باتوں سے خوشبو آئے

بزرگانِ دین کے مبارک فرامین

*مولانا ابوشیبان عطّاری مدنی

ماہنامہ فیضانِ مدینہ مارچ 2025

باتوں سے خوشبو آئے

پہلے آزماؤ بعد میں اپناؤ

کسی شخص کے ساتھ بھائی بندی قائم کرنا چاہتے ہو تو اسے غصہ دلا کر دیکھو کہ اگر وہ غصہ میں بھی تمہارے ساتھ انصاف کرے تو ٹھیک ہے ورنہ اسے چھوڑ دو۔(ارشادِ حضرت لقمان حکیم رحمۃُ اللہِ علیہ)(عیونُ الاخیار، 1/ 405)

نادانی

بغیر کسی عمل کے جنت کی خواہش رکھنا خطا ہے،بے سبب شفاعت کا منتظر رہنا دھوکا  ہے اور جس کی نافرمانی کی اس کی مہربانی کی امید رکھنا نادانی و بیوقوفی ہے۔(ارشادِ معروف بن فیروز کرخی  رحمۃُ اللہِ علیہ ) (الکواکب الدُّرّیہ، 1 / 717)

حضورِ اکرم کی پسند کو معیار بنالیجئے

محبت کرنے والے کو جو چیزیں گوارا نہیں ہوتیں انہیں بھی وہ اپنے محبوب کی پسند کی وجہ سے اس کی خوشی کی خاطر اپنا لیتا ہے۔(ارشادِ ابو العباس احمد بن محمد رحمۃُ اللہِ علیہ)(طبقات الصوفیہ للسلمی، ص 358)

احمد رضا کا تازہ گلستاں ہے آج بھی

اَمر بالمعروف کی اہمیت

اَمر بِالمعروف و نہی عَنِ الْمُنکر عمدہ تمغائے مسلمانی ہے۔ ( فتاویٰ رضویہ، 11/ 109)

بدترین شیطانی بہکاوا

شیطان کے طُرقِ اغوا (یعنی گمراہ کرنے کے طریقوں میں) سے ایک بدتر طریقہ یہ بھی ہے کہ آدمی کو حَسنات (نیکیوں ) کے حیلہ سے ہلاک کرتا ہے۔( فتاویٰ رضویہ، 11/ 109)

جان ہیں وہ جہان کی

جس طرح برات کے مجمع کا مغز و سبب دولہا ہوتا ہے یوہیں تمام مملکتِ الٰہی کے وجود کا سبب  اور اس کے اصلی راز و مغز و معنیٰ صرف مصطفےٰ  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ہیں۔( فتاوی ٰرضویہ، 15/ 286)

جب تک ہے رُوح جسم میں چلتے ہیں ہاتھ پاؤں

دُولہا کے دم کے ساتھ یہ ساری برات ہے

عطّار کا چمن، کتنا پیارا چمن!

دیانت داری سے کسب و تجارت کیجئے

جھوٹ ،دھوکے اور لوٹ مار سے مال کمانے کا آخرت میں تو وبال اُٹھانا ہی پڑے گا بارہا دنیا میں بھی نقصان اٹھانا پڑجاتا ہے۔(مدنی مذاکرہ ، 17 ربیع الاول، 1443 ھ)

عقلمندی کی بات کوئی بھی کرے قبول کیجئے

بچّوں کی بات کو بھی نظر انداز نہیں کرنا چاہئے بسا اوقات بچے اىسى عقل مندى کى بات کرجاتے ہىں کہ بڑوں کى عقل بھی حىران رہ جاتى ہے۔(مدنی مذاکرہ ، 17 ربیع الاول، 1443 ھ)

ایمانداری سے تجارت گاہکوں میں اضافے کا ضامن ہے

تجارت میں سچائی اور ایمانداری اپنانے سے گاہکوں میں اضافہ ہوتا ہے، لوگوں کا اعتماد بھی برقرار رہتا ہے اور اللہ پاک برکت بھی عطا فرماتا ہے۔ (مدنی مذاکرہ ، 17 ربیع الاول، 1443 ھ)

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

* فارغ التحصیل جامعۃ المدینہ شعبہ ماہنامہ فیضانِ مدینہ کراچی


Share