Book Name:Tazkirah e Sayyidi Qutb e Madina Ma Zulhijjah Kay Fazail

عشرۂ ذوالحجہ کے فضائل:

        میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو!ماہِ ذُوالحِجَّۃِ الْحَرام کی بھی کیا ہی بات ہے، خاص طور پر اس کے ابتدائی عشرہ کی عظمت و رِفعت کے کیا کہنے!احادیثِ طَیِّبَہ میں ان دنوں کے ایک روزے کو سال بھر کے روزوں کے برابر اور ایک شب کے قیام کو شبِ قدر کے قیام کے برابر بتایا گیا ہے، چنانچہ

      فرمانِ مُصطَفٰے صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم: اللہ عَزَّ  وَجَلَّ کو عَشَرَہ ذُوالْحجَّہ سے زيادہ کسی دن میں اپنی عِبادت کیا جانا پسندیدہ نہیں اِس کے ہردن کا روزہ ایک سال کے روزوں اور ہرشب کاقِیام شبِ قَدْر کے برابر ہے۔ (جامع ترمذی ج۲ص۱۹۲حدیث۷۵۸)

        میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو!اندازہ لگائیے کہ پہلے عشرۂ ذوالحجہ کی کیسی برکتیں ہیں، فیضانِ سنت   جلد اوّلمیں لکھا ہے: بعض احادیثِ مُبارَکہ کے مطابِق ذُوالحِجَّۃِ الْحَرام کا پہلا عَشَرہ (یعنی اِبتِدائی 10 دن) رَمَضانُ الْمُبارَک کے بعد سب دِنوں سے افضل ہیں۔ (فیضانِ سنت، ص:۱۴۰۳)بلکہ دن تو رَمَضان سے بھی افضل ہیں جبکہ راتیں رَمَضان کی افضل ہیں۔ ہمیں چاہیے کہ ان دنوں کو فضولیات میں ضائع کرنے کے بجائے اللہ عَزَّ  وَجَلَّ کی عبادت میں ہی بسر کریں، دن روزے سےاور شب عِبادَت میں گزاریں ۔

        اَلْحَمْدُ لِلّٰہ عَزَّ  وَجَلَّاس مہینے کے اِبتِدائی عشرے میں روزانہ نمازِ عِشا کے بعد مَدَنی مُذاکَرہ بھی مَدَنی چینل پر براہِ راست (Live) نشر کیا جاتا ہے، جس میں شیخِ طریقت،اَمِیرِ اہلسنّت،بانیِ دعوتِ اسلامی حضرت ِ علّامہ مَولانا ابو بلا ل محمد الیاس عطّار قادِری  رَضَوِی ضِیائی دَامَتْ بَـرَکاتُہُمُ الْعَالِیَہ  علمِ و حِکمت کے مَدَنی پھول لٹاتے ہوئے عاشقانِ رسول کےسُوالات کے جوابات عَطا فرماتے ہیں،OBوین کے ذریعے مختلف شہروں کے عاشقانِ رسول بھی ان مدنی مذاکروں میں شرکت کی سعادت حاصل کرتے ہیں، مَدَنی مذاکرے میں شرکت ہمیں بہت سے گناہوں سے بچا کر کئی نیکیوں کا حق دار بنا سکتی ہے۔