اشعار کی تشریح

سَتَّر ہزار صبح ہیں سَتَّر ہزار شام            یُوں بندَگیِ زُلْف و رُخ آٹھوں پہرکی ہے

جو ایک بار آئے دوبارہ نہ آئیں گے                رُخصت ہی  بارگاہ سے بس اس قدر کی ہے

یہ بدلیاں نہ ہوں تو کروڑوں کی آس جائے                  اور بارگاہ مَرحَمتِ عام تَر کی ہے

معصوموں کو ہے عُمْر میں صرف ایکبار بار           عاصی پڑے رہیں تو صَلا عمر بھر کی ہے

(حدائقِ بخشش،ص220-221)

الفاظ و معانی: بندَگی: غلامی۔ آٹھوں پہر: ایک دن رات۔ مَرحَمتِ عام تَر: ہر کسی پر مہربانی۔ بار: اجازت۔ عاصی: گناہ گار۔ صَلا: دعوت۔

شرح کلام رضا: روزانہ صبح ستّر ہزار فرشتے رحمتِ عالم صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے روضۂ انور پر حاضری دیتے اور شام تک درود و سلام پیش کرتے ہیں، شام آتی ہے تو ان کی جگہ نئے ستّر  ہزار فرشتے حاضر ہوجاتے ہیں اور صبح تک درود و سلام پیش کرتے ہیں یوں دن رات بارگاہِ رسالت میں  فرشتوں کا ہجوم رہتا ہے۔ اللہ کریم کی طرف سے ان فرشتوں کو عمر میں صرف ایک مرتبہ دربارِ رسالت میں حاضری کی اجازت ہے  اس لئے جو فرشتہ ایک بار حاضر ہوجائے  وہ عُمْر بھر دوبارہ حاضر نہیں ہو پاتا۔ اگر یہ اَدَل بَدَل کا سلسلہ نہ ہو تو کروڑوں فرشتے  دربارِ رسالت میں حاضر نہ ہونے پائیں جبکہ یہ بارگاہ ایسی ہے جہاں کسی کو محروم نہیں کیا جاتا۔ اللہ پاک کے معصوم فرشتوں کے  لئے تو یہ اُصول ہے جبکہ ہم جیسے گناہگار اُمتی اگر عمر بھربھی بارگاہِ رسالت میں حاضر رہیں تو کوئی مُمانَعَت نہیں ہے۔

صحابیِ رسول حضرت سیّدنا کعبرضی اللہ تعالٰی عنہ سے روایت ہے کہ روزانہ صبح کے وقت 70 ہزار فرشتے  نازل ہوتے ہیں جو رسولِ کریم صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّمکی قبرِ انور کو گھیر لیتے، اس کے ساتھ اپنے پَر لگاتے اور بارگاہِ رسالت میں درود شریف کا نذرانہ پیش کرتے ہیں۔ جب شام ہوتی ہے تو یہ فرشتے واپس چلے جاتے ہیں اور 70 ہزارمزید فرشتے حاضر ہوکر اسی طرح  کرتے ہیں یہاں تک کہ روزِ قیامت رحمتِ عالم صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم 70 ہزار فرشتوں کے جُھرمَٹ میں  قبرِ انور سے باہر تشریف لائیں گے۔(مشکوٰۃ المصابیح،ج2،ص401،حدیث:5955ملخصاً)

حکیمُ الاُمّت مفتی احمد یار خان علیہ رحمۃ  الرَّحمٰن اس روایت کے تحت فرماتے ہیں: یہ ستر ہزار فرشتے وہ ہیں جن کو عمر میں ایک بار حاضریِ دربار کی اجازت ہوتی ہے، یہ حضرات حضور (صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ والہ سلَّم) کی برکت حاصل کرنے کو حاضری دیتے ہیں۔ جو فرشتہ ایک بار حاضری دے جاتا ہے اسے دوبارہ حاضری کا شرف نہیں ملتا ساری عمر میں صرف چند گھنٹے یعنی آدھا دن کی حاضری نصیب ہوتی ہے۔ (مراٰۃ المناجیح،ج8،ص282ملخصاً)

ملائک لگاتے ہیں آنکھوں میں اپنی

شب و روز خاکِ مزارِ مدینہ

(ذوقِ نعت،ص148)

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

٭ ماہنامہ فیضان مدینہ،باب المدینہ کراچی


Share

Articles

Comments


Security Code