محبتوں کی قینچی

اسلامی بہنوں کے لئے

محبتوں کی قینچی

بنتِ محمد یوسف عطاریہ مدنیہ                                          

ماہنامہ رجب المرجب 1441

 

بھائی جان عُمرہ کی ادائیگی کرکے واپس آچکے ہیں ، میں سوچ رہا تھا  کہ آئندہ جمعرات ان کی دعوت رکھ لی جائے ، آپ کا کیا خیال ہے؟ ذیشان نے یہ کہتے ہوئے زوجہ کی طرف دیکھا۔

جیسے آپ کو مناسب لگے ، اُمِّ فَروہ نے بھی شوہر کی ہاں میں ہاں ملا دی۔

جمعرات کو دوپہر سے ہی اُمِّ فَروہ تیاریوں میں مشغول تھیں ایک چولہے پر بِریانی پک رہی تھی تو دوسرے پر مَٹن قورمہ اور اُمِّ فَروہ خود کھیر پر پِستہ بادام سجانے میں مصروف تھیں۔

خلافِ معمول ذیشان بھی آج مغرب کے بعد ہی گھر پہنچ گئے تھے۔

بیگم! کتنی دیر ہے؟ عِشا کی اذان ہوچکی ہے ، ذیشان نے کچن میں جھانکتے ہوئے کہا۔

آپ کے بھائی صاحب ہی لیٹ ہو چکے ہیں ورنہ کھانا تو تیار ہے ، آپ عِشا پڑھ آئیں اُمّید ہے تب تک مہمان بھی پہنچ جائیں گے ، اُمِّ فَروہ نے جواب دیا۔

ذیشان نَماز پڑھ کر لوٹے تو اُمِّ فَروہ موبائل لئے بیٹھی تھیں

اور مہمانوں کی آمد کے کوئی آثار نہ تھے۔

بھائی جان کو فون کرکے پوچھیں کہ کہاں رہ گئے ہیں؟ کسی  کو وقت دے کر اِس طرح لاپروائی بَرَتنا کون سا طریقہ ہے؟ ذیشان کو کمرے میں داخل ہوتے دیکھ کر اُمِّ فَروہ نے شِکوہ کیا۔

اجی محترمہ! غصّہ مت کیجئے ، آپ کی محنت بےکار نہیں جانے دیں گے ، بیگم کے شِکوے پر ذیشان نے اسے تسلی دیتے ہوئے ٹیبل سے موبائل اُٹھالیا۔

اللہ خیر فرمائے! بھائی صاحب کے دونوں نمبرز بند جا رہے ہیں ، ذیشان نے موبائل واپس رکھتے ہوئے کہا۔

آپ کو ہی شوق ہے بڑے بھائی سے مَحَبّت جتانے کا ، انہیں تو ذرا احساس نہیں ہے ، ہفتہ ہو چکا عمرہ سے واپس آئے لیکن کھجوریں اور آبِ زم زم بھیجنے کی توفیق نہیں ہوئی ، اب دعوت پر بھی بُلایا تو وعدہ کرکے غائب ہوگئے ، سُسرال سے بلاوہ آگیا ہوگا یا کسی امیر دوست نے دعوت کر دی ہوگی ، ویسے بھی بھائی صاحب کی ترقّی ہوگئی ہے تو ہم جیسے لوگوں سے ملنا کہاں پسند کریں گے وہ لوگ! اپنی سُنا کر اُمِّ فَروہ تو کمرے سے باہَر چلی گئیں تھیں جبکہ ذیشان انہی سوچوں میں گم ہوگئے کہ چھوٹی سی بات کو محترمہ نے کہاں سے کہاں پہنچا دیا ہے ، تبھی بیل بجنے کی آواز سُنائی دی ، ذیشان نے جاکر دروازہ کھولا تو اُن کی بھابھی برقع میں ملبوس اپنے بچّوں کا ہاتھ تھامے کھڑی تھیں۔

آپ کے بھائی صاحب رکشے والے کے پاس آپ کا انتظار کر رہے ہیں ، اتنا کہہ کر بھابھی اندر چلی گئیں اور ذیشان گلی کے کونے پر کھڑے رکشے کی طرف چل دیئے۔

کہاں رہ گئے تھے آپ لوگ؟ بیل کی آواز سُن کر اُمِّ فَروہ بھی صحن میں آ گئی تھیں ، بھابھی کو اپنے کمرے کی طرف لے جاتے ہوئے پوچھنے لگیں۔

