منرل واٹر کی بوتلوں سے ہاتھ دھونا کیسا؟ مع دیگر سوالات

مدنی مذاکرے کے سوال جواب

ماہنامہ فیضانِ مدینہ فروری2023

 ( 1 ) ایک بکرے سے   ایک بیٹے کا عقیقہ

سُوال : کیا اىک بکرے مىں اىک بىٹے کا عقىقہ ادا ہوجائے گا؟

جواب : جى ہاں! ایک بکرے سے ایک بیٹے کا عقیقہ ادا  ہو جائے گاالبتہ دو بکرے ہونا بہتر ہے۔

 ( فتاویٰ رضویہ ، 20 / 586 ملخصاً-مدنی مذاکرہ ، بعد نمازِ تراویح ،  6رمضان شریف 1441ھ )

 ( 2 ) سر میں مہندی لگا کر نہیں سونا  چاہئے

سُوال : سُنا ہے کہ سَر میں مہندی لگا کر سونے سے آنکھوں کى بىنائى جانے کا اندىشہ ہے ، کیا یہ بات دُرُست ہے؟

جواب : کسی طبیب سے میں نے سُنا تھا کہ سَر میں مہندی لگا کر سوجانا آنکھوں کے لئے نقصان دِہ ہے۔ ایک بار میرے پاس ایک نابینا شخص آیا تھا اُس نے کہا : ”میں 10 سال سے نابینا ہوں کیونکہ میں سر میں مہندی لگا کر سو گیا اور جب اُٹھا تو نابینا ہو چکا تھا۔“ لہٰذا سر میں مہندی لگا کر  سونے میں خطرہ ( Risk )  ہے۔ ( مدنی مذاکرہ ، بعد نمازِ تراویح ،  4رمضان شریف 1441ھ )

 ( 3 ) نماز کے دوران بِلی پاؤں سے لپٹ جائے تو کیا کریں؟

سُوال : نماز پڑھتے ہوئے بِلّی پاؤں سے لپٹ جائے تو اسے کس طرح ہٹایا جائے؟

جواب : اگر نماز پڑھتے ہوئے کسی کے پاؤں سے بِلّی لپٹ جائے تو اسے ہلکا ہلکا  پاؤں مار کر ہٹا دیں کیونکہ بِلّی کو ہٹائے بغیر سجدہ کریں گے تو یہ کاٹ سکتی ہے اور اِس طرح صحیح طور پر سجدہ بھی نہیں ہو سکے گا۔ بِلّی کو ہٹانے کے لئے  ”شِش شِش“ نہیں کر سکتے  البتہ عملِ قلیل یعنی تھوڑے سے عمل کے ذَریعے ہاتھ سےہٹا سکتے ہیں۔نماز میں بِلّی کو ہٹانے کا عملِ ( قلیل )  بھی ایک رُکن میں دو بار ہی کر  سکتے ہیں۔ ( مدنی مذاکرہ ، بعد نمازِ تراویح ،  5رمضان شریف 1441ھ )

 ( 4 ) منرل واٹر کى بوتلوں سے  ہاتھ دھونا کیسا ؟

سُوال : دعوتوں مىں پینے کے لئے رکھی جانے والی  منرل واٹر کى بوتلوں سے  ہاتھ دھونا کىسا ؟

جواب : منرل واٹر کی بوتلیں پىنے کے لئے رکھی جاتی ہیں  لہٰذا اِن سے ہاتھ نہىں دھو سکتے۔ اگر  دعوت  میں  یہ پانی پینے کے لئے فکس کر دىا  ہے  تو اب اس  سے     ہاتھ دھونا  اُصول کے خلاف ہوگا۔ ( مدنی مذاکرہ ، بعد نمازِ تراویح ، 7رمضان شریف 1441ھ )

 ( 5 ) کیاتنخواہ سے بچائی ہوئی رَقم پر بھی زکوٰۃ ہوگی؟

سُوال : میں نے اپنا پیٹ کاٹ کر تنخواہ سے رقم بچا بچا کر سیونگ کی ہے کیا اِس پر زکوٰۃ دینی ہو گی؟

جواب : تنخواہ سے رقم بچا بچا کر اگر اتنی رقم جمع ہو گئی جس پر زکوٰۃ کی شرائط پائی جاتی ہوں تو اُس جمع شدہ رقم پر زکوٰۃ فرض  ہو جائے گی ، چاہے پیٹ کاٹ کر جمع کی ہو۔ ”پیٹ کاٹنا“ محاورہ ہے یعنی بچت کے لئے مثلاً سادہ کھانا ، کم کھانا  اور سادگی کے ساتھ گزارہ کرناوغیرہ۔ ( مدنی مذاکرہ ، بعد نمازِ تراویح ،  5رمضان شریف 1441ھ )

 ( 6 ) جمعہ کے دِن مَنَّت کا روزہ رکھنا کیسا؟

سُوال : کىا جمعہ کے دِن مَنَّت کا روزہ رکھ سکتے ہىں؟

جواب : جى ہاں! رکھ سکتے ہىں۔ ( مدنی مذاکرہ ، 11شعبان شریف1441ھ )

