جنّتیوں کا کھانا پینا

جنّت کیا ہے؟:جنّت ایک ایسی شاندار و بے مثال جگہ ہے جو اللہ عَزّ َ وَجَلَّنے ایمان والوں کے لئے بنائی ہےاور اِس میں ایسی نعمتیں رکھی ہیں جو نہ کسی آنکھ نے دیکھیں نہ کسی کان نے سُنیں اور نہ ہی کسی دل میں اُن کا خیال آیا۔ جنّت کے بارے میں جو کچھ بیان کیا جاتا ہے وہ صِرْف سمجھانے کےلئے ہوتا ہے، ورنہ دنیا کی اعلیٰ ترین چیز کا بھی جنّت کی کسی نعمت سے کوئی مقابلہ نہیں۔(بہار شریعت،ج1،ص152مفہوماً) جنّت کہاں ہے؟:صحیح ترین قول یہ ہے کہ جنّت ساتویں آسمان کےاوپر ہے۔ ( شرح الفقہ الاکبر،ص177) جنّتیں کتنی ہیں؟:جنّتیں آٹھ ہیں، جن کے نام یہ ہیں: (1)دارُالْجَلال (2)دارُالْقَرار (3)دارُالسَّلام (4)جَنّۃُعَدْن (5)جَنّۃُالْمَاوٰی (6)جَنّۃُالْخُلْد (7)جَنّۃُ الْفِرْدَوس (8)جَنّۃُالنِّعیم۔ (روح البیان،ج1،ص82)

جنّت کے بارے میں عقائد: (1)جنّت  پیدا ہوچکی ہے، ایسا نہیں ہے کہ بعد میں پیدا ہوگی۔(الفقہ الاکبر،ص176) (2)جنّت کا انکار کرنے والا کافِر ہے۔(بہار شریعت،ج1،ص150) (3)جنّت ہمیشہ رہے گی،کبھی فنا نہ ہوگی۔ ( الفقہ الاکبر،ص179) (4)جنّتی جنّت میں ہمیشہ رہیں گے۔ (شرح الفقہ الاکبر،ص180)

جنّتی کھانے: ٭جنّت میں جاتے ہی سب سے پہلے جس کھانے کی دعوت ہوگی وہ مچھلی کی کلیجی کا کنارہ ہوگا جو بہت ہی لذیذہوتاہے۔(بخاری،ج2،ص605،حدیث:3938،مرقاۃالمفاتیح،ج10،ص189) ٭جنّت میں ہر قسم کا لذیذ کھانا موجود ہوگا ٭جو کھانا چاہیں گے فوراً سامنے پیش ہوجائے گا ٭کسی پرندے کو دیکھ کر کھانے کا دل کرے گا تو فوراً بُھنا ہوا حاضِر ہوجائے گا ٭جتنا کھائیں گے لذّت میں اِضافہ ہوتا جائے گا ٭ہر نوالے میں 70 قسم کے الگ الگ ذائقے ہوں گےجو ایک ہی ساتھ محسوس ہوں گے ٭ہر جنّتی کو 100آدمیوں کے برابر کھانے کی طاقت دی جائے گی ٭کھانا کھانے کے بعد ایک مُشکبار ڈکار آئے گی، مُشکبار ہی پسینہ نکلے گا اور سب ہَضْم ہوجائے گا۔(بہارِ شریعت،ج1،ص156-157ماخوذاً)

جنّتی مشروبات: ٭جنّت میں چار نہریں ہیں: (1)پانی کی (2)دودھ کی (3)شہد کی (4)پاکیزہ شراب کی ٭ہر نَہْر کا ایک کنارہ موتی کاجبکہ  دوسرا یاقوت کاہوگا ٭نَہْروں کی زمین خالص مُشک کی ہوگی۔ (بہار شریعت، ج1،ص155) ٭جب جنّتی پانی کی نَہْر سے پی لیں گے تو اُنہیں کبھی موت نہ آئے گی، جب دودھ کی نَہْر سے پی لیں گے تو ایسے فربہ ہوجائیں گے کہ کبھی لاغَر نہ ہوں گے، جب شہد کی نَہْر سے پی لیں گے تو کبھی بیمار نہ ہوں گے، جب پاکیزہ شراب کی نَہْر سے پی لیں گے توایسے خوش ہوجائیں گے کہ کبھی غمگین نہ ہوں گے۔ ٭جنّت میں چند چشمے بھی ہیں جن کے نام یہ ہیں: (1)کافُور (2)زَنْجَبِیْل (3)سَلْسَبِیْل (4)رَحِیْق (5)تَسْنِیْم۔(روح البیان،ج1،ص82-83) ٭جب بھی کوئی مشروب پینا چاہیں گے فوراً کوزے ہاتھ میں آجائیں گےجن میں اُن کی خواہش کے مطابق دودھ، شراب یا شہد موجود ہوگا ٭پینے کی طاقت بھی 100 آدمیوں کے برابر دی جائے گی۔(بہار شریعت،ج1،ص156-157)

گدا بھی منتظر ہے خلد میں نیکوں کی دعوت کا

خدا دن خیر سے لائے سخی کے گھر ضیافت کا

) حدائق بخشش، ص37 (


Share

Articles