محرم الحرام میں نئی چیز خریدنا یا پہننا  کیسا؟ /”بھاڑ میں جا !“کہنا کیسا؟ وغیرہ

شیخِ طریقت، امیرِ اہلسنّت، بانیِ  دعوتِ اسلامی حضرت علامہ مولانا ابوبلال محمد الیاس عطارؔ قادری رضوی دَامَتْ بَرَکاتُہُمُ الْعَالِیَہ مدنی مذاکروں میں عقائد، عبادات اور معاملات کے متعلق کئے جانے والے سوالات کے جوابات عطا فرماتے ہیں، ان میں سے چند سوالات وجوابات ضروری ترمیم کے ساتھ یہاں درج کئے جا رہے ہیں۔

محرمُ الحرام میں نئی چیز خریدنا یا پہننا کیسا؟

سوال:کیا محرمُ الحرام میں اپنے لئے کوئی نئی چیز خرید یا پہن سکتے ہیں؟

جواب:جی ہاں! محرمُ الحرام میں اپنے لئے نئی چیز خرید بھی سکتے ہیں اور پہن بھی سکتے ہیں یہاں تک کہ عاشورا (یعنی دس10 محرم الحرام) کے دن بھی اگر کوئی نئی چیز خرید کر استعمال میں لائے تو یہ بھی بِلا کراہت جائز ہے، اس میں کوئی گناہ نہیں ہے۔

وَاللہُ اَعْلَمُ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم عَزَّوَجَلَّ وَ صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                 صلَّی اللہ تعالٰی علٰی محمَّد

بچوں کا گُڑیا، بھالو وغیرہ سے کھیلنا کیسا؟

سوال:کیا بچوں کا گُڑیا، بھالو وغیرہ سے کھیلنا جائز ہے؟

جواب:جی ہاں! بچوں کا گڑیا، بھالو وغیرہ سے کھیلنا جائز ہے مگر انہیں تعظیم کی جگہ جیسے الماری یا شوکیس یا مچان وغیرہ پر سجا کر رکھنا ناجائز ہے کہ گھر میں رحمت کے فرشتے نہیں آئیں گے، بس یہ الٹ پلٹ اور بے ترتیب ٹھوکروں ہی میں پڑے ہوں، انہیں سجا کر نہ رکھا جائےاور اگر کسی نے ان چیزوں کو شوکیس وغیرہ میں سجا کر رکھا ہے تو وہ اس سے توبہ کرے اور شوکیس وغیرہ میں ان کی جگہ خوبصورت گلدستے یا پھر کوئی ایسی کار یا ہوائی جہاز وغیرہ رکھ لیجئے جس پر کسی جاندار کی تصویر نہ بنی ہو۔

وَاللہُ اَعْلَمُ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم عَزَّوَجَلَّ وَ صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                 صلَّی اللہ تعالٰی علٰی محمَّد

محرمُ الحرام میں قربانی کا بچا ہوا گوشت کھانا کیسا؟

سوال:کیا محرمُ الحرام میں قربانی کا بچا ہوا گوشت کھا سکتے ہیں؟

جواب:جی ہاں! محرمُ الحرام میں قربانی کا بچا ہوا گوشت کھا سکتے ہیں اس میں کوئی حرج نہیں ہے۔ بعض لوگ یہ کہتے ہیں کہ محرمُ الحرام میں خاص طور پر عاشورا (یعنی دس10محرم الحرام) کے دن گوشت نہیں کھانا چاہئے، یہ غلط ہے۔ پورے سال میں ایسا کوئی دن نہیں ہے کہ جس میں مطلقاً گوشت کھانا منع ہو۔

وَاللہُ اَعْلَمُ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم عَزَّوَجَلَّ وَ صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                 صلَّی اللہ تعالٰی علٰی محمَّد

 کسی چیز کے نیچے دَب کر مَر جانے والے کو شہید کہنا کیسا؟

سوال:جو شخص کسی چیز کے نیچے دَب کر مَر جائے تو اُسے شہید کہہ سکتے ہیں؟

جواب:جی ہاں! مسلمان کسی چیز مثلاً دیوار، بڑے پتھر یا لوہے وغیرہ کے نیچے دَب کر مَر جائے تو وہ شہید ہے۔

وَاللہُ اَعْلَمُ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم عَزَّوَجَلَّ وَ صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                 صلَّی اللہ تعالٰی علٰی محمَّد

کیا صرف 10محرمُ الحرام کا ہی روزہ رکھنا چاہئے؟

سوال:کیا 10محرمُ الحرام کے ساتھ 9 یا 11محرمُ الحرام کا روزہ بھی رکھ سکتے ہیں یا صرف 10محرمُ الحرام کا ہی روزہ رکھنا چاہئے؟

جواب:10محرمُ الحرام کے ساتھ 9 یا 11محرمُ الحرام کا بھی روزہ رکھ سکتے ہیں بلکہ اس کی تو حدیثِ پاک میں تعلیم ارشاد فرمائی گئی ہے جیسا کہ مسندِ امام احمد میں ہے: رسولُ اللہ صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا: یومِ عاشورا کا روزہ رکھو اور اِس میں یہودیوں کی مخالفت کرو، اس سے پہلے یا بعد میں بھی ایک دن کا روزہ رکھو۔(مسندِ امام احمد،ج1،ص518، حدیث:2154)

وَاللہُ اَعْلَمُ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم عَزَّوَجَلَّ وَ صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                 صلَّی اللہ تعالٰی علٰی محمَّد

