کولیسٹرول  اور اس کے اسباب

شیخِ طریقت، امیرِ اہلِ سنّت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ لکھتے ہیں: جو کھانے پینے میں اِحتیاط نہیں اپناتے اور خوب ڈٹ کر کھاتے ہیں وہ سخت تکالیف اٹھاتے اورآخِر کار پچھتاتے ہیں۔([1])بے احتیاطی کی وجہ سے وَزْن(Weight) بڑھتا اور کولیسٹرول میں اضافہ ہوجاتا ہے جو آگے چل کر مختلف بیماریوں کا سبب بن جاتا ہے۔ کولیسٹرول خون کی نالیوں کے راستے یا تو تنگ کردیتا ہے یا بالکل ہی بندکردیتا ہے، اس سے دل کی حَرَکت(Heart Beat) بند ہو کر موت واقِع ہوسکتی ہے۔([2])زائد(Extra)کولیسٹرول براہِ راست دل کو نقصان پہنچاتا ہے([3])اس لئے کہا جاتا ہے کہ ”سو (100) دوا کی اِک دوا پرہیز ہے“ اور پرہیز دواؤں کا سَر ہے۔([4])

کن چیزوں کے استعمال سے کولیسٹرول بڑھتا اور نارمل رہتا ہے۔ اس سے متعلّق چند اہم معلومات ملاحظہ فرمائیے:

کولیسٹرول کیا ہے؟کولیسٹرول دراصل ایک قسم کی چربی ہے جو جسم میں بنتی، جمع ہوتی اور خون میں گردش (Circulate)  کرتی ہے، اسی کو کولیسٹرول کہا جاتا ہے۔

کولیسٹرول کی اقسام:جسم میں چِکنائی اور لَحْمِیات (Proteins)  کے چھوٹے چھوٹے مُرَکَّبات(Compounds)ہوتے ہیں جو کولیسٹرول کو دُرست  جگہ پر لے جاتے ہیں، ان مرکبات کو (Lipo proteins)کہتے ہیں۔ان کی تین قسمیں ہیں:(1)VLDL (2)LDL(3)HDL۔ان میں سے VLDLاورLDLجسم میں موجود کولیسٹرول کو اس کے مختلف حصّوں تک پہنچاتے ہیں جبکہHDLخون میں موجود کولیسٹرول کو کم کرنے  کا کام کرتا ہے۔ان ہی کے ذریعے کولیسٹرول جگر (Liver)  تک پہنچتا ہے اور جگر اس سے صفرا وغیرہ بنانے کا کام کرتا ہے۔اگر خون میں LDL اور VLDL کی مقدار زیادہ ہو گی تو کولیسٹرول کی زیادہ مقدار خون میں شامل ہوگی جس کی وجہ سے شریانیں (Veins) تنگ ہوں گی۔

کولیسٹرول کی وجہ سے ہونے والی بیماریاں: کولیسٹرول کی زیادتی کی وجہ سے مختلف بیماریاں ہوسکتی ہیں جن میں سے دو بڑی بیماریاں یہ ہیں:(1)دل کی بیماری (2)فالج۔

خون ٹیسٹ کروا لیجئے:شیخِ طریقت، امیرِ اہلِ سنّت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ فرماتے ہیں:جن کا وَزْن زیادہ ہے اُن کی خدمت میں مشورۃً عرض ہے کہ کسی لیبارٹری میں جا کر اَمراضِ قلْب سے مُتعلّق خون کے چار ٹیسٹ جن کے مجموعہ کو ”لِپڈ پُروفائل (Lipid Profile)“ کہتے ہیں، وہ کروائیے۔اِس میں کولیسٹرول کا ٹیسٹ بھی شامل ہے، 14گھنٹے خالی پیٹ ہو تو کولیسٹرول کے ٹیسٹ کا نتیجہ زیادہ دُرُست آتا ہے۔([5])

 غِذاؤں سے پرہیز:ہر طرح کی چِکناہٹ، گھی اور کوکنگ آئل سے بنی ہوئی چیزیں، اَنڈہ کی زَردی،نمکو، گائے کا گوشت (Beef)، پِزّا، پراٹھا، تَلی ہوئی غذائیں مَثَلاً انڈہ آملیٹ، کباب، سموسے،پکوڑے،ملائی،مکھّن،آئسکریم([6])،گردے، کلیجی، مغز، سری پائے، بازاری کھانے، مٹھائی، بسکٹ، کیک، برگر، کولڈ ڈرنک، کافی،سگریٹ اور شراب۔ سرخ گوشت (Red Meat) میں کولیسٹرول، چکنائی اور پروٹین کی مقدار زیادہ ہوتی ہے جس کی وجہ سے خون میں چکنائی بڑھ جاتی ہے جبکہ کلیجی، گُردے اور مغز میں کولیسٹرول کی مقدار عام گوشت کے مقابلے میں زیادہ ہوتی ہے۔ چینی کولیسٹرول میں اضافے اور سَر درد کا باعث بنتی ہے۔([7])بھینس کا دودھ بلغم بناتا، کولیسٹرول بڑھاتا اور موٹاپا لاتا ہے([8])چربی کے مقابلے میں تلی ہوئی چیزوں کا استِعمال زیادہ تیزی کے ساتھ خون میں نقصان دِہ کولیسٹرول یعنیLDL بناتاہے۔مُفیدکولیسٹرول یعنیHDL میں کمی آتی ہے۔([9])  جھینگے زیادہ نہ کھائے جائیں کہ ان میں کولیسٹرول کی مقدار زیادہ ہوتی ہے۔([10])

