غوثِ پاک رحمۃ اللہ علیہ کی نصیحتیں

بزرگانِ دین کے مبارک فرامین

غوثِ پاک رحمۃُ اللہِ علیہ کی نصیحتیں

*مولانا شہزاد عنبر عطاری مدنی

ماہنامہ فیضانِ مدینہ اکتوبر 2024

اے عاشقانِ غوثِ اعظم! اَلحمدُ لِلّٰہ!بہت ہی پیارا  مہینا  ربیعُ الآخر تشریف لا چُکا ہے، اس مبارک مہینےکو پیرانِ پیر، پیر دستگیر، روشن ضمیر، سرکارِ غوثِ اعظم، حضرت شیخ عبد القادر جیلانی رحمۃُ اللہِ علیہ سے خاص نسبت ہے۔ اس ماہ میں  بڑی گیارہویں شریف خوب دُھوم دھام سے منائی جاتی ہے۔ آئیے! حُضُور غوثِ پاک رحمۃُ اللہِ علیہ کی سبق آموز نصیحتیں ملاحظہ کرتے ہیں:

ہرمسلمان پر 3 باتیں لازم ہیں

حضور غوثِ پاک، شیخ عبد القادر جیلانی رحمۃُ اللہِ علیہ فرماتے ہیں: ہرمسلمان پر ہر حال میں3باتیں لازِم ہیں: (1) شريعت کے حکم پر عمل کرے (2) شريعت کی منع کی ہوئی باتوں سے بچتا رہے (3)تقدیر پر ہمیشہ راضی رہے۔

حضور غوثِ پاک رحمۃُ اللہِ علیہ مزید فرماتے ہیں: *مسلمان کی ادنیٰ حالت یہ ہے کہ وہ کسی وقت بھی ان تین باتوں میں سے کسی ایک سے بھی خالی نہ ہو *اس كا دِل ان تين باتوں کا پختہ ارادہ کرتا رہے *بندہ اپنے آپ سے یہ تین باتیں بیان کرتا رہے *اور اپنے اعضاء کو ہر وقت ان میں مَصْرُوف رکھے۔([i])

اے عاشقانِ غوثِ اعظم! غور فرمائیے! کتنی مختصر اور کیسی زبردست نصیحت ہے۔ شیخ عبد الحق مُحدِّث دہلوی رحمۃُ اللہِ علیہ فرماتے ہیں: حُضُورغوثِ پاک رحمۃُ اللہِ علیہ نے اس مختصرنصیحت میں پُورے دین کا خُلاصہ بیان فرما دیا ہے۔([ii])

اللہ پاک کا پیارا بنانے والا عَمَل

حُضُور غوثِ اعظم رحمۃُ اللہِ علیہ نے  فرمایا: اے مال دارو! اگر دُنیا و آخرت کی بھلائی چاہتے ہو تو اپنے مال کے ذریعے غریبوں  سے ہمدردی کرو! ([iii])

اے عاشقانِ غوثِ پاک! حُضُور غوثِ پاک، شیخ عبد القادِر جیلانی رحمۃُ اللہِ علیہ کے اس مبارک بیان سے معلوم ہوا لوگوں کی مدد کرنا، غریبوں، مسکینوں، یتیموں سے ہمدردی کرنا، انہیں فائدہ پہنچانا  چاہیے۔اَلحمدُ لِلّٰہ! حُضُور غوثِ پاک رحمۃُ اللہِ علیہ خُود بھی بہت ہمدردی کرنے والے، بہت شفیق اور مہربان تھے۔ 

دِین کو نقصان پہنچانے والی چار باتیں

حُضور غوثِ پاک رحمۃُ اللہِ علیہ نے اپنے مدرسے میں بیان کرتے ہوئے فرمایا:   تمہارے دِین کا نقصان چار باتوں میں ہے:

(1)تم اپنے عِلْم پر عمل نہیں کرتے (2)جو نہیں جانتے وہ کرتے ہو (3)جو تم نہیں جانتے، اسے سیکھنے کی کوشش نہیں کرتے، لہٰذا بےعِلْم رہ جاتے ہو (4)لوگوں کے لئے عِلْمِ دین کے راستے میں رکاوٹ بنتے ہو۔([iv])

زِندگی کو غنیمت جانو...!

حُضُور غوثِ پاک، شیخ عبد القادِر جیلانی رحمۃُ اللہِ علیہ نے فرمایا: اے لوگو...! لپک پڑو...! جب تک زِندگی کا دروازہ کھلا ہوا ہے، اپنی سانسوں کو غنیمت جانو، عنقریب یہ دروازہ بند کر دیا جائے گا۔ جب تک تم میں طاقت و ہمت ہے، نیک اَعْمال کو غنیمت جانو! جب تک توبہ کا دروازہ کھلا ہواہے، اسے غنیمت جانو!   دُعا کا دروازہ کھلا ہوا ہے، دُعا مانگنے کو غنیمت جانو! نیک لوگوں کی صحبت میں بیٹھنے کا دروازہ کھلا ہے، اسے غنیمت جانو!

مزید فرمایا: (لوگو!) جب تمہیں موت آئے گی، تم خوابِ غفلت سے بیدار ہو جاؤ گے مگر اُس وقت بیدار ہونے کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔  ([v])

موت کی یاد، صبر اور توکل  کو اپنے پر لازم کرو!

اے لوگو! تم پر لازم ہے کہ (1)موت کو یاد کرو! (2)مصیبت پر صبر کرو! (3)اور ہر حال میں اللہ پاک پر بھروسہ رکھو...! جب یہ تینوں اَوْصاف تمہارے اندر پُوری طرح پیدا ہو جائیں گے تو تمہیں موت اس حالت میں آئے گی کہ موت کو یاد کرنے کے سبب تم زاہِد بن چکے ہو گے، صبر کے ذریعے تم اللہ پاک کی بارگاہ سے من مانتے انعام پاؤ گے تو تَوَکُّل کے ذریعے اللہ پاک کے ساتھ  تمہارا تعلق مضبوط ہو جائے گا۔([vi])

اے عاشقانِ اولیا! دیکھئے! حُضور غوثِ پاک  شیخ عبد القادر جیلانی رحمۃُ اللہِ علیہ کی کیسی اعلیٰ، حکمت بھری اور غفلت سے بیدارکر دینےوالی نصیحتیں ہیں، حُضُور غوثِ پاک رحمۃُ اللہ علیہ ہمارے پِیر ہیں، پیرانِ پیر ہیں، کاش! ہم آپ کی ان نصیحتوں پر عمل کرنے والے بن جائیں۔ اٰمِیْن بِجَاہِ خَاتَمِ النَّبِیّٖن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

* فارغ التحصیل جامعۃ المدینہ ذمہ دار شعبہ بیانات دعوت اسلامی المدینۃ العلمیہ فیصل آباد



[i]... فتوح الغیب،ص17

[ii]...شرح فتوح الغیب، ص10 ماخوذاً

[iii]...فتح الرحمٰن، ص127

[iv]... الفتح الربانی،المجلس الخامس،ص37-38ملتقطًاً

[v]... الفتح الربانی،المجلس الرابع،ص31تا33 ملتقطًا

[vi]... الفتح الربانی،المجلس الرابع،ص 33 ملتقطًا


Share

Articles

Comments


Security Code