فرشتے استغفار کرتے ہیں(قسط:02)

نیکیاں

فرشتے دعائے مغفرت کرتے ہیں(قسط : 02)

* مولانا محمد افضل عطاری مدنی

ماہنامہ جون 2021

گزشتہ سے پیوستہ

اللہ کریم کی رحمت کے کیا کہنے! اپنے بندوں کو ایسی ایسی نیکیاں عطا فرمائیں کہ جن پر اس کے معصوم فرشتے اِن کے لئے دعائیں کرتے ہیں ان میں سے چند کا بیان گزشتہ ماہ کے شمارے میں گزرا ، مزید ملاحظہ کیجئے :

جمعہ کے دن عِمامہ باندھنے کی فضیلت :

اللہ کریم کے آخری نبی مکی مدنی محمدِ عربی  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  کا فرمانِ عظیم ہے : اِنَّ اللہَ تَعَالٰی وَمَلائِکتَہٗ یُصَلُّونَ عَلیٰ اَصْحَابِ العَمائِمِ یَوْمَ الجُمُعَۃِ یعنی بے شک اللہ تعالیٰ اور اس کے فرشتے جمعہ کے دن عمامہ پہننے والوں پر دُرود بھیجتے ہیں۔ [1] حضرت ابنِ عباس  رضی اللہُ عنہما  فرماتے ہیں : فرشتوں کے دُرود بھیجنے کا مطلب ہے اِسْتِغْفار کرنا (یعنی مغفرت طلب کرنا)۔ [2]

فرماں بردار بیوی کے لئے فرشتوں کی دعائے مغفرت :

حُضور نبیِّ کریم  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  نے ارشاد فرمایا : اپنے شوہر کی اطاعت کرنے والی عورت کے لئے ہوا میں پرندے ، پانی میں مچھلیاں ، آسمان میں فرشتے اور چاند سورج اس وقت تک استغفار کرتے رہتے ہیں جب تک کہ وہ اپنے شوہر کی اطاعت میں رہتی ہے۔ [3]

حاملینِ عرش دعائے مغفرت کرتے ہیں :

حضرتِ سیّدُنا اَنس بن مالک  رضی اللہُ عنہ  کا فرمان ہے کہ جس نے مسجد میں چراغ جلایا تو جب تک مسجد میں روشنی رہتی ہے تب تک عام فِرِشتے اور عرش اُٹھانے والے خاص فرشتے اس کے لئے دُعائے مغفرت کرتے رہتے ہیں۔ [4]

فرشتے اِسْتِغْفار کرتے رہیں گے :

رسولِ کریم  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  نے ارشاد فرمایا : جس نے کتاب میں مجھ پر دُرُودِ پاک لکھا تو جب تک میرا نام اُس میں رہے گا فرشتے اُس کے لئے استغفارکرتے رہیں گے۔ [5]

70ہزار فرشتے دعائے مغفرت کریں گے :

سرکارِ مدینہ  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  نے فرمایا : جو کسی رات میں (قراٰن پاک کی سورت) حٰمٓ اَلدُّخَان پڑھے گا ، اس کے لئے ستر ہزار فرشتے صبح تک اِسْتِغْفار کریں گے۔ [6]

اہلِ آسمان و زمین اِسْتِغْفار کرتے ہیں :

حضور نبیِّ کریم  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  نے فرمایا : اِنَّ طَالِبَ الْعِلْمِ یَسْتَغْفِرُ لَہٗ مَنْ فِی السَّمَاءِ وَالْاَرْضِ یعنی زمین و آسمان کی تمام مخلوق طالبِ علم کے لئے دُعائے مغفرت کرتی ہے۔ [7]

پیارے اسلامی بھائیو! کس قدر خوش نصیب ہیں وہ جن کے لئے فرشتے مغفرت کی دُعا کرتے ہیں ، اللہ کریم ہمیں بھی ان نیکیوں کو اپنانے کی توفیق عطا فرمائے جن کے کرنےوالوں کے لئے اللہ پاک کے معصوم فرشتے استغفار کرتے ہیں۔ اٰمین

(بقیہ اگلے ماہ کے شمارے میں)

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

* فارغ التحصیل جامعۃُ المدینہ ، مجلس رابطہ بالعلماء والمشائخ ، پاکستان



[1] کنزالعمال ، 4 / 302 ، حدیث : 21162

[2] فتح الباری ، 12 / 131

[3] الزواجر ، 2 / 96

[4] احیاء العلوم ، 1 / 207

[5] معجم اوسط ، 1 / 497 ، حدیث : 1835

[6] ترمذی ، 4 / 406 ، حدیث : 2897

[7] ابن ماجہ ، 1 / 146 ، حدیث : 223 ، ملتقطاً۔


Share

Articles

Comments


Security Code