3اہم نِکات:(1)جِسمانی صحت کیلئے سادہ اور تازہ خُوراک اور وَزْن کا تَناسب صحیح رکھنا بَہُت ضَروری ہے کہ اس سے موٹاپا اور غیرضَروری کولیسٹرول کو روکنے میں مدد ملتی ہے۔([11])  (2)ایک تحقیق کے مطابق صرف غذا میں مناسب تبدیلی کر کےدوسےتین ماہ کےاندرتقریباً50سے60ملی گرام کولیسٹرول کم کیا جا سکتا ہے (3)طرزِ زندگی (Life Style)بدل کر، مثبَت سوچ اپنا کرآپ نہ صرف خون میں کولیسٹرول کو بڑھنے سے روک سکتے ہیں بلکہ دوسری بیماریوں سے بھی بچ سکتے ہیں۔

نماز اور کولیسٹرول:دُرُست طریقے سے نَماز کی ادائیگی کولیسٹرول کی مقدار کو نارمل (Normal) رکھنے کا ایک مستقِل اور متوازِن ذریعہ ہے۔([12])

پیدل چلنا: کولیسٹرول کے مریضوں کے لئے بہترین ورزش پون گھنٹہ تک مسلسل پیدل چلنا(Walking) ہے جس میں ابتِدائی15مِنَٹ چال درمیانہ ہو،درمیانی15مِنَٹ قدرے تیز تیز قدم اور آخِری 15مِنَٹ اُسی طر ح پھر درمیانہ۔اس طرح چلنے سے جسم سے ایک زہریلا مادہ خارِج ہوتا رہے گا اور اگر خون میں گندا کولیسٹرول بھی زائد ہوا تو وہ بھی خارِج ہوگا۔([13])  کولیسٹرول کا علاج:حسبِ ضرورت کریلے کاٹ کر بیج سمیت خشک کر لیجئے، پھر پیس کر پوڈر بنالیجئے۔صبح و شام آدھی آدھی چمچی کھانے سے اِنْ شَآءَ اللہ شوگر، بلڈپریشر اور کولیسٹرول نارمل ہوجائے گا(مدتِ علاج: تا حصولِ شفا)۔ ([14])

اللہ پاک کی بارگاہ میں دُعاہے کہ ہم سب کو نقصان دینے والی بیماریوں سے محفوظ فرمائے اور نقصان دہ چیزوں سے پرہیز کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

نوٹ:ہر دوا اپنے طبیب (ڈاکٹریاحکیم)کے مشورے سے استعمال کیجئے۔ اس مضمون کی طبّی تفتیش مجلسِ طبّی علاج (دعوتِ اسلامی) کے ڈاکٹر محمد کامران اسحٰق عطّاری اورحکیم محمد رضوان فردوس عطاری نے  کی ہے۔

_______________________

٭…محمد رفیق عطاری مدنی      

٭…ماہنامہ فیضان مدینہ کراچی



([1] ) (گھریلو علاج، ص16ملتقطاً)

([2] ) (مچھلی کے عجائبات،ص39)

([3] ) (فیضانِ سنت،ج1،ص625)

([4] ) (گھریلو علاج،ص16ماخوذاً)

([5] ) (فیضانِ سنّت،ج 1،ص719)

([6] ) (فیضانِ سنّت،ج1،ص625 ملخصاً)

([7] ) (فرعون کا خواب، ص38ماخوذاً)

([8] ) (دودھ پیتا مدنی منا، ص43  ملتقطاً)

([9] ) (کباب سموسے کے نقصانات، ص4)

([10] ) (مچھلی کے عجائبات، ص44)

([11] ) (فیضانِ سنّت،ج1،ص716)

([12] ) (مدنی انعامات، ص26ملخصاً)

([13] )خودکشی کا علاج، ص71،70 ماخوذاً

([14] ) (بیمار عابد، ص45ملخصاً)


Share

Articles

Comments


Security Code