نماز نور ہے

آؤ بچو حدیث رسول سنتے ہیں

نماز نور ہے

*مولانا محمد جاوید عطّاری مدنی

ماہنامہ فیضانِ مدینہ مارچ2024ء

ہمارے پیارے اور آخری نبی حضرت محمد صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا: اَلصَّلَاةُ نُورُ الْمُؤْمِنِ یعنی نماز مؤمن کا نور ہے۔

 (ابن ماجہ، 4/473، حدیث:4210)

نماز قبر اور قیامت کے اندھیرے میں نور یعنی روشنی ہو گی ۔ جیسے اندھیرے میں روشنی درست راستے کی راہنمائی کرتی ہے ایسے ہی نماز سیدھے راستے کی طرف راہنمائی کرتی اور برائی سے بچاتی ہے ۔(مرقاۃ، 2/8، تحت الحدیث: 281)

نماز دین کا ستون ہے، نماز مسلمانوں کی ایک اہم عبادت ہے، نماز تمام مخلوقات کی عبادات کا مجموعہ ہے، مسلمانوں پر ایک دن میں پانچ نمازیں فرض ہیں، اس فرض کی ادائیگی میں بہت ساری برکتیں اور رحمتیں بھی ہیں، نماز پڑھنے والے کو نمازی کہتے ہیں۔

نماز پڑھنے والے سے اللہ پاک خوش ہوتا ہے، نماز سے پریشانیاں دور ہوتی ہیں، نمازی اللہ پاک کی رحمت میں ہوتا ہے، نمازی کے چہرے پر تازگی ہوتی ہے، نماز اللہ کے عذاب سے بچاتی اور جنت میں لے جانے کا سبب بنتی ہے۔

اچھے بچو! رمضان کا مبارک مہینا جاری ہے، اس میں نیکیوں کا ثواب بڑھ جاتا ہے تو آپ کو بھی چاہئے کہ اس مبارک مہینے میں روزے رکھنے کے ساتھ ساتھ نمازوں کی بھی پابندی کرتے رہیں اور اس مہینے کے بعد بھی نماز کا معمول بنائیں، کیسے بھی حالات ہوں، آپ کسی بھی کام میں مصروف ہوں جب نماز کا وقت آ جائے تو نماز کی تیاری شروع کر دیں۔

اللہ پاک ہمیں نمازوں کی پابندی کرتے رہنے کی توفیق عطا فرمائے۔ اٰمِیْن بِجَاہِ النّبیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

* فارغُ التحصیل جامعۃُ المدینہ، شعبہ ماہنامہ فیضانِ مدینہ کراچی


Share

Articles

Comments


Security Code