وہ کام جو سب سے پہلے فاروق اعظم نے کئے

وہ کام جو سب سے پہلے فاروقِ اعظم رضی اللہ عنہ نے کئے

*مولانا حافظ حفیظ الرحمٰن عطّاری مدنی

ماہنامہ فیضانِ مدینہ جولائی2023

مسلمانوں کے دوسرے خلیفہ ، وزیرِ آخری نبی حضرتِ سیِّدُنا عُمَر رضی اللہ عنہ کی کنیت ” ابوحَفْص “ اور لقَب ” فاروقِ اَعظم “ ہے۔ آپ رضی اللہ عنہ  اعلانِ نبوت  کے چھٹے سال 39 مَردوں کے بعد ایمان لائے۔  [1]

آپ رضی اللہ عنہ سیِّدُنا صدیقِ اکبر رضی اللہ عنہ کے بعدتمام صحابہ سے اَفضل ہیں۔ آپ رضی اللہ عنہ کو اللہ کریم نے دیگر کثیر فضائل و کمالات کے ساتھ ساتھ کثیر اَوّلیات[2]سے بھی نوازا ہے۔

امیر المؤمنین حضرت سیِّدُنا عمر فاروقِ اعظم رضی اللہ عنہ کے قبولِ اسلام سے اُن کے وصال تک کئی ایسے کام اور واقعات ہیں جو سب سے پہلے آپ رضی اللہ عنہ نے کئے یا کروائے یا آپ کے ساتھ پیش آئے۔ان میں سے چند یہ ہیں : ( 1 ) عظیم صحابِی رسول حضرت سیِّدُنا عبد اللہ بن عباس  رضی اللہ عنہما کے قول  کے مطابق وہ شخص   جنہوں نے سب سے پہلے اپنے اسلام کا عام اعلان کیا وہ  عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ ہیں۔[3] ( 2 ) فاروقِ اعظم رضی اللہ عنہ وہ شخص ہیں جنہوں نے نبیِّ پاک صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے وصالِ ظاہری کے بعد سب سے پہلے  سیِّدُنا ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کی بیعت کی۔  [4]   ( 3 )  فاروقِ اعظم  رضی اللہ عنہ ہی وہ شخصیت  ہیں   جنہیں سب سے پہلے امیر المؤمنین کہا گیا۔  [5]  ( 4 )  فاروقِ اعظم رضی اللہ عنہ اسلام میں وہ پہلے امام ہیں   جنہوں  نے شہادت کا عظیم درجہ پایا۔[6] ( 5 ) فاروقِ اعظم رضی اللہ عنہ وہ پہلی شخصیت ہیں جنہوں نے مسیلمہ کذاب کے خلاف لڑی جانے والی جنگِ یمامہ میں کثیر حفاظ صحابۂ کرام کی شہادت کو دیکھ کر سب سے پہلے سیدنا صدیقِ اکبر رضی اللہ عنہ کو جمعِ قراٰن کا مشورہ دیا۔[7] ( 6 )  فاروقِ اعظم رضی اللہ عنہ وہ شخصیت ہیں جنہوں نے سب سے پہلے تراویح کی جماعت شروع کروائی اور قاریِ قراٰن حضرت سیِّدُنا ابی بن کعب رضی اللہ عنہ کو اِمام مقرر فرما کر تمام لوگوں   کو اُن کی اِقتداء میں   نماز پڑھنے کا حکم دے دیا۔[8] ( 7 ) فاروقِ اعظم رضی اللہ عنہ وہ پہلی شخصیت ہیں جنہوں نے ائمہ کرام ، مؤذنین ، معلمین اور مُدَرِّسِیْن کے لئے وظائف مقرر فرمائے۔  [9]  ( 8 )  شاہ ولیُّ اللہ  محدث دہلوی رحمۃُ اللہ علیہ کے قول کے مطابق فاروقِ اعظم رضی اللہ عنہ وہ پہلی شخصیت ہیں جنہوں نے مسجدِ حرام کو وسیع و کشادہ کرنے کا اہتمام فرمایا۔    [10] ( 9 )  فاروقِ اعظم رضی اللہ عنہ  ہی وہ شخصیت ہیں جنہوں  نے مساجد کو آباد کرنے کے لئے سب سے پہلے انہیں روشن کرنے کا خصوصی اہتمام فرمایاجس پر مولیٰ علی رضی اللہ عنہ نے دُعا دی تھی کہاللہ پاک عمر کی قبر کو ویسا ہی منور کردے جیسا انہوں نے مساجد کو منور کیا۔[11] ( 10 ) فاروقِ اعظم رضی اللہ عنہ ہی وہ پہلی شخصیت  ہیں جن کے حکم پر مسجدِ نبوی کا فرش پکا کیا گیا۔[12] ( 11 ) فاروقِ اعظم رضی اللہ عنہ نے سب سے پہلے شیر خوار و لاوارث بچوں اور مختلف لوگوں کے لئے وظائف مقرر فرمائے۔    [13] ( 12 ) فاروقِ اعظم رضی اللہ عنہ نے سب سے پہلے مسافر خانے اور غلے کے گودام بنوائے جن سے مسافروں   کی مدد کی جاتی تھی۔  [14]  ( 13 ) حدیثِ پاک کے مطابق فاروقِ اعظم رضی اللہ عنہ وہ شخصیت ہیں جن کو قیامت کے دن سب سے پہلے نامۂ اعمال دائیں ہاتھ میں دیا جائے گا۔[15] اللہ پاک ہمیں شانِ فاروقی کو سمجھنے اور ان کی سیرت پر عمل پیرا ہونے کی سعادت عطا فرمائے۔ اٰمِیْن

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

* فارغ التحصیل جامعۃ المدینہ ، ماہنامہ فیضانِ مدینہ کراچی



[1] تاریخ الخلفاءص86

[2] اَوَّلِیَات جمع ہے ” اوّل “ کی اور کسی شخص کی اوّلیات وہ کام ہوتے ہیں جن کا آغاز اُسی سے ہو۔

[3] معجم کبیر ، 11 / 13 ، حدیث : 10890

[4] بخاری ، 2 / 521 ، حدیث : 3668 ماخوذاً

[5] مجمع الزوائد ، 5 / 360 ، حدیث : 9013

[6] تاریخ الخلفاء ، ص106ماخوذاً

[7] بخاری ، 3 / 398 ، حدیث : 4986 ماخوذاً

[8] بخاری ، 1 / 658 ، حدیث : 2010

[9] تاریخ بغداد ، 2 / 79 ، رقم : 460

[10] ازالۃ الخفاء ، 3 / 235

[11] روح البیان ، 3 / 400

[12] مصنف ابن ابی شیبہ ، 19 / 564 ، حدیث : 37058

[13] طبقات ابن سعد ، 3 / 214 ، موطا امام مالک ، 2 / 260 ، حدیث : 1482 ملخصاً

[14] طبقات ابن سعد ، 3 / 214 ماخوذاً

[15] تاریخ ابن عساکر ، 30 / 154


Share

Articles

Comments


Security Code