یاور احمد کی والدہ کے انتقال پر تعزیت

حضرت مولانا ڈاکٹر حافظ سليمان مصباحی سے تعزیت

نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ وَنُسَلِّمُ عَلٰی رَسُوْلِہِ النَّبِیِّ الْکَرِیْم

سگِ مدینہ محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی عُفِیَ عَنْہُ کی جانب سے حضرت مولانا ڈاکٹر حافظ سليمان مصباحی (مہتمم جامعہ انوارُ القرآن خادمیہ سیالکوٹ) کی خدمت میں:

اَلسَّلَامُ عَلَیْکُمْ وَرَحْمَۃُ اللّٰہِ وَبَرَکَاتُہٗ

دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلسِ شوریٰ کے اراکین حاجی محمد شاہد مدنی اور حاجی امین عطاری نے اطلاع دی کہ آپ کے والدِ محترم حاجی بوٹا چشتی نظامی کینسر کے سبب 29 ربیعُ الآخر 1441 سِنِ ہجری کو 70 سال کی عمر میں فتح  گڑھ سیالکوٹ میں دنیائے فانی سے کوچ کر گئے، اِنَّا لِلہِ وَاِنَّآ اِلَیْہِ رٰجِعُوْن۔میں تمام سوگواروں سے تعزیت کرتا ہوں اور صبرو ہمت سے کام لینے کی تلقین کرتا ہوں۔ ىاربَّ المصطفےٰ جَلَّ جَلَالُہ و صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم!حاجی بوٹا چشتی کو غریقِ رحمت فرما، یااللہ! ان کے تمام چھوٹے بڑے گناہ معاف کردے، اے اللہ! ان کے دَرَجات بلند فرما، ان کی قَبْر کو جنّت کا باغ بنا، رَحْمت کے پھول برسا، یااللہ! ان کی قبر نورِ مصطفےٰ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے صَدْقے روشن فرما، مولائے کریم! انہیں بے حساب مغفِرت سے مشرف فرما کر جنّتُ الفِردوس میں اپنے پیارے حبیب صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا پڑوس نصیب فرما، یااللہ! ان کے تمام سوگواروں کو صبرِجمیل اور صبرِ ِجمیل پر اجرِ جزیل مرحمت فرما، مولائے کریم! میرے پاس جو کچھ ٹوٹے پھوٹے اعمال ہیں ان کا اپنے کرم کے شایانِ شان اجر عطا فرما اور یہ سارا اجر و ثواب جنابِ رسالت مآب صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کو عنایت فرما، بَوسیلۂ رَحْمَۃٌ لِّلْعٰلَمِين صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم میرے سارے ٹُوٹے پُھوٹے اعمال کا اجر و ثواب حاجی بوٹا چشتی سمیت ساری اُمّت کو عنایت فرما۔ اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

(دُعا کے بعد امیرِ اہلِ سنّت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے مرحوم کے مزید ایصالِ ثواب کے لئے ایک روایت بیان فرمائی) امام ابنِ ابی الدُّنیا رحمۃ اللہ علیہ امام مجاہد رحمۃ اللہ علیہ کا فرمان نقل کرتے ہیں: فوت شدہ انسان کو قبر میں اپنی اولاد کے نیک کاموں کی خوشخبریاں ملتی ہیں تاکہ اس کی آنکھیں ٹھنڈی ہوں۔(موسوعۃ ابنِ ابی الدنیا،ج 3،ص27، رقم:16)

دعوتِ اسلامی آپ کی اپنی تحریک ہے، اس کے لئے ہمیشہ دُعا فرماتے رہیں، اپنے چاہنے والوں کو بھی دعوتِ اسلامی کے کاموں میں حصّہ لینے کی ترغیب دلاتے رہئے اور جب جب موقع ملے تو اسلامی بھائیوں کی حوصلہ افزائی کے لئے کرم فرماتے رہئے ہفتہ وار اجتماع میں حاضری دیتے رہئے، اللہ آپ کو سلامت باکرامت رکھے، آپ کے اِداروں کو ترقیاں، برکتیں اور عروج نصیب فرمائے، آپ کی آئندہ نسلوں کو بھی علمِ دین کے زیور سے آراستہ کرے اور مسلکِ اہلِ سنّت پر استقامت عنایت فرمائے، اٰمین۔ بے حساب مغفِرت کی دُعا  کا ملتجی ہوں۔

یاور احمد انصاری کی والدہ کے انتقال پر تعزیت

شیخِ طریقت، امیرِ اہلِ سنّت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے ماہنامہ فیضانِ مدینہ کراچی کے ڈیزائنر یاور احمد انصاری کی والدۂ محترمہ کے انتقال پر ان سے اور ان کے بھائیوں خرم اور مسعود سمیت تمام سوگواروں سے تعزیت فرمائی اور مرحومہ کے لئے دعائے مغفرت کرتے ہوئے ایصالِ ثواب بھی کیا۔

شیخِ طریقت، امیرِ اہلِ سنّت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے ان کے علاوہ کئی عاشقانِ رسول کے انتقال پر تعزیت، دعائے مغفرت و ایصالِ ثواب جبکہ کئی بیماروں اور دُکھیاروں کے لئے دُعائے صحت و عافیت فرمائی ہے، تفصیل جاننے کے لئے اس ویب سائٹ ”دعوتِ اسلامی کے شب و روز“ news.dawateislami.net کا وزٹ فرمائیے۔


Share

Articles

Comments


Security Code