ارے بہن مت پوچھو!! خدا کا شکر ہے کہ جان بچ گئی ، کمرے میں پہنچ کر بھابھی نے بُرقع اُتارتے ہوئے کہا ، راستے میں ایک سُنسان سی سڑک پر دو بائیک والوں نے ہمیں روک لیا تھا اور پستول کی نوک پر بائیک ، ہمارے موبائلز اور پرس سب چھین کر لے گئے ، کافی دیر بعد ایک رکشا ملا تو یہاں پہنچے ہیں ، ابھی ذیشان بھائی کو بھیجا ہے رکشے کا کرایہ دینے کے لئے۔

بھابھی کی وضاحت سُن کر اُمِّ فَروہ کو کل ہی واٹس ایپ میسج میں پڑھی ہوئی حدیثِ مبارَکہ یاد آ گئی کہ حضرت مُحَمَّدِ مصطفےٰ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا : بَدگُمانی سے بچو بے شک بَدگُمانی بَدترین جھوٹ ہے۔ (بخاری ، 3 / 446 ، حدیث : 5143)

اللہ پاک صَبْر عطا فرمائے بھابھی ، آپ کے نقصان کو پورا فرمائے ، آپ آرام سے بیٹھئے میں کھانا گرم کرلوں ، بچّوں کو بھوک بھی لگی ہوگی۔

بھابھی کو کمرے میں بٹھا کر کچن کی طرف جاتے ہوئے اُمِّ فَروہ دل ہی دل میں اپنے پہلے خیالات پر شرمندہ ہو رہی تھی کہ بَدگُمانی گناہ ہونے کے ساتھ ساتھ رِشتوں اور مَحَبَّتوں کی قینچی بھی ہے(یعنی بدگمانی رشتے اورمحبتیں کاٹ دیتی ہے) ، کئی بار ہم کسی کی بات سُن کر یا کسی کے عمل کو دیکھ کر اس كی وضاحت جانے بغیر اس کے متعلق اپنے دل میں طرح طرح کے غلط خیالات پال لیتے ہیں جو آگے چل کر دوستیوں اور رشتہ داریوں کیلئے ہلاک کر دینے والے زہر کا کام کرتے ہیں ، کاش! ہم دوسروں کو بھی اتنی گنجائش دینا سیکھیں جتنی گنجائش ہم اپنے لئے چاہتے ہیں۔

نوٹ :  بدگمانی کے بارے میں مزید تفصیل جاننے کے لئے مکتبۃ المدینہ کے مطبوعہ رسالے  ’’بدگمانی‘‘ کا ضرور مطالعہ کیجئے ۔

 

   2019ءمیں پاکستان بھرمیں  ہونے والے کورسز کی تین اقسام : (1)26دن کا مدنی قاعدہ کورس(غیر رہائشی) (2)12دن کا معلمہ مدنی قاعدہ کورس (رہائشی)(3)6ماہ کا ناظرہ قراٰن کورس (غیر رہائشی )* کورسز کے کل مقامات : تقریبا ایک ہزارآٹھ(1008)*کورسز میں شرکت کرنے والی اسلامی بہنوں کی کل تعداد : تقریباسترہ  ہزاردو سو چالیس (17240) *ان میں سے مدنی قاعدہ میں کامیاب ہونے والی اسلامی بہنوں کی تعداد : پانچ ہزار 5سوپچاس(5550)*ناظرہ قراٰن  میں کامیاب ہونے والیوں کی تعداد : دوسو بیس(220) *کامیاب ہونے والیوں کےمدرسۃ المدینہ بالغات شروع کرنے کی تعداد : تقریبا ایک ہزاراکتالیس (1041)۔ 2020ءکاہدف : 2020ء میں پاکستان بھر میں ہونے والے کورسز کی چاراقسام : (1)26دن کا مدنی قاعدہ کورس (غیر رہائشی)(2)12دن کا معلمہ مدنی قاعدہ کورس (رہائشی) (3)6ماہ کا ناظرہ قراٰن کورس (غیررہائشی) (4)63دن کاتجوید القراٰن کورس (غیر رہائشی)*کورسزکے کل مقامات : تقریبابارہ سو(1200) *کورسز  میں شرکت کرنے والی اسلامی بہنوں کی کل تعداد : تقریباانیس ہزار (19000)*نئے مدرسۃ المدینہ بالغات شروع کرنے کی تعداد : تقریبا دوہزار(2000)۔


Share