 ( 7 ) کچی پیاز   وغیرہ کھانے سے  وُضو نہیں ٹوٹتا

سُوال : کىا  کچی پىاز کھانے سے وُضو ٹوٹ جاتا ہے؟

جواب :  کچى پىاز کھانے  سے  بچنا اچّھا ہے  کہ اس سے   منہ  میں بَدبو  ہو جاتى ہے ، البتّہ  کھانا جائز ہے اور   اس  سے  وضو  بھی نہىں ٹوٹتا۔سالن میں   پکى ہوئى پىاز اور لہسن کھا سکتے ہیں کہ پکنے کے بعد ان کی بَدبو ختم ہو جاتی ہے اور   انہیں کھانے  سے منہ میں بَدبو  بھی پیدا نہیں ہوتی۔ ( مدنی مذاکرہ ، بعد نمازِ تراویح ،  6رمضان شریف 1441ھ )

 ( 8 ) شادی کی اجازت نہ ملنے پر گھر والوں سے ناراض ہونا کیسا؟

سُوال : کسی شخص کو اس کے گھر والے پسند کی شادی نہیں کرنے دے رہے تھے ، لہٰذا وہ گھر والوں سے ناراض ہوکر  کہیں چلا گیا ہے اور اس سے کسی قسم کا رابطہ بھی نہیں  ہو رہا ، اب والدین کو کىا کرنا چاہئے؟

جواب : اللہ کرىم آسانى فرمائے ، محبوبِ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے صدقے مىں وہ لڑکا واپس اپنے گھر آ جائے ، اپنے  والدین کى اِطاعت کرے ، ان کو خوش کرے اور سب کو راضى کر کے ہم آہنگی  کے ساتھ نکاح  کرے۔ اللہ  پاک کرم فرمائے کہ اُس کا دل بدل جائے ، لڑکا لڑکی کے والدین ان کی شادی سے مطمئن ہو جائیں ، ان کی شادی کے لئے ”ہاں“ کر دیں تاکہ وہ دونوں ان کی  رضا مندی سے شادی کر لیں اورکسى طرح گھر چل جائے۔ سب کو اىسا ہى کرنا چاہئے کیونکہ گھر ایسے ہی  چلا کرتے ہیں ورنہ ماں باپ اگر کوسنے اور بد دُعائىں دیں گے تو گھر کىسے چلے گا؟

یاد رہے! شادى کا لفظی معنىٰ ”خوشى“ ہے مگر ىہ کىسى شادى ہے جس کے سبب گھر اور خاندان اُجڑ  رہے ہیں ، گھر والے پرىشان ہیں اور ان کی دل آزاری ہو رہی ہے؟ نوجوانوں کو شادی کی اجازت نہ ملنے پر گھر سے بھاگنے جیسا جذباتى قدم نہىں اُٹھانا چاہئے۔سارى دنىا کے تمام جوانوں سے مىرى درخواست ہے کہ ماں باپ سے باہمی ہم آہنگی کے ساتھ معاملات کو سُلجھائیں نیز کبھى کبھی والدین کو بھى اپنے جوان بچوں کی بات مان لینی چاہئے ، اگر لڑکا یا لڑکی کی سىرت اچھى ہے ، صورت بھى مناسب ہے ، کوئی شرعی رُکاوٹ بھی نہیں ہے اگرچہ لڑکا  اور لڑکی الگ الگ قوم سے تعلق رکھتے ہیں مثلاً لڑکا مىمن ہے لڑکی سندھى ہے یالڑکی پنجابى ہے لڑکا پٹھان ہے تو ان کی شادی کرنے میں کوئی مُضائقہ نہیں ہے ، کیونکہ ہم نے نبىِّ پاک صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا کلمہ پڑھا ہے جو کہ عربى ہىں ، لہٰذا دل بڑا کرکے اپنے بچے یا بچی کو شادی کرنے کی اجازت  دے دیجئے اور ان کو دعاؤں سے بھی نوازئیے۔ ىہ مشورہ ہے ورنہ  لوگ اپنی من مانیاں کرتے ہیں پھر نتیجتاًگھر تباہ ہوجاتے ہىں اور گناہوں کے دروازے بھی کھلتے ہىں۔

 ( مدنی مذاکرہ ، بعد نمازِ عصر ، 9رمضان شریف 1441ھ )

 ( 9 ) آنکھیں بند کر کے نماز پڑھنا

سُوال :  کىا آنکھىں بند کر کے نماز پڑھ سکتے ہىں؟

جواب : مکروہِ تنزیہی یعنی ناپسندیدہ ہے البتہ آنکھىں بند کرنے سے نماز مىں دِل زىادہ لگتا ہے ، دِل جمعى  نصیب ہوتى ہے اور خشوع و خضوع حاصل ہوتا ہے تو پھر آنکھیں بند کرکے نماز پڑھنا  افضل ہے۔

 ( ردالمحتار ، 2 / 499-مدنی مذاکرہ ، بعد نمازِ عصر ،  6رمضان شریف 1441ھ )


Share

Articles

Comments


Security Code