Book Name:Huzor Ka Bachpan
میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو!آئیے!حُصُولِ بَرَکت اورسرکار صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ سےمَحَبَّت بڑھانے کے لئے آپ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ کے بچپن کی چند مزیدپیاری پیاری اَداؤں کے بارے میں سُنتے ہیں ،چنانچہ
سردارِ مَکَّۂ مُکَرَّمَہ،سلطانِ مَدِیْنَۂ مُنَوَّرہ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے اپنی عُمر کے ابتدائی حصّے میں پیدا ہوتے ہی جو کلام فرمایاوہ اَللہُ اکْبَر کَبِیْراً وَالْحَمْدُ لِلّٰہ کَثِیْراً تھا،آپ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَکوفرشتے جھُولاجھُلاتے تھے۔(سُبُلُ الہُدٰی وَالرِّشَاد، الباب التاسع فی مناغاتہ للقم…الخ، ۱/۳۴۹)
حضرت سیِّدُنا عبّاس رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُفرماتے ہیں کہ میں نے عرْض کی:یارسول اللہ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ ! مجھے تَو آپ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ کی علاماتِ نُبُوَّت نے دِینِ اِسلام میں داخل ہونے کی دعوت دی تھی۔میں نے دیکھا کہ آپ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ گہوارے میں چاند سے باتیں کرتے اور اپنی اُنگلی سے جس طرف اشارہ فرماتے ، چاند اُسی طرف جھک جاتا۔(جمعُ الجَوامع، حرف الہمزۃ مع النون، ۳/۲۱۲، حدیث:۸۳۶۱)
سَرْوَرِ ذِیشان،مَحبوبِِ رَحمٰن صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ کے اِسی معجزے کا نقشہ کھینچتے ہوئے اعلیٰ حضرت، امامِ اہلسنت مولانا شاہ احمد رضا خانرَحْمَۃُ اللّٰہ ِتَعَالٰی عَلَیْہ اپنے نعتیہ دیوان حدائقِ بخشش میں فرماتے ہیں :
چاند جھک جاتا جدھر اُنگلی اٹھاتے مہد میں کیا ہی چلتا تھا اشاروں پر کِھلونا نور کا
(حدائقِ بخشش، ص۲۴۹)
یعنی سرکارِ دو عالَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ اپنے جُھولے میں لیٹے لیٹے اپنی اُنگلی کو حرکت دیتے تو نُوری کھلونا یعنی چاندآپ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ کی اطاعت وفرمانبرداری کرتے ہوئے آپ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ کی اُنگلی کے اِشاروں پہ حرکت کیا کرتا تھا۔