Book Name:Data Hazoor Aur Adab Ki Taleem
ہے یہ نسخۂ نایاب دِل کے لئے جو پڑھے دِل لگا کر ، سمجھ کر اسے
پیرِ کامِل ملے ، بند رَسْتہ کھلے گنج بخشی ہے اس کی یہ ظاہِر ظہور
صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْبِ ! صَلَّی اللہ عَلٰی مُحَمَّد
کشف المحجوب کے ایک باب کا خُلاصہ
اے عاشقانِ رسول ! کَشْفُ الْمَحْجُوب شریف کا ایک باب ہے : کَشْفِ حِجَاب : آداب کا بیان۔ اس باب میں حُضُور داتا گنج بخش علی ہجویری رحمۃ اللہ عَلَیْہ نے بنیادی طَور پر 3 چیزیں ذِکْر فرمائی ہیں : ( 1 ) : اَدَب کسے کہتے ہیں ؟ ( 2 ) : اَدَب کی اَقْسَام ( 3 ) : اور مختلف آدابِ زِندگی۔
آئیے ! کَشْفُ الْمَحْجُوب شریف کے اس باب سے داتا حُضُور رحمۃ اللہ عَلَیْہ کی تعلیمات اور چند نصیحتیں سُننے کی سَعَادت حاصِل کرتے ہیں ، اللہ پاک ہمیں اَوْلیائے کرام کی محبّت اور ان کی تعلیمات پر عمل کی توفیق نصیب فرمائے۔اٰمِیْن بِجَاہِ خَاتَمِ النَّبِیّٖن صَلَّی اللہ عَلَیْہ وَآلِہٖ وَسَلَّم ۔
حُضُور داتا گنج بخش علی ہجویری رحمۃ اللہ عَلَیْہ فرماتے ہیں : تمام دِینی اور دُنیوی کاموں کا حُسْن اَدَب میں ہے ، ہر شخص کے لئے اُس کے مقام کے مطابق علیحدہ آداب ہیں ، مُرَوَّت ، سُنّت اور عزّت کی حفاظت ادب ہی کے ذریعے ہوتی ہے۔ ( [1] ) اللہ پاک قرآنِ کریم میں فرماتا ہے :
یٰۤاَیُّهَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا قُوْۤا اَنْفُسَكُمْ وَ اَهْلِیْكُمْ نَارًا وَّ قُوْدُهَا النَّاسُ وَ الْحِجَارَةُ ( پارہ : 28 ، سورۂ تحریم : 6 )
ترجَمہ کنزُ الایمان : اے ایمان والو اپنی جانوں اور اپنے گھر والوں کو اس آ گ سے بچاؤ جس کے ایندھن آدمی اور پتھر ہیں۔