سب سے پہلے کس کی وراثت تقسیم ہوئی؟

سوال:اسلام میں سب سے پہلے کس کی وراثت تقسیم کی گئی؟

جواب:اسلام میں سب سے پہلے  صحابیِ رسول حضرتِ سیّدنا سعد بن ربیع رضی اللہ تعالٰی عنہ کی وراثت تقسیم کی گئی۔(ماخوذ اَز ترمذی،ج4،ص28، حدیث:2099)

وَاللہُ اَعْلَمُ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم عَزَّوَجَلَّ وَ صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                 صلَّی اللہ تعالٰی علٰی محمَّد

”بھاڑ میں جا!“ کہنا کیسا؟

سوال:یہ محاورہ ”بھاڑ میں جا“ کہنا کیسا ہے؟

جواب:بھاڑ“چولہے کو کہتے ہیں اور اس طرح کے محاورے ”بھاڑ میں جا“یا ”بھاڑ میں گیا“ کسی کو حقیر سمجھتے ہوئے کہے جاتے ہیں جو کہ دل آزار ہیں۔ ظاہر ہے جن کو اس طرح کے محاورے کہیں گے تو ان کا دل دکھے گا اور نفرتیں کم ہوجانے کے بجائے مزید بڑھیں گی لہٰذا ایسے محاورے استعمال کرنے سے بچنا چاہئے کیونکہ کسی کی دل آزاری جہنّم کی حقداری کا سبب بن سکتی ہے۔

وَاللہُ اَعْلَمُ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم عَزَّوَجَلَّ وَ صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                 صلَّی اللہ تعالٰی علٰی محمَّد

سوتے ہوئے منہ سے نکلنے والے پانی کا حکم

سوال:اگر کسی کے منہ سے رات کو سوتے ہوئے پانی نکلتا ہو تو یہ پاک ہے یا ناپاک؟

جواب:بعض کے منہ سے رات کو سوتے ہوئے بغیر جھاگ کا پانی نکلتا ہے اور بعض کے جاگتے ہوئے بھی نکلتا ہے، اسے عموماً لوگ ”رال“ بولتے ہیں جو کہ تھوک ہی ہوتا ہے، چاہے اس میں بدبو آئے یا نہ آئے یہ پاک ہے۔( ماخوذازفتاویٰ رضویہ،ج1الف،ص352)

وَاللہُ اَعْلَمُ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم عَزَّوَجَلَّ وَ صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                 صلَّی اللہ تعالٰی علٰی محمَّد

پوری دنیا پر حکومت کرنے والے چار4 بادشاہ

سوال:کیا کوئی ایسا بادشاہ بھی گزرا ہے جس نے پوری دنیا پر حکومت کی ہو؟

جواب:چار4بادشاہ ایسے گزرے ہیں جنہوں نے پوری دنیا پر حکومت کی تھی، ان میں سے دو مسلمان بادشاہ ہیں (1)حضرتِ سیّدنا سلیمان علٰی نَبِیِّنَا وعلیہ الصَّلٰوۃ وَالسَّلام (2)حضرتِ سیّدنا سکندر ذوالقرنین رحمۃ اللہ تعالٰی علیہ اور دو کافر (3)نمرود (4)بَخْت نَصَّر۔(صاوی،ج4،ص1216،پ16،الکھف:تحت الآیۃ:83)

وَاللہُ اَعْلَمُ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم عَزَّوَجَلَّ وَ صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                 صلَّی اللہ تعالٰی علٰی محمَّد

جوتے پہن کر نمازِ جنازہ پڑھیں یا اُتار کر؟

سوال:جوتے پہن کر نمازِ جنازہ پڑھیں یا اُتار کر؟ نیز بعض لوگ جوتے اُتار کر اُن پر کھڑے ہو کر نمازِ جنازہ پڑھتے ہیں تو اُن کا ایسا کرنا کیسا ہے؟

جواب:اگر جوتا پہن کر نمازِ جنازہ پڑھیں تو جوتے اور زمین دونوں کا پاک ہونا ضروری ہے اور جوتا اتار کر اس پر کھڑے ہو کر پڑھیں تو جوتے کے تَلے اور زمین کا پاک ہونا ضروری نہیں۔ میرے آقا اعلیٰ حضرت، امامِ اَہلِ سنّت مولانا شاہ امام احمد رضا خان علیہ رحمۃ  الرَّحمٰن ایک سوال کے جواب میں اِرشاد فرماتے ہیں: اگر وہ جگہ پیشاب وغیرہ سے ناپاک تھی یا جن کے جوتوں کے تَلے ناپاک تھے اور اس حالت میں جوتا پہنے ہوئے نماز پڑھی تو ان کی نماز نہ ہوئی۔ احتیاط یہی ہے کہ جوتا اتار کر اس پر پاؤں رکھ کر نماز پڑھی جائے کہ زمین یا تَلا اگر ناپاک ہو تو نماز میں خَلل نہ آئے۔(فتاویٰ رضویہ،ج 9،ص188) (نمازِ جنازہ اور دیگر نماز کے مسائل جاننے کے لئے نماز کے اَحکام (حنفی) (مطبوعہ مکتبۃ المدینہ) کا مطالعہ کیجئے۔)

وَاللہُ اَعْلَمُ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم عَزَّوَجَلَّ وَ صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                 صلَّی اللہ تعالٰی علٰی محمَّد

Share

Articles

Comments

Security Code