Faizan e Sadr ush Shariah

Book Name:Faizan e Sadr ush Shariah

12 مَدَنی کاموں میں حصہ لیجئے!

میٹھے میٹھے اسلامی  بھائیو! ہمیں بھی  نیکی کے کاموں میں حصّہ لینے،نیکیاں کرنے گُناہوں سے بچنے،دوسروں کو بچانے اورنیکی کی دعوت عام کرنے کےلیے ذیلی حلقے کے  12 مَدَنی  کاموں میں بڑھ چڑھ کر حِصّہ لینا چاہیے ۔ذیلی حلقے کے12 مَدَنی کاموں میں سے ایک مَدَنی کام ہفتہ وار”مدنی مُذاکَرہ“ بھی ہے۔ لوگوں میں عِلْم و حکمت کے مدنی پُھول لٹانا ، ان کی تربیت کرنااور علمِ دین سکھا نا بُزرگانِ دین رَحِمَہُمُ اللہُ الْمُبِیْن کا معمول رہاہے ۔ بُزرگانِ دین کی ایک تعداد ہے جو علمِ دین کی شمعیں جَلانے اور لوگوں کو ہدایت کا سامان فراہم کرنے کیلئےوقتاً فوقتاً مختلف انداز سے علمِ دین سکھانے کی ترکیب کرتے ہیں،عُلمائے دِین اور اَولیائے کاملین کی صُحبت کا فَیْض ،ان کے بیان کی چاشنی اور ان کے کردار کی دِلکشی ہزاروں آدمیوں کے لیے راہِ ہدایت کاذریعہ بنتی ہے۔اسی وجہ سے حضرت سَیِّدُناحکیم لقمانرَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ نے اپنے صاحبزادے کو وَصیَّت کرتے ہوئے ارشادفرمایا : اے میرے بیٹے جب تم کسی ایسے گروہ کو دیکھو کہ وہ اللہ عَزَّ  وَجَلَّ کا ذِکْر کرتے ہیں تو اِنہی کی صُحْبت اِخْتیار کرو،اس لیے کہ اگر تم عالِم بھی ہوئے تو تمہیں تمہارا علم مزید فائدہ دے گااور اگر تم جاہل ہوئے تو وہ تمہیں علمِ دین سکھا دیں گےاور جب اللہ عَزَّ  وَجَلَّ کی رحمتوں کی برسات ان پر برسے گی تو تمہیں بھی ان کی صُحْبت میں ہونے کی وجہ سے اس سے حصّہ ملے گا اور ایسی مجلس میں نہ بیٹھنا جہاں اللہ عَزَّ  وَجَلَّ کا ذِکْر نہ ہو، اس لیے اگر تم عالِم  بھی ہوئے تو تمہیں تمہارا علم فائدہ نہیں دے گااور اگر تم جاہل ہوئے تو ان کی صُحْبت تمہاری جہالت اور گمراہی کو مزید بڑھادے گی۔اگران پرغَضبِ الٰہی ہوا تو ان کی مَعیَّت(یعنی ان کے ساتھ رہنے)  کی وجہ سے تُوبھی پھنس جائے گا۔(روح البیان :۱/۲۵۷)ایک اور مقام پر اپنے بیٹے کو وَصِیَّت کرتے ہوئے اِرْشاد فرمایا: عُلما کی مجلس کو لازِم پکڑ اور حکماءکا کلام غور سے سُنا کرو ! کیونکہ اللہ عَزَّ  وَجَلَّ مُردہ دل کو حکمت کے نُورسے  ایسےہی زِنْدہ فرما دیتا ہےجیسےکہ زمین کو بارش کے قطروں سے زِندہ فرماتا ہے۔ (السراج المنیر :۳/۱۸۵)