ لگائیے! جس بندے کو اَفْضَل ترین عبادت یعنی نماز حفاظت کی دُعائیں دے رہی ہو، اس بندے کی حفاظت کیوں نہیں کی جائے گی، اس کے کام غیب سے کیوں نہ بنیں گے...!! بھلا سوچئے تو...!! ایک ہے وہ بندہ جسے نماز کہتی ہے: اللہ تجھے ضائع کرے، دوسرا ہے وہ بندہ جسے نماز کہتی ہے: اللہ پاک تیری حفاظت کرے۔ اِنصاف سے کہئے! ان دونوں میں سے کس کے کاروبار میں برکت آئے گی...؟ ان دونوں میں سے کس کو سکون ملے گا؟ ان دونوں میں سے کس کا گھر امن کا گہوارہ بنے گا؟ یقیناً اس کا جسے نماز حفاظت کی دُعائیں دے رہی ہے۔ بس یہی نتیجہ ہے، ہم جن کاموں کی وجہ سے نماز میں