سفر نامہ

یوکے کا سفر(دوسری اور آخری قسط)

* مولانا عبد الحبیب عطّاری

ماہنامہ فیضانِ مدینہ مئی 2022ء

یکم نومبر2021ءبروز پیر ہم اسٹاک آن ٹرینٹ (Stoke-on-Trent)نامی شہر میں لی گئی عمارت کے دورے کے لئے حاضر ہوئے تو عظیمُ الشان عمارت دیکھ کر دل خوش ہوگیا۔ اِن شآءَ اللہ اس عمارت میں دارُالمدینہ کے علاوہ مدرسۃُ المدینہ ، جامعۃُ المدینہ اور دعوتِ اسلامی کے دیگر شعبہ جات کا بھی آغاز ہوگا۔ اس موقع پر ذمہ داران نے یہاں کے تاجر اسلامی بھائیوں کو جمع کررکھا تھا جنہیں دعوتِ اسلامی کے دینی کاموں اور مستقبل کے منصوبوں کا تعارف پیش کیا گیا۔

سنتوں بھرا اجتماع : 2نومبر بروز منگل لندن کے Bensham Hall میں سنتوں بھرے اجتماع میں حاضری ہوئی جہاں والدین کے ادب واحترام کے موضوع پر بیان کی سعادت ملی۔

لندن میں نئے مدنی مرکز کی تعمیر : اجتماع سے فارغ ہونے کے بعد ہم لندن میں ہی Croydon نامی علاقے میں اس عمارت کو دیکھنے گئے جہاں اِن شآءَ اللہ جلد ہی ’’فیضانِ غوثِ اعظم‘‘نامی مدنی مرکز کا آغاز ہوگا۔ ما شآءَ اللہ یہ عمارت مین روڈ کے ساتھ بہت پیاری لوکیشن پر واقع ہے۔

قبرستان کی حاضری : 3نومبر بروز بدھ نمازِ فجر کے بعد ہم لندن کے ایک مسلم قبرستان میں حاضر ہوئے۔ قبرستان دنیا میں جہاں بھی ہو ، وہ عبرت کا مقام ہوتا ہے۔ یوکے میں عموماً دو قسم کے قبرستان ہوتے ہیں ، بعض میں صرف مسلمانوں کی قبریں ہوتی ہیں جبکہ بعض میں ایک جانب مسلمانوں جبکہ دوسری طرف غیر مسلموں کی قبریں ہوتی ہیں۔ ہم سب کو چاہئے کہ وقتاً فوقتاً قبرستان میں حاضری دیتے رہیں کہ اس سے دل نرم ہوتا اور موت کی یاد آتی ہے۔ فرمانِ مصطفےٰ  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  ہے : زُورُوا الْقُبُورَ فَاِنَّهَا تُذَكِّرُكُمُ الْآخِرَةَ یعنی قبروں کی زیارت کیا کرو کیونکہ ایسا کرنا قبریں تمہیں آخرت کی یاد دلائیں گی۔ (ابن ماجہ ، 2 / 251 ، حدیث : 1569) قبرستان میں ہم نے فاتحہ پڑھی اور مسلمانوں کے لئے اجتماعی دعا کی۔

غیر مسلموں کی عبادت گاہ خریدنے کی کوششیں : 3نومبر کو رات ہم لندن میں Chadwell Heath میں ایک مقام پر گئے جہاں دعوتِ اسلامی کے ذمہ داران نے غیرمسلموں کی ایک عبادت گاہ کو 12لاکھ پاؤنڈ تقریباً 28کروڑ پاکستانی روپے میں خریدنے کا معاہدہ کیا ہے اور یہ رقم جمع کرنے کے لئے کوششیں جاری ہیں ۔ اللہ پاک نے چاہا تو عنقریب یہ عمارت دعوتِ اسلامی کے مدنی مرکز میں تبدیل ہوجائے گی جہاں نمازِ پنج گانہ کے علاوہ قراٰن و حدیث کی تعلیم اور دیگر دینی کاموں کا سلسلہ بھی ہوگا۔ اللہ کریم اس نیک مقصد کے لئے کوشش کرنے والے اسلامی بھائیوں کی غیب سے مدد فرمائے۔

ہفتہ وار اجتماع : 4نومبرجمعرات کو ہم لندن میں Aylesbury میں ہفتہ وار سنتوں بھرے اجتماع میں حاضر ہوئے جہاں مجھے سنتوں بھرا بیان کرنے کی سعادت نصیب ہوئی۔

اجتماع کے بعد ذمہ دار اسلامی بھائیوں کا مدنی مشورہ ہوا جس میں پہلے دینی کاموں کی موجودہ کارکردگی پیش کی گئی اور پھر مجھے اس حوالے سے کچھ مدنی پھول پیش کرنے کا موقع ملا۔ اس موقع پر نمایاں کارکردگی پیش کرنےوالے ذمہ داران میں تحائف کی تقسیم کا سلسلہ بھی ہوا۔

غیر مسلم کا قبولِ اسلام : دعوتِ اسلامی کے دینی ماحول کی برکت سے آئے روز غیرمسلموں کے قبولِ اسلام کی خبریں ملتی رہتی ہیں۔ آج اجتماع گاہ میں ایک ایسے شخص کو لایا گیا جس نے ایک اسلامی بھائی کے سامنے مسلمان ہونے کی خواہش ظاہر کی تو انہوں نے حکمِ شریعت کے مطابق فوراً انہیں کلمہ شریف پڑھا کر مسلمان کیا اور پھر انہیں میرے پاس لایا گیا تو میں نےتجدیدِ ایمان کرواتے ہوئے نومسلم سمیت تمام حاضرین کو کلمہ پڑھوایا ، ان کا اسلامی نام محمد بلال رکھا ، انہیں دعوتِ اسلامی کے اجتماعات میں آتے رہنے کی ترغیب دلائی او رپھر ان کے لئے دعا کروائی گئی۔

نمازِ جمعہ سے پہلے بیان : 5نومبر 2021ء بروز جمعۃ المبارک فیضانِ مدینہ Slough میں نمازِ جمعہ سے پہلے مجھے بیان کرنے کا موقع ملا ۔ نمازِ جمعہ کے بعد صلوٰۃ و سلام اور پھر اسلامی بھائیوں سے ملاقات کرنے کے بعد ہم قبرستان حاضر ہوئے۔

پاکستان واپسی : تقریباً 8 سے 9 دن یوکے میں گزارنے کے بعد 5نومبر بروز جمعہ ہم لندن کے Heathrow Airport سے پاکستان واپسی کے لئے روانہ ہوئے۔ ان تمام ذمہ داران اور دیگر اسلامی بھائیوں کا بہت بہت شکریہ جنہوں نے اس سفر کے دوران ہماری مہمان نوازی کی ، پیار محبت سے نوازااور دینی کاموں کے لئے بھاگ دوڑ میں ہمارے ساتھ وقت دیا۔

اللہ کریم دنیا بھر میں اور بالخصوص یوکے میں دعوتِ اسلامی کو مزید ترقیاں عطا فرمائے اوریہاں کے مختلف شہروں میں جن مدنی مراکز ، مدارس و جامعات کا تعمیراتی کام جاری ہے اسے جلد سے جلد مکمل کرنے میں ہماری مدد فرمائے۔                      اٰمِیْن بِجَاہِ النّبیِّ الْاَمِیْن  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

* رکنِ شوریٰ و نگرانِ مجلس مدنی چینل


Share