سب سے پہلے چھینک کس کو آئی؟

آؤ بچو حدیث رسول سنتے ہیں

سب سے پہلے چھینک کس کو آئی ؟

*مولانامحمد جاوید عطاری مدنی

ماہنامہ فیضانِ مدینہ جون 2023

اللہ پاک کے آخری نبی حضرت محمد صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا : اِنَّ اللہ يُحِبُّ العُطَاسَیعنی اللہ پاک چھینک کو پسند فرماتا ہے۔

 ( بخاری 4 / 162 ، حدیث : 6223 )  

چھینک کو عربی زبان میں اَلْعَطْسَۃُ بھی کہتے ہیں۔

پیارے بچّو ! چھینک اچھی چیز ہے ، چھینک سے دماغ صاف اور طبیعت فریش ہو جاتی ہے۔

سب سے پہلے حضرت آدم علیہ السّلام کو چھینک آئی اس پر آپ علیہ السّلام نے اَلْحَمْدُ لِلہِ رَبِّ الْعٰلَمِیْنَ پڑھا، اللہ پاک نے فرمایا : میں نے تمہیں اپنی حمد ( یعنی تعریف )  کے لئے ہی پیدا کیا ہے۔ ( تفسیر خازن ، 1 / 43 ملخصاً )

پیارے بچو ! جب چھینک آئے تو ان باتوں کا خیال رکھئے :  ( 1 ) منہ پر کپڑا یا ہاتھ رکھیں ( 2 ) سر نیچاکرلیں  (3)  کوشش کریں کہ آوازکم سے کم آئے کیونکہ چھینک میں آواز بلند کرنا اچھی بات نہیں۔ ( 4 ) چھینکتے ہوئے یہ بھی خیال رکھیں کہ آپ کے منہ یا ناک کے چھینٹے کسی دوسرے پر نہ گریں۔  ( 5 ) چھینک آنے کے بعد اَلْحَمْدُ للّٰہ یا اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ رَبِّ الْعٰلَمِیْن کہیں۔  ( 6 ) اگر کسی اور کو چھینک آئے اور وہ کہے تو آپ سُن کر یَرْحَمُکَ اللہ کہیں۔

دانتوں کی حفاظت : جو کوئی چھینک آنے پر اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ عَلٰی کُلِّ حَال کہے اور اپنی زبان سارے دانتوں پر پھیر لیا کرے تو اِنْ شَآءَ اللہ دانتوں کی بیماریوں سے محفوظ رہے گا۔ ( مراٰۃُ المناجیح ، 6 / 316 )

اللہ پاک ہمیں چھینک کے آداب پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔

 اٰمِیْن بِجَاہِ النّبیِّ الْاَمِیْن  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

* فارغ التحصیل جامعۃُ المدینہ ، ماہنامہ فیضانِ مدینہ کراچی


Share

Articles

Comments


Security Code