فرمانِ حضرت ذوالنون مصری رحمۃ اللہ علیہ

بزرگانِ دین کے مبارک فرامین

*مولانا ابو شیبان عطّاری مدنی

ماہنامہ فیضانِ مدینہ دسمبر 2024

باتوں سے خوشبو آئے

اپنا اندازاپنی حیثیت کے مطابق رکھو

اپنی ضرورت و حاجت کا مطالبہ ضرورت مند کے انداز  میں ہی کیا کرو، نہ کہ حاکمانہ انداز میں۔

(فرمانِ حضرت ذُو النون مصری رحمۃُ اللہِ علیہ )(طبقات الصوفیہ للسلمی، ص33)

بُروں سے دوستی باعثِ بدنامی ہے

جس طرح بُرائی کے اڈوں پر جانے والا بھی مورِدِ الزام ہوتا ہے ایسے ہی جو شخص بُرائیاں کرنے والے سے دوستی رکھے وہ بھی محفوظ نہیں رہتا۔(فرمانِ ابو حاتم رحمۃُ اللہِ علیہ)(روضۃ العقلاء، ص 101)

لوگوں میں محتاجی کا اظہار رُسوائی کا باعث ہوتا ہے

جب تم ضرورت مند و محتاج ہو تو اپنی محتاجی و غربت کو اپنے اور لوگوں کے درمیان مت رکھو، اپنے اور اپنے رَبّ کے درمیان رہنے دو تاکہ تم لوگوں کی نظر میں ذلیل نہ ہو۔(فرمانِ حضرت فضیل بن عیاض رحمۃُ اللہِ علیہ )(تنبیہ المغترین للشعرانی، ص 312)

احمد رضا کا تازہ گلستاں ہے آج بھی

ترکِ نماز نعمتوں کی ناشکری ہے

ترکِ نماز سخت کفرانِ نعمت و ناشکری ہے۔(فتاویٰ رضویہ، 5/106)

عُلما پر نُکتہ چینی مت کیجئے

یہ بھی یاد رکھنا فرض ہے کہ حقیقۃً عالمِ دین ہا دیِ خلق سُنّی صحیح العقیدہ ہو عوام کو اُس پر اعتراض اُس کے افعال میں نکتہ چینی اس کی عیب بینی حرام حرام حرام اور باعث  سخت محرومی اور بدنصیبی ہے۔ (فتاویٰ رضویہ، 8/98)

زیادہ کھانا عبادت سے محرومی کا سبب ہے

پیٹ بھر کر قیامِ لَیل کاشوق رکھنا بانجھ سے بچہ مانگنا ہے، جو بہت کھائے گابہت پئے گا، جو بہت پئے گا بہت سوئے گا، جو بہت سوئے گا آپ ہی یہ خیرات وبرکات کھوئے گا۔(فتاویٰ رضویہ، 7/89)

عطّار کا چمن، کتنا پیارا چمن!

اپنے کردار سے مستقبل کے معمار وں کو سنواریں

عجز و انکسار اگر ہمارے اندر ہوگا تو ظاہر ہے کہ ہمارے اطراف مىں بھى اس کى برکتىں ظاہر ہوں گى اور لوگ ىہ سىکھىں گے،  ہمارے بچے بھى سىکھىں گے۔( مدنی مذاکرہ، 3 ذوالقعدۃ الحرام 1445ھ)

محبت و نفرت صرف اللہ  و رسول کے لئے

دینِ اسلام محبتوں کا درس دىتا ہے، نفرتىں مٹاتا ہے، ہماری نفرت صرف اس سے ہو جو اللہ و رسول کادشمن ہو،  جو اللہ و رسول کے راستے اور قراٰن و حدیث کے عقائد سے دور کرتا ہو۔(مدنی مذاکرہ، 3 ذوالقعدۃ الحرام 1445ھ)

عزّت  ملنے پر گھمنڈ مت کرو

کبھى بھى آدمى پھولے نہىں ،اپنے رب کو بھولے نہىں کہ جس رب نے عزت دى ہے اگر تمہارے تکبر کرنے کے سبب وہی تمہارى عزت لے لے تو منہ دکھانے کے قابل نہىں رہوگے۔ (مدنی مذاکرہ، 3ذوالقعدۃ الحرام 1445ھ)

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

* فارغ التحصیل جامعۃ المدینہ شعبہ ماہنامہ فیضانِ مدینہ کراچی


Share

Articles

Comments


Security Code