Fazilat Ka Mayar Taqwa Hai

Book Name:Fazilat Ka Mayar Taqwa Hai

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                                 صَلَّی اللہُ عَلٰی مُحَمَّد

پیارے پیارے اسلامی بھائیو! آپ نےسنا کہ جو خوش نصیب مسلمان دُنیا کی رنگینیوں سے مُنہ موڑ کر ، گناہوں سےتعلق ختم کرکے صرف رِضائے الٰہی کے لئے  عبادت و ریاضت اور تقویٰ و پرہیزگاری کو اپنا معمول بنالیتا ہے ، عاجزی کرتے ہوئے خود کو حقیر اوردوسروں کوبہتر تصور کرتا ہے ، نفل روزے اورصدقہ و خیرات کو اپنا معمول بنالیتا ہے ، صرف رزقِ حلال ہی کماتا اورعبادات کی کثرت کے باوجود اپنا عمل ظاہر کرنے سےاپنےآپ کوبچاتا ہے ، خود کو سب سے بڑا گناہ گار تصوّر کرتا ہے ، جہنم کا خوف اور خوفِ خدا اس پر غالب رہتا ہےتو اللہ پاک اس سےخوش ہوکر اس  کا مقام اس قدر بلند فرمادیتا ہے کہ اس کے عبادت گُزار بندے بھی اس کے پاس حاضر ہو کر اس سے مُلاقات کرتے ہیں۔ افسوس!آج ہمارے مُعاشرے میں افضلیت کا معیارصرف یہی رہ گیا ہے کہ ہم مالداروں ، سرمایہ داروں ، افسروں ، وزیروں ، دنیوی منصب رکھنے والوں ، مہنگی گاڑیوں میں گُھومنے والوں ، مہنگے موبائل ، رکھنے والوں ، عُمدہ لباس میں ملبوس رہنے والوں ، اُونچی بلڈنگوں ، خُوبصورت بنگلوں یا  مہنگےعلاقوں میں بسنے والوں ، گوری رنگت والوں اور اعلیٰ نسب والوں کو  ہی سب سے افضل  و بہتر جانتے اور صبح و شام انہیں کے گُن گاتے  نظرآتے ہیں جبکہ اللہ پاک کے نزدیک وہی مسلمان زیادہ عزت و اِکْرام والا ہے کہ جوتقویٰ و پرہیزگاری  میں دوسروں سے زیادہ ہو ، چُنانچہ پارہ 26سُوْرَۃُ الْحُجُرات کی آیت نمبر 13 میں اِرْشادہوتاہے :

یٰۤاَیُّهَا النَّاسُ اِنَّا خَلَقْنٰكُمْ مِّنْ ذَكَرٍ وَّ اُنْثٰى وَ جَعَلْنٰكُمْ شُعُوْبًا وَّ قَبَآىٕلَ لِتَعَارَفُوْاؕ-اِنَّ اَكْرَمَكُمْ عِنْدَ اللّٰهِ اَتْقٰىكُمْؕ-اِنَّ اللّٰهَ عَلِیْمٌ خَبِیْرٌ(۱۳)   ۲۶ ، الحجرات : ۱۳)                                                                                                      

ترجمۂ کنزُالعِرفان : اے لوگو!ہم نے تمہیں  ایک مرد اورایک عورت سے پیدا کیا اور تمہیں  قومیں  اور قبیلے بنایاتاکہ تم آپس میں  پہچان رکھو ، بیشک اللہ کے یہاں  تم میں  زیادہ عزت والا وہ ہے جو تم میں  زیادہ پرہیزگار ہے بیشکاللہجاننے والا خبردار ہے۔