بد مذہب سے محبّت کا وَبال

بُزرگانِ دین کے مبارک فرامین

* مولاناعبداللہ نعیم عطّاری مدنی

ماہنامہ مئی 2021

باتوں سے خوشبو آئے!

بد مذہب سے محبّت کا وَبال

جس نے کسی بد مذہب سے محبت کی اللہ پاک اس کا عمل ضائع فرمادے گا اور اس کے دل سے ایمان کا نور نکال دے گا۔  (اِرشادِحضرت سیِّدُنا فضیل بن عِیاض  رحمۃُ اللہِ علیہ ) (الصواعق المحرقۃ ، ص250)

جواں مَردی!

اپنے دُشمن سے اچھا سلوک کرنا ، ناپسند شخص پر مال خرچ کرنا اور جو دِل کو نہ بھائے اس سے اچھی وابستگی رکھنا جواں مردی ہے۔ (اِرشادِ ابو عبداللہ محمد بن احمد ابن المقری  رحمۃُ اللہِ علیہ )  (طبقات الصوفیۃ للسلمی ، ص378)

فرشتوں کو نیکی و بدی کا علم کیسے ہوتا ہے؟

حضرت سیّدنا  سفیان بن عیینہ  رحمۃُ اللہِ علیہ  سے پوچھا گیا کہ ملائکہ بندے کا ارادہ کس طرح لکھتے ہیں؟ (یعنی وہ فرشتے جو نیکی و بدی لکھنے پر مامور ہیں وہ بندے کا ارادہ کیسے جانتے ہیں حالانکہ اس نے اب تک عمل نہیں کیا ہوتا؟) آپ نے فرمایا : وہ اس طرح جانتے ہیں کہ جب بندہ نیکی کرنے کا ارادہ کرتاہے تو اس سے مشک کی سی خوشبو نکلتی ہے اوروہ فرشتے خوشبو سے معلوم کرلیتے ہیں کہ اس نے نیکی کا ارادہ کیا ہے اورجب بندہ برائی کا ارادہ کرتا ہے تو اس سے بدبو نکلتی ہے تو ان فرشتوں کو معلوم ہوجاتاہے کہ اس نے بدی کا ارادہ کیا ہے۔ یہاں ارادہ سے عزمِ مُصمّم (یعنی پکا ارادہ) مراد ہے۔  (تنبیہ المغترین ، ص48)

احمد رضا کا تازہ گلستاں ہے آج بھی

تبدیلِ بیعت کا حکم

تبدیلِ بیعت بلا وجہِ شرعی ممنوع ہے اور تجدید جائز بلکہ مستحب ہے۔  (ملفوظات اعلیٰ حضرت ، ص64)

شیطان کے مسخرے!

فحش گیت شیطانی رسم اور کافروں کی ریت(یعنی رسم) ہے ، شیطان ملعون بے حیا ہے اور اللہ عَزَّوَجَلَّ کمال حیا والا ، بے حیائی کی بات سے حیا والا ناراض ہوگا اور وہ بے حیاؤں کا اُستاد (یعنی شیطان) انہیں (یعنی اس طرح کے کاموں میں پڑنے والوں کو) اپنا مسخرہ بنائے گا۔ (فتاویٰ رضویہ ، 22 / 213)

سُنّی  کی تعریف

سُنّی وہ (ہے)جو تمام عقائدِ اہلسنت میں ان(یعنی اہلِ سنت و جماعت) کے مُوافِق ہو ، اگر ایک (عقیدے)میں بھی خلاف کرتا ہو ہرگز سنّی نہیں ، بدعتی ہے۔  (مطلع القمرین ، ص139)

عطّار کا چمن کتنا پیارا چمن!

نماز کی پابندی کیسے ملے؟

پانچوں نمازیں پابندی سے پڑھنے کی عادت بنانے کا اصل وظیفہ “ احساس “ ہے کہ نماز میرے رب نے مجھ پر فرض کی ہے۔    (مدنی مذاکرہ ، 20 ذوالقعدۃ الحرام 1441ھ ، 11 جُولائی 2020ء)

گھر کے سکون کا نسخہ

میاں بیوی کی آپس میں لڑائی ہوجائے تو دونوں میں سے جس کی بھی غلطی ہو اُسے معافی مانگ لینی چاہئے۔

(مدنی مذاکرہ13ذوالقعدۃ الحرام 1441ھ ، 4جُولائی2020ء)

ہماری عبادتیں اور اللہ کی نعمتیں

ہماری ہزاروں عبادتیں اللہ پاک کی کسی ایک نعمت کے ہزارویں حصے کے شُکر کا حق ادا نہیں کر سکتیں۔

(مدنی مذاکرہ ، 25صفر المظفر 1442ھ ، 12 اکتوبر 2020ء)

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

* فارغ التحصیل جامعۃُ المدینہ ، ذمہ دار شعبہ ملفوظاتِ امیرِ اہلِ سنّت ، المدینۃ العلمیہ اسلامک ریسرچ سینٹر


Share

Articles

Comments


